Monday, May 20, 2024
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

ایران اور چین کے درمیان۔۔25 سالہ تعاون کا اسٹرٹیجک معاہدہ

ایران اور چین نے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لئے 25 سالہ معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق 27 مارچ 2021ء کو دونوں ممالک کے درمیان طے کردہ معاہدے کو تزویراتی شراکت داری کا نام دیا گیا۔ اس معاہدے میں تیل کی ترسیل، کان کنی اور صنعتی ترقی کے امور کو شامل کیا گیا ہے، تاکہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے بحران میں گھری ایرنی معیشت کو سہارا دیا جاسکے۔ معاہدے کے تحت تہران اور بیجنگ کے درمیان اس عرصے میں ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے میں بھی قریبی تعاون کیا جا سکے گا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف اور ان کے چینی ہم منصب وانگ یی نے تہران میں ایک تقریب کے دوران اس معاہدے پر دستخط کیے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چین کے ساتھ کیا جانے والا یہ معاہدہ ایران کے لئے کسی بڑی عالمی طاقت کے ساتھ کیا گیا پہلا طویل المدت سمجھوتا ہے۔ اس سے قبل 2001ء میں ایران نے روس کے ساتھ بھی جوہری توانائی کے شعبے میں تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے، تاہم اس معاہدے کی مدت صرف 10 سال تھی۔ ایران کے دورے کے دوران وانگ یی نے ایرانی صدر حسن روحانی اور ہم منصب جواد ظریف کے ساتھ معاہدے کے نگران ایرانی مندوب علی لاریجانی سے ملاقاتیں کیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے اپنے بیان میں معاہدے کو دور رس اور جامع معاہدہ قرار دیا۔ اس معاہدے کے لئے مذاکرات 2016ء سے جاری تھے، جس کے تحت بیجنگ اور تہران آپس میں سیاحتی اور ثقافتی تبادلے بھی کرسکیں گے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چین اور ایران کے درمیان تعلقات کے حوالے سے بہت گرم جوشی پائی جاتی ہے۔ 2019ء میں دونوں ممالک نے روس کے ساتھ مل کر شمالی بحر ہند میں کی جانے والی مشترکہ بحری مشقوں میں بھی حصہ لیا تھا۔

مطلقہ خبریں