Monday, May 20, 2024
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

سبزیاں، غذائیت اور بیماریوں سے تحفظ کا بہترین ذریعہ

موسمی سبزیوں مفید غذائی اجزاء، وٹامنز، معدنیات اور فائبر سے بھرپور ہیں
ڈاکٹر آصف محمود جاہ
سبزیاں اللہ کی خاص نعمتوں میں سے ہیں۔ پاکستان میں ہر طرح کی موسمی سبزیاں دستیاب ہیں۔ سبزیوں میں تمام غذائی اجزا، وٹامنز، معدنیات اور خاص طور پر فائبر (ریشہ) وغیرہ موجود ہوتے ہیں۔ سبزیاں کھانے سے آدمی تندرست و توانا رہتا ہے۔ بیماری کے دوران ان کے استعمال کی خاص تاکید کی جاتی ہے۔ اچھی صحت کے لئے تازہ اور سبز پتوں والی سبزیوں کی افادیت مسلمہ ہے۔ کھانے میں سلاد ہو تو کھانے کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔ سبزیاں کچی اور پکا کر کھانے کے بے شمار فائدے ہیں۔ سبزیوں میں تمام غذائی اجزا اور وٹامنز موجود ہوتے ہیں۔ صحت مند اور تروتازہ رہنے کے لئے تازہ سبزیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ ذیل میں چند مشہور سبزیوں کے خواص، فوائد اور مختلف بیماریوں کے دوران افادیت کے بارے میں ضروری معلومات دی جا رہی ہیں۔
پالک: اس میں فولاد اور نمکیات زیادہ ہوتے ہیں۔ پالک سے جگر کو تقویت ملتی ہے۔ یہ خون کو صاف کرتی ہے۔ فالج میں فائدہ مند ہے اور خون کی شریانوں کی سختی دور کرتی ہے۔ بلڈ پریشر کم کرتی ہے۔ مٹی، کوئلہ کھانے سے بچوں کا رنگ پیلا پڑ جاتا ہے اور پیٹ پھول جاتا ہے، ایسے بچوں کو پالک، میتھی اور شلجم کثرت سے کھلائیں۔ یرقان میں پتوں کا سوپ نمک ملا کر پلائیں۔ پالک پیس کر بالوں کی جڑوں میں لگا کر گھنٹہ بعد سر دھونے سے بال گرنا بند ہوجاتے ہیں جبکہ دانتوں مسوڑھوں کے لئے مفید ہے۔
مولی: مولی میں وٹامن اے، بی، سی، ای ہوتے ہیں۔ گرتے بالوں کو روکنے کے لئے مولی کا باقاعدہ استعمال کریں۔ گنج پر مولی کا پانی ملیں۔ یہ کمزوری معدہ، بواسیر، پتھری کے لئے بھی مفید ہے۔ خوراک فوراً ہضم کرتی ہے۔ یرقان میں پتوں کا پانی نکال کر گرم کرکے گڑ یا شکر ملا کر بار بار پلائیں، مولی کی بھجیا بنا کر کھلائیں۔ تلی بڑھی ہو تو مولی اور سرکہ کھانا بہت مفید ہے۔ پرانے نزلے میں مولی کا پانی اور رس لیموں ملا کر پلائیں، گلے کے درد میں مولی کے ساتھ لہسن کا استعمال کریں۔ شراب، ہیروئین اور دوسری نشہ آور ادویات سے نجات حاصل کرنے کے لئے مولی کے سبز پتے پانی میں پیس کر دو چمچ شہد ڈال کر ایک ماہ تک صبح نہار منہ ایک کپ اور سوتے وقت ایک کپ پلائیں۔ انشااللہ نشہ آور ادویات سے نجات ملے گی۔ ورم حلق اور خناق میں مولی کے پانی میں لیموں کا رس ملا کر پلائیں، مولی کے بیج پیس کر گرم پانی کے ساتھ کھانے سے آواز کھل جاتی ہے۔ پرانی کھانسی میں نمک مولی 25 گرام، دو چمچ شہد ملا کر کھائیں، نمک مولی میں شہد ملا کر چٹائیں تو دمہ کا دورہ ختم ہوجاتا ہے۔ بواسیر کے لئے روزانہ دو مولیوں پر چینی لگا کر کھائیں یا مولی کے پتے چینی ملا کر روزانہ کھائیں۔ 40 دن تک یا رات کو مولی کاٹ کر نمک لگا کر شبنم میں رکھ کر صبح کھا لیں۔ پیٹ کے کیڑے مولی یا اس کے پتے کھانے سے دور ہوجاتے ہیں۔ ماہواری کا درد دور کرنے کے لئے 25 گرام مولی کے بیج، چار چمچ شہد میں ڈال کر اُبال لیں اور دن میں تین چار بار پلائیں۔ انشااللہ درد دور ہوگا۔
گاجر: گاجر وٹامن کا خزانہ ہے، اسے کچا کھائیں یا پکا کر کھائیں نظر تیز ہوگی، جگر کے افعال درست ہوں گے، روزانہ ایک گلاس جوس پئیں، نظر تیز اور چہرہ شاداب ہوگا۔ گاجر کا مربہ مقوی دل اور بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے۔ دماغ کو تقویت دینے کے لئے صبح بادام کھا کر گاجر کا جوس اور دودھ پئیں، اس کا بیج بھی مقوی اعصاب ہے۔ گاجر کا جوس پینے سے درد شقیقہ دور ہوتا ہے۔ گاجر کا رس، مربہ، حلوہ، گجریلہ اور اچار شربت سب فائدہ مند ہیں، کسی کو نیند میں چلنے کا مسئلہ ہو تو رات کو آدھ سیر گاجریں بھگو دیں، صبح رس نکال کر نہار منہ ایک گلاس اور رات سوتے وقت ایک گلاس پلائیں۔
کریلا: کریلا اگرچہ تھوڑا سا کڑوا ہوتا ہے مگر کریلے کھانے سے شوگر کی مقدار کم ہوتی ہے۔ پیٹ کے کیڑے مر جاتے ہیں اور جگر کے افعال درست ہوتے ہیں۔
چقندر: گنے کی طرح چقندر سے بھی چینی تیار ہوتی ہے۔ بلغم اور کینسر کے مریض روزانہ ایک سیر کھائیں۔ پتوں کو جوش دے کر سر دھونے سے خشکی دور ہوتی ہے اور سر کی جوئیں مر جاتی ہیں۔ گردے کی پتھری کے لئے چقندر کو پانی میں اتنا ابالیں کہ پانی گاڑھا ہوجائے۔ روزانہ ایک کپ دن میں تین چار بار پئیں، گردہ کی پتھریاں ریزہ ریزہ ہو کر خارج ہوجائیں گی۔
کچنار: کچنار ایک لذیذ سبزی ہے، اس کی چھال کا جوشاندہ خون صاف کرتا ہے، ملیریا میں بھی یہ جوشاندہ مفید ہے۔ کچنار کھانے سے پھوڑے پھنسیاں ختم ہوتی ہیں۔ دستوں کے لئے اکسیر ہے۔ اسے کھانے سے بواسیر ختم ہوجاتی ہے۔ کچنار کی چھال کے جوشاندے میں سونٹھ ملا کر پینے سے پھوڑے ختم اور سفید داغ دور ہوجاتے ہیں۔
شلجم: شلجم گوشت ایک مرغوب ڈش ہے، شلجم میں کیلشیم، فاسفورس، پروٹین، فولاد، وٹامن C کی کافی مقدار ہوتی ہے جس کی وجہ سے اسے کھانے سے اعصاب کو تقویت ملتی ہے۔ نظر تیز ہوتی ہے اور قوتِ مدافعت بڑھتی ہے۔ اس کے پتوں میں کیلشیم زیادہ ہوتا ہے، اس لئے ہڈیوں، دانتوں، پٹھوں کے لئے مفید ہے۔ بچوں کو اس کے پتوں کا رس پلانا مفید ہے۔
آلو: آلو کو بجاطور پر سبزیوں کا بادشاہ کہا جا سکتا ہے۔ کھانے کی کوئی ڈش اس کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔ آلو معدنیات اور نشاستہ کا خزانہ ہے۔ اس میں کیلشیم، پوٹاشیم، فاسفورس اور فولاد کی کافی مقدار کے علاوہ سوڈیم، میگنیشیم، گندھک، کلورین، آیوڈین، تانبا وغیرہ بھی پائے جاتے ہیں۔ جلے ہوئے پر آلو کا رس لگائیں تو جلن دور ہوگی۔ گردوں کے درد اور پتھری میں آلو کی چاٹ میں روغن زیتون ڈال کر کھائیں۔ جوڑوں کے درد اور دوسرے دردوں میں آگ پر بھنا ہوا آلو ایک عدد، ٹماٹر ایک عدد تھوڑا سا ادرک، ایک لیموں اور ایک چمچ سرکہ ڈال کر نمک مرچ ملا کر کھائیں جلد آرام آئے گا۔ آلو کے ساتھ چقندر، گاجر یا کریلے دونوں ہم وزن گوشت میں یا بغیر گوشت پکا کر کھائیں تو معدہ میں جلن ختم، پیٹ کا درد اور سر درد دور ہوگا۔ بھاپ یا تنور میں بھنے آلوؤں میں مکھن، کریم ملا کر بچوں کو کھلانے سے ان کی نشوونما بڑھتی ہے اور وزن زیادہ ہوتا ہے۔
اروی: اس میں نشاستہ، روغنی اجزا، وٹامن اے، بی زیادہ ہوتے ہیں۔ اروی کے پتے کا پانی بہتے خون کی جگہ پر ڈالیں یا کپڑا بھگو کر رکھ دیں، خون بہنا بند ہوجائے گا۔ منہ میں چھالے ہوں تو اروی کے چھلکے کا سفوف شہد میں ملا کر لگائیں افاقہ ہوگا۔ گرتے بالوں کے لئے ایک چھٹانک اروی ایک پاؤ پانی میں اچھی طرح مکس کرکے دہی ملا کر سر پر لیپ کریں اور چار گھنٹے بعد سر دھو لیں۔ دودھ پلانے والی مائیں اروی کھائیں تو ان کا دودھ بڑھ جاتا ہے۔
بینگن: اس کا رائتہ بنا کر کھانا مفید ہے۔ بینگن جلا کر راکھ بنا لیں شہد میں ملا کر بواسیر کے مسے پر لگائیں، ٹھیک ہوجائیں گے، اس میں پروٹین، کیلشیم، فاسفورس اور فولاد موجود ہوتے ہیں۔ رمضان المبارک کے مہینے میں افطاری کے وقت بینگن کے پکوڑے بہت مزا دیتے ہیں۔
بند گوبھی:تحقیقات سے بات ثابت ہوچکی ہے کہ بند گوبھی میں موجود کچھ اجزا ایسے ہیں جو کینسر کی بیماری کو دور کرنے میں ممد ثابت ہوتے ہیں۔ ذیابیطس میں بھی اس کا کھانا مفید ہے۔ معدے کے السر میں اس کا جوس نکال کر ایک گلاس روزانہ نہار منہ پینے سے السر ٹھیک ہوجاتا ہے۔ کینسر کے مریضوں کو بند گوبھی کا روزانہ استعمال کرنا چاہئے۔
ٹماٹر: لال لال موٹے ٹماٹر بڑے خوش نما لگتے ہیں۔ ٹماٹر میں وٹامن اے، بی، سی کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ معدنی نمکیات اور پروٹین اور نشاستہ بھی ہوتا ہے۔ ٹماٹر کھانے سے قوتِ مدافعت بڑھتی ہے۔ کینسر میں 1½ سے 2 کلو ٹماٹر ہفتہ میں ایک بار ضرور کھلائیں۔ ٹماٹر کا رس پینے سے موٹاپا اور یرقان دور ہوجاتے ہیں۔ اس کا جوس پینے سے بچے کی صحت اچھی ہوتی ہے اور دودھ پلانے والی ماؤں کا دودھ زیادہ ہوجاتا ہے۔
مٹر: یہ خون کی کمی دور کرتے ہیں، پٹھوں اور اعصاب کو تقویت دیتے ہیں۔ مٹر میں پروٹین، نشاستہ، وٹامنز، سلفر اور فاسفورس بھی پائے جاتے ہیں۔
بھنڈی: اس کی خاصیت سرد ہوتی ہے۔ گرمی میں خاص طور پر کھانی چاہیے۔ پیشاب کی جلن دور کرنے کے لئے 100 گرام بھنڈی 2 گلاس پانی میں ابال کر جوشاندہ بنا کر چینی ڈال کر لیں۔ دو تین دفعہ لینے سے افاقہ ہوگا۔ خونی پیچش میں اس کا استعمال مفید ہے۔ اس میں پروٹین، چربی، نشاستہ اور معدنیات ہوتے ہیں۔ آنتوں کی خراش دور کرتی ہے۔
گھیا توری:یہ گرمی دور کرتی ہے۔ بخار میں مفید ہے۔ بادی اور بلغم کے مریض سیاہ زیرہ ڈال کر کھائیں، یہ وٹامن سی اور گلوکوز کا مرکب ہے۔ خون کی کمی دور کرتی ہے۔ قبض کشا ہے، پیشاب آور ہے، بخار میں توری کا شوربہ منہ کا مزہ ٹھیک کردیتا ہے۔
پھلی لوبیا:اس میں نشاستہ، پروٹین، فولاد اور وٹامنز موجود ہوتے ہیں۔ اس کی نرم پھلیاں کاٹ کر گوشت میں پکائی جاتی ہیں۔ جن عورتوں /لڑکیوں کو ماہواری نہ آتی ہو وہ اس کا باقاعدہ استعمال کریں۔ اس کے دانے پیس کر تھوڑا سا شہد اور بیسن ملا کر انہیں چہرے پر لیپ کریں۔ رنگ نکھر آئے گا۔ اس کا شوربہ درد گردہ میں بار بار پلائیں۔ پھلی لوبیا کھانے سے مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں۔
میتھی کا ساگ:میتھی کا فارمولا دودھ کے نزدیک ترین ہے، اس لئے دودھ کی کمی اس سے پوری کی جا سکتی ہے۔ اس کا اثر مچھلی کے تیل کی طرح ہے۔ کھانسی، زکام، سینہ کی بیماریوں اور رعشہ، لقوہ اور فالج کے مریضوں کے لیے مفید ہے۔ میتھی کے بیج کھانے سے شوگر میں بھی فائدہ ہوتا ہے۔ بیج پیس کر پانی میں مرہم بنا کر سر پر لگائیں بال گرنا بند ہوجائیں گے۔ بڑھی ہوئی تلی اور کمزور اعصاب میں میتھی دانہ کھلائیں۔ الرجی میں رات کو ایک چمچہ بھگو کر صبح پانی پئیں۔ نزلہ و زکام میں 20 گرام میتھی دانہ ایک کپ پانی میں جوش دے کر پی لیں۔ بال سیاہ کرتی ہے۔ دودھ پلانے والی مائیں 25 گرام میتھرے 25 گرام سفید زیرہ کوٹ کر چینی ملا کر لیں۔ دودھ زیادہ ہوگا، اگر دودھ بہت ہو تو میتھی کے پتے پیس کر سینے پر لیپ کریں۔ دودھ خشک ہو جائے گا۔

مطلقہ خبریں