Monday, May 20, 2024
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

پاکستان ذمہ دار جوہری ملک

پاکستان نے 21 فروری 2018ء کو عالمی جوہری توانائی کمیشن (آئی اےای اے) کے نئے رہنما اصولوں کو قبول کرلیا ہے اور اس پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی جوہری توانائی کمیشن دُنیا بھر میں جوہری سرگرمیوں پر نظر رکھنے والا ادارہ ہے، وہ دُنیا کے ایٹمی ممالک سے رابطے میں رہتا ہے اور کہیں کوئی خطرہ یا کسی قسم کا نیا اندیشہ یا خدشہ کو محسوس کرتا ہے تو اس کے لئے وہ رہنما اصول پیش کرتا ہے، پاکستان نے اُس کے بنائے ہوئے سارے رہنما اصولوں کو صدقِ دل سے قبول کیا ہوا ہے، اب اس نے حرارتی شعاعوں کا مواخذ کی حفاظت اور تحفظ کے لئے جو اصول بنائے اُس کو جب پاکستان نے قبول کیا تو اس نے باقاعدہ ایک اعلامیہ کے ذریعے دنیا بھر کے ایٹمی طاقتوں کو اطلاع دیدی ہے کہ پاکستان اُن کی نئی وضع کردہ قواعد و ضوابط کو قبول کرنے پر رضامند ہوگیا ہے کہ اگر وہ ایٹمی مواد یا حرارتی شعاعی مواد دُنیا کے کسی ملک کو فراہم کرے گا تو وہ اُن تحفظات کو ملحوظِ خاطر رکھے گا جو عالمی جوہری توانائی کمیشن نے حال ہی میں وضع کئے ہیں، اگرچہ قانوناً کوئی ملک ایسے قواعد و ضوابط کو قبول کرنے پر مجبور نہیں کرتا ہے تاہم اس کے قبول کرنے سے یہ تاثر جاتا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ملک ہے اور یہ کہ ہر وقت عالمی جوہری توانائی کمیشن سے رابطے میں رہتا ہے اور اس کے وضع کردہ اصولوں کو لاگو کر دیتا ہے جس سے وہ تاثر زائل ہوجاتا ہے کہ پاکستان کسی طور پر بھی جوہری پھیلاؤ یا جوہری مواد کے متعلق کسی قانون سے صرفِ نظر کرکے کوئی اور کام کررہا ہے جس کی وجہ سے عالمی جوہری توانائی کمیشن اور پاکستان کے درمیان تعاون مثالی بن کر رہ گیا ہے۔ پاکستان کے تمام ایٹمی ری ایکٹر یا تعامل کار اس ادارہ کے معائنہ کے لئے ہمہ وقت دستیاب ہیں، اُن کے ایٹمی بجلی گھروں میں باقاعدہ کیمرے لگے ہوئے ہیں جو یورینیم بجلی گھروں میں استعمال ہوتا ہے اور اُس کا فضلہ جو نکل کر آتا ہے وہ پلوٹونیم اور دیگر خطرناک کاموں کے لئے استعمال ہوسکتا ہے وہاں پر عالمی جوہری توانائی کمیشن کے کیمرے لگے ہوئے ہیں اور تابکاری کے اثرات وہاں بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ کینپ جو پاکستان کا پہلا سرکس قسم کا ایٹمی ری ایکٹر ہے اور جو کینیڈا نے پاکستان کو فراہم کیا تھا اور 1998ء کے بعد اس نے پاکستان کو یورینیم کی فراہمی سے لے کر ہر قسم کا تعاون ختم کردیا تھا تو پاکستان نے کچھ روز بند رکھنے کے بعد نہ صرف اُس کو چلایا بلکہ اس کے پرانے پرزہ جات کو بھی پاکستان میں ڈیزائن کیا۔ پچھلے سال جب ہم اس کے دورے پر گئے تھے تو وہاں ہم کو ایک خاص لباس پہنایا گیا تھا اور ایسے دروازے سے گزارا گیا تھا کہ ہمارے اندر کتنی حرارتی شعاع یا تابکاری کے اثرات ہیں اور جب اُس کو دیکھ کر واپس آئے تو پھر اسی خصوصی گیٹ سے گزارا گیا، یہ اطمینان ہوا کہ تابکاری کے اثرات نہیں ہیں تو ہمیں باہر نکلنے دیا گیا ورنہ وہاں اس وقت تک کے لئے روک لئے جاتے جب تک وہ تابکاری کے اثرات ختم نہ ہوجاتے، کیونکہ کینپ کینیڈا کی پابندی کے بعد خود بنایا تھا اور مئی 1998ء کے بعد عالمی پابندیاں لگ جانے کے بعد ہم عالمی جوہری توانائی کمیشن سے تعاون ختم کرنے کے مجاز تھے تاہم بطور اچھے اور ذمہ دار جوہری ملک کے ہم نے ایسا نہیں کیا جس کو آج بھی یہ ادارہ سراہتا ہے۔ اس طرح پاکستان نے اب بھی بلاتامل کے اس کمیشن کے نئے قوانین و ضوابط کو من و عن قبول کرلیا جو ہماری تعریفی اسناد میں اضافہ کرنے کا باعث بنے اور ہماری نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی ممبر شپ کے حصول میں بھی ممدومعاون ثابت ہوگا۔ پاکستانی وزارتِ خارجہ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کمیشن کے نئے قوانین و ضوابط کو ماننا پاکستان کے جوہری عدم پھیلاؤ کے عزم کو تقویت پہنچاتا ہے اور جوہری تحفظ کے حوالے سے پاکستان کا تعاون 2005ء سے جاری ہے اور پاکستان نے جب سے لے کر آج تک اس کمیشن کی ہر سفارش کو خوشی کے ساتھ قبول کیا ہے۔ یہ تعلقات دیرینہ ہیں اور ہمارے کئی بڑے سائنسدان اس کمیشن کے اہم عہدوں پر فائز رہے، ڈاکٹر انصر پرویز بھی اُن لوگوں میں شامل ہیں جو اس ادارے کے عہدیدار بنے۔ ویسے بھی پاکستان نے 1998ء کے بعد جو رویہ اختیار کیا اِس کے ذمہ دار جوہری ملک ہونے کا تاثر اجاگر ہوتا ہے۔ پاکستان نے ایٹمی عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے مقاصد کے حصول میں اپنے آپ کو پابند کر رکھا ہے، اسی لئے اُن کے عالمی امن کے معاملے میں کسی قسم کی پیش قدمی، انتظامات میں شامل ہوتا ہے اور اپنا حصہ ڈالتا ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں اور اُن کے استعمال کرنے والے آلات، جوہری تحفظ اور سلامتی کے سدباب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے۔ پاکستان نے یہ عہد بھی کیا ہوا ہے کہ وہ کسی بھی ملک کو ایٹمی ہتھیار فراہم نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی کی مدد کرے گا کہ وہ ایٹمی اسلحہ بنا لے جوکہ ایٹمی عدم پھیلاؤ معاہدوں کی روح اور اُس کی شق نمبر 1 کے عین مطابق ہے۔ پھر پاکستان وہ ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدہ کی شق نمبر 2 کے مطابق پاکستانی پالیسی اور رہنما اصول اسٹرٹیجک ایکسپورٹ کرنے کے بارے میں تمام مطلقہ مواد جس ملک کو فراہم کئے جارہے ہوں اُن کو اس معاہدہ کے رہنما اصولوں کے عین مطابق فراہم کرنے کا پابند ہے۔ اس سلسلے میں اس معاہدے کے تمام مربوط تحفظات کا خیال رکھتا ہے جو کسی بھی ایٹمی عدم پھیلاؤ کے دستخط کنندہ ملک پر لازم ہیں۔ جس کے یہ معنی ہوئے کہ پاکستان ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کنندہ ممالک کی طرح معاہدہ پر عمل درآمد کرتا ہے، اس طرح اُس کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی ممبر شپ کے حصول میں سیاسی رکاوٹوں کے علاوہ کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہ جاتی۔ پاکستان مستقل طور پر ایٹم بم سے پاک دنیا کے مقصد کے حصول میں دوسرے ملکوں کی طرح کوشاں نظر آتا ہے، جو تخفیف ِاسلحہ کے حوالے سے ہیں۔ اس طرح پاکستان کو نظرانداز کرنا کسی کے بھی بس میں نہیں ہے سوائے اس کے وہ صرف امتیازی اور تعصب کو بروئے کار لانے کا ارادہ رکھتا ہو۔ اب 21 فروری 2018ء کے عالمی جوہری توانائی کمیشن (آئی اےای اے) کا اعلامیہ اس بات کا بین ثبوت ہے کیونکہ اس سے درآمد اور برآمد کرنے والے دونوں ممالک کو مدد ملتی ہے کہ ایسے مواد جس کے پھیلنے سے انسانوں کو نقصان پہنچے اس سے بچا جائے۔ اس لئےآئی اےای اے یعنی عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے ایٹمی مواد یا حرارتی شعاعوں کو تابکاری کے پھیلاؤ کا سبب بننے میں اُن کی منتقلی کے لئے اضافی اقدامات تجویز کئے ہیں۔ پاکستان کیونکہ ایک محفوظ، تحفظاتی اور پُرامن جوہری پروگرام کا حامل ملک ہے اس کا مظاہرہ دو عشروں سے انتہائی کامیابی سے کیا ہے، اسی لئے دنیا کا ہر انصاف پسند شخص، ملک یا ماہر پاکستان کو سراہے بغیر نہیں رہ سکتا، جیسا کہ کراچی میں ہونے والے ایک عالمی جوہری توانائی کمیشن سے تعلق رکھنے والی خاتون انیتا نیلسن نے درست فرمایا کہ پاکستان اس معاملے میں انتہائی خوش قسمت ہے کہ اُن کے کسی ایٹمی بجلی گھر میں کوئی حادثہ رونما نہیں ہوا۔ اس نے ریڈیائی شعاعوں اور تابکاری کو محفوظ رکھنے میں شاندار کامیابی حاصل کی، اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جو تحفظاتی نظام اور ہیکل اساسی عمارتیں تعمیر کر رکھی ہیں وہ اُن کو مانیٹر کرتی رہتی ہیں اس لئے پاکستانیوں کی اس سلسلے میں مہارت کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتی۔ پاکستان ہیکل اساسی بنانے میں لیڈر کا کردار ادا کرتا نظر آتا ہے۔ یہ تعریفی کلمات ایک غیرملکی ماہر خاتون سے ادا ہونا اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پاکستان کا جوہری پروگرام محفوظ ہے بلکہ وہ ایک ذمہ دار جوہری طاقت بھی ہے۔

مطلقہ خبریں