پاک ایران تعلقات میں مزید پیشرفت
سرحد پر لائزون افسران کا تقرر
ایران کے صدر ابرہیم رئیسی کے بعد پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مزید پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایران نے دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج کے خلاف ہاتھ ملا لئے، پاک ایران باہمی سیکیورٹی معاہدے پر کام جاری ہے اور لائزون افسران کے تقرر پر عملدرآمد شروع کردیا گیا۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ تعاون بہتر بنایا جارہا ہے، دونوں ملکوں نے سرحد پر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں شروع کردی ہیں۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے پاک ایران سرحد پر انسداد دہشت گردی کے لئے اپنے لائزون افسران کا تقرر کردیا، رواں ماہ پاکستان اور ایران کے لائزون افسران اپنا اپنا چارج سنبھالیں گے، پاکستانی لائزون افسر پاک فوج، ایرانی لائزون افسر پاسدارانِ انقلاب سے تعلق رکھتے ہیں، دونوں افسران اپنی اپنی فوج میں کرنل رینک کے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کے لائزون افسر زاہدان ایران میں تعینات ہوں گے، ایرانی آئی آر جی سی کے لائزون افسر تربت بلوچستان میں تعینات ہوں گے، افسران کے تقرر کا فیصلہ ایرانی وزیرخارجہ کے 29 جنوری کے دورۂ پاکستان میں کیا گیا تھا۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف تعاون کے فروغ کے لئے دونوں ممالک سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کریں گے اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کام کررہی ہیں، معاہدے میں انسداد دہشت گردی پر انٹیلی جنس تبادلہ اور باہمی معاونت بھی شامل ہوگا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کا ایک دوسرے ممالک کے خلاف سرگرم دہشت گرد تنظیموں پر پابندی زیرغور ہے، پاک چین ایران باہمی انسداد دہشت گردی مذاکرات بھی جلد ہوں گے۔
روس یوکرین جنگ میں شدت، نئے محاذ پر دستے تعینات
یوکرین کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ جنگ میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے اور ملک کے مشرقی علاقے میں لڑائی تیز ہوگئی ہے۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرینی جنرل کا کہنا ہے کہ مشرقی یوکرین میں لڑائی کی صورتِ حال خراب ہوگئی ہے۔ یوکرینی فوجی 3 مقامات پر نئی پوزیشنوں پر واپس لوٹ رہے ہیں۔ یوکرینی جنرل کا مزید کہنا تھا کہ فوجی دستوں نے اپنی افواج کی حفاظت کے لئے مغربی دیہات میں نئے محاذوں پر پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔ روس نے گزشتہ ماہ یوکرین کی دفاعی تنصیبات اور بارودی گوداموں پر 35 میزائل اور ڈرون حملے کئے۔ اس دوران یوکرین کے فضائی دفاعی نظام نے روس کے 21 میزائلوں کو مار گرایا تھا۔ دوسری جانب یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ہمیں روسی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے کم از کم 7 پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظاموں کی ضرورت ہے۔ زلنسکی نے روس کی طرف سے 34 مختلف اقسام کے میزائلوں کے ساتھ یوکرینی زمین پر حملے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ میزائلوں نے انرجی سیکٹر کو اور خاص طور پر یورپی یونین کے لئے محفوظ رسد کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بعض میزائل کامیابی سے گرا لئے ہیں۔ ہم فضائی دفاع میں مدد کرنے پر اپنے تمام شراکت داروں کے شکر گزار ہیں۔ امریکا اور یورپ سمیت یوکرین کے تمام دوستوں کو خاص طور پر پیٹریاٹ سسٹم کی فراہمی کے معاملے میں جلدی کرنا چاہئے۔ زلنسکی نے کہا کہ یوکرین کو کم از کم 7 پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظاموں کی فوری ضرورت ہے اور ہمارے تمام شراکت داروں کے پاس یہ سسٹم موجود ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی ایوان نمائندگان نے یوکرین کے لئے اربوں ڈالر کی نئی فوجی امداد کی منظوری دے دی تھی،تاکہ وہ روس کے حملے کا مقابلہ کرسکے۔ امداد کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ ہتھیاروں اور گولہ بارود کی رسد حاصل کرنے کے لئے استعمال ہوگا۔
شمالی کوریا نے سرحد پر بارودی سرنگیں بچھا دیں
شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی سرحد سے ملحق حصوں پر بارودی سرنگیں بچھا دیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا کے فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ شمالی کوریا فوجی قوت سے پاک علاقے میں بارودی سرنگیں بچھا رہا ہے۔ یہ کارروائی شمالی کوریا کی طرف سے فریقین کے درمیان سرحد پار زمینی راستے بند کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی شمالی کوریا کی طرف سے ایروہیڈ پہاڑ کے غیرعسکری علاقے میں بارودی سرنگیں بچھائے جانے کی نشاندہی ہوئی تھی۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ آن نے زمینی راستے بند کرنے کے سخت احکامات جاری کئے ہیں۔
ایران جوہری بم بنانے کے قریب پہنچ گیا، IAEA
بین الاقوامی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جوہری بم بنانے کے قریب ہے جس پر عالمی توانائی ایجنسی کو تشویش ہے۔ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یورینیم کی افزودگی اور ایران کی جوہری تنصیبات تک بین الاقوامی معائنہ کاروں کی رسائی کی کمی نے اس کی جوہری سرگرمیوں کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔ ایک جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق گروسی نے کہا کہ ایران جوہری بم بنانے کے لئے کافی افزودہ یورینیم حاصل کرنے سے مہینوں نہیں بلکہ ہفتوں کی دوری پر دور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ایران کے پاس اس عرصے کے دوران ایٹمی ہتھیار ہوں گے یا نہیں ہوں گے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے وضاحت کی کہ اگرچہ یورینیم کی افزودگی کو فوجی سطح تک پہنچانا ایک تشویشناک بات ہے لیکن اس سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا کہ ایران کے پاس اس وقت جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ گروسی نے کہا کہ اس سلسلے میں ایران کے اہداف واضح نہیں ہیں اور صرف قیاس کیا جاسکتا ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق گروسی نے کہا کہ ایجنسی کے پاس ایران میں تنصیبات تک رسائی کی ضمانت دینے کے لئے ضروری نہیں ہے اس سے اس کی جوہری سرگرمیوں کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔
ملائیشیا: فوجی ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرا گئے، 10 اہلکار ہلاک
ملائیشیا کی بحری فوج کی تربیتی مشقوں کے دوران 2 ہیلی کاپٹرز فضا میں آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے جس کے نتیجے میں دونوں ہیلی کاپٹرز میں موجود تمام اہلکار ہلاک ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹرز لوموت نیول بیس اسٹیڈیم کے اوپر کم اونچائی پر پرواز کررہے تھے، تصادم کے بعد زمیں بوس ہوگئے اور ان میں آگ بھڑک اٹھی۔ امدادی کاموں کے دوران ملبے سے 10 جلی ہوئی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ملائیشیا کی بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ حادثے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں ہوسکا تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نچلی پرواز کے دوران ایک ہیلی کاپٹر دوسرے ہیلی کاپٹر کے پچھلے روٹر بلیڈ سے ٹکرا گیا تھا جس کے بعد دونوں ہیلی کاپٹرز پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہو کر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگئے۔
امریکی کمانڈر کی جنوبی کوریا آمد
شمالی کوریا نے میزائل داغ دیا
جنوبی کوریائی فوج اور جاپان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ایک بار پھر بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرلیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحل سے سمندر کی طرف ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے۔ جاپانی حکومت نے اس حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ جاپانی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ایسا میزائل داغا ہے جو بظاہر ایک بیلسٹک میزائل تھا۔ خبررساں اداروں کے مطابق جاپان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے داغا گیا پروجیکٹائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون کے باہر سمندرمیں گرا ہے۔ اس سے قبل بھی شمالی کوریا نے ہوا سائی ون آر اے 3 اور پیولسی 12 کروز میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ یہ تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی خلائی قوت کے کمانڈر جنرل اسٹیفن وائٹنگ سیول کا دورہ کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل شمالی کوریا نے وارہیڈ لے جانے والے جدید ترین میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ پیانگ یانگ کی جانب سے حالیہ ماہ کے دوران پے درپے میزائل تجربات سامنے آئے ہیں۔ ادھر امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کی جانب سے ان اقدامات پر مذمتی بیانات بھی جاری کئے جاتے رہے ہیں۔
افریقی ملک نائیجر سے امریکی فوج کی واپسی کا فیصلہ
امریکا نے مغربی افریقا میں واقع اسلامی ملک نائیجر سے اپنی فوجیں واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اس حوالے سے امریکی نائب وزیرخارجہ کرٹ کیمبل اور نائیجر کی فوجی قیادت کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے اور آنے والے دنوں میں اس بارے میں بات چیت ہوگی کہ فوجیوں کا انخلا کیسے کیا جائے۔ نیویارک ٹائمز کی خبر کے مطابق آنے والے مہینوں میں ایک ہزار سے زائد امریکی فوجی نائیجر چھوڑ دیں گے۔ واضح رہے کہ نائیجر امریکا کا اہم اتحادی رہا ہے جہاں گزشتہ سال تک ایک ہزار سے زائد امریکی فوجی موجود تھے اور امریکی فوج نے 2 اڈے قائم کر رکھے تھے۔ تاہم گزشتہ سال فوجی بغاوت کے بعد ملک کے نئے فوجی حکمرانوں نے واشنگٹن اور پیرس کے ساتھ فوجی معاہدے ختم کر دیئے تھے اور روس کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کر لئے۔ گزشتہ ماہ نائیجر کی آمر حکومت نے کہا کہ اس نے فوجی معاہدے کو فوری طور پر منسوخ کردیا، جس معاہدے کے تحت نائیجر کی سرزمین پر امریکی محکمہ دفاع کے فوجی اہلکاروں اور سویلین عملے کو اجازت دی تھی۔ گزشتہ ماہ نائیجر کے دارالحکومت میں سیکڑوں افراد نے سڑکوں پر امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا تھا۔
اسرائیل کا قیمتی ترین ایرانی دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا قیمتی ترین میزائل دفاعی نظام تباہ کردیا، اسرائیل نے حملے میں ریمباج میزائل کا استعمال کیا، جو ایرانی ریڈار پر نہیں آیا، ریمباج میزائل اسرائیل کا تیار کردہ ہے اور اس کی رفتار آواز سے زیادہ ہے، اسرائیل نے 19 اپریل کو ایران کی اصفہان ایئربیس کو نشانہ بنایا۔ نیویارک ٹائمز، فاکس نیوز اور دیگر غیرملکی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ذرائع اور متعدد سیٹلائٹ تصاویر پوسٹوں نے تصدیق کی ہے کہ اصفہان میں ایران کا S-300 فضائی دفاع، جو اس کی اہم نطنز جوہری سائٹ کی حفاظت کرتا ہے، ایرانی فضائی حدود کے باہر سے داغے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی نشاندہی کئے بغیر تباہ کردیا گیا۔ العربیہ اردو کے مطابق اسرائیلی براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے 19 اپریل کو ایرانی علاقے اصفہان پر حملے میں ریمباج میزائل کا استعمال کیا ہے۔ یہ میزائل اسرائیل کا تیار کردہ ہے اور اس کی رفتار آواز سے زیادہ ہے، یہ میزائل ایرانی ریڈار پر نہیں آیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس میزائل کا فضائی دفاعی نظام سے پتہ لگانا مشکل ہے۔ اپنا راستہ درست کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے یہ کامیابی سے اپنے ہدف تک پہنچتا ہے۔ 450 کلومیٹرکی رینج والے اس میزائل میں 150 کلو گرام وزنی وار ہیڈ تھا۔ نیویارک ٹائمز نے بھی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل نے جس ہتھیار سے ایرانی نطنز نیوکلیئر سائٹ کے فضائی دفاع کو نشانہ بنایا، اس میں ایسی ٹیکنالوجی موجود تھی جو اسے ایرانی ریڈار سے بچنے کے قابل بناتی تھی۔ مغربی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کا مقصد ایران کو یہ پیغام دینا تھا کہ اسرائیل ایرانی دفاعی نظام کو مفلوج کرسکتا ہے۔ امریکی سینیٹر مارکو روبیو نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اسرائیل شام اور عراق کی فضائی حدود میں طیاروں سے ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوئے بغیر ایران کے اندر اہداف پر حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جرمنی اور برطانیہ میں 5 چینی جاسوس گرفتار
جرمنی اور برطانیہ نے مشتبہ چینی جاسوسوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا۔ جرمنی نے چین کو حساس ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے شبہ میں 3 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ برطانیہ نے 2 کو گرفتار کیا ہے۔ برلن میں استغاثہ نے بتایا کہ تینوں جرمن شہریوں نے ممکنہ فوجی مقاصد کے ساتھ ٹیکنالوجی چینی انٹیلی جنس کے حوالے کی ہیں جن کے ساتھ وہ جون 2022ء سے کام کررہے ہیں۔ برطانیہ نے کہا کہ زیرحراست دونوں افراد بیجنگ کو حساس معلومات فراہم کررہے تھے۔ یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں سامنے آئیں جب مغربی ریاستیں چین کی اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کرتی رہیں۔ جرمنی میں گرفتار تینوں ملزمان پر بغیر اجازت ایک خصوصی لیزر برآمد کرنے کا بھی الزام ہے جسے ملکی برآمدی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔ وفاقی استغاثہ نے مرکزی ملزم کی شناخت تھامس آر کے طور پر کی ہے جسے چین کی وزارت برائے ریاستی سلامتی (ایم ایس ایس) کے چین میں مقیم ملازم کا ایجنٹ بتایا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ چینی کنٹریکٹ پارٹنر سے ایم ایس ایس کے ذریعے تھامس آر کو احکامات ملے تھے اور تینوں مشتبہ افراد مل کر کام کرتے تھے۔
شمالی کوریا حیاتیاتی ہتھیار بنا رہا ہے، امریکی رپورٹ
امریکا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا اپنے پروگرام کے تحت حیاتیاتی اسلحہ تیار کررہا ہے۔ امور دفاع نے 2024ء کی انسداد اسلحہ اور اس کے پھیلاؤ کے سدباب پر مبنی ایک رپورٹ جاری کی، جس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا سی آر آئی ایس پی آر جیسے پروگرام کا استعمال کرتے ہوئے بائیولوجیکل اسلحہ تیار کررہا ہے۔ اس کے لئے پیانگ یانگ حکومت کو دیگر ممالک کا تعاون بھی حاصل ہے۔
شمالی کوریا نے کروز میزائل لے جانے والےوارہیڈ کا تجربہ کرلیا
شمالی کوریا نے انتہائی جدید اور نئے قسم کے اینٹی ایئرکرافٹ میزائل کا تجربہ کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ملک کے میزائل بنانے والے ادارنے نے غیرمعمولی طور پر بڑے اور طاقتور وار ہیڈ کا تجربہ کیا ہے۔ یہ وار ہیڈ جدید ترین اسٹرٹیجک کروز میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے نئی قسم کے اینٹی ایئرکرافٹ میزائل کا تجربہ بھی کیا ہے۔ شمالی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ تجربے سے متعین اہداف حاصل کرلئے گئے تاہم اہداف کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔
چین کی فوج خلا میں موجود ہے، ناسا کا دعویٰ
ناسا کے سربراہ بل نیلسن نے بائیڈن انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ خلائی پروگرام کی آڑ میں چین کی فوج خلا میں موجود ہے۔ بل نیلسن نے بائیڈن کی انتظامیہ میں موجود قانون سازوں کو آگاہ کیا ہے کہ چین نے خلا میں پچھلے 10 سالوں کے دوران بہت خفیہ انداز میں غیرمعمولی پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کا خلائی پروگرام درحقیقت ایک فوجی پروگرام ہے۔ چین نے چاند مشن پر بہت زیادہ سرمایہ لگایا ہے اور ابھی وہ اپنے اس بجٹ میں مزید اضافہ بھی کرسکتا ہے۔ چین مسلسل اپنی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ کررہا ہے اور اپنے خلائی فوجی پروگرام کو سویلین پروگرام کے لبادے میں چھپا کر آگے بڑھا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقت میں ہم ایک خلائی دوڑ میں ہیں جس میں چین بھی شامل ہوگیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ناسا کے ایڈمنسٹریٹر کا یہ بیان 2025ء کے لئے ناسا کے بجٹ پر ہاؤس اپروپریشن کمیٹی میں سماعت کے دوران سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ چین اور آگے نکل جائے، امریکا کو دوبارہ چاند پر اتر جانا چاہئے۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر چین ہم سے پہلے چاند پر اتر گیا تو ہمارے پہنچنے پر وہ کہے گا کہ یہ ہمارا علاقہ ہے۔ واضح رہے کہ امریکا اپنے خلائی مشن آرٹمیس 3 کے ذریعے 2026ء میں اپنے خلاباز دوبارہ چاند پر اتارنا چاہتا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ وہ 2030ء میں چاند پر انسانی مشن اتار دے گا۔ نیلسن نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ امریکا خلائی تحقیق میں اپنی عالمی برتری برقرار رکھے گا لیکن اس کے لئے ہمیں حقیقت پسند ہونا پڑے گا۔ چین اپنے خلائی پروگرام پر کثیر سرمایہ کاری کررہا ہے اور ہمیں اپنے محافظوں کو احساس کمتری میں نہیں ڈالنا چاہئے۔
جاپان کے 2 ہیلی کاپٹرز سمندر میں گر کر تباہ، 1شخص ہلاک
جاپانی فوج کے 2 ہیلی کاپٹر ٹکرا کر سمندر میں گر کر تباہ ہوگئے، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 7 افراد لاپتا ہوگئے۔ دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق جاپان کی سیلف ڈیفنس فورس کے ترجمان نے بتایا کہ حادثے کے بعد ایک شخص کو بچا لیا گیا تاہم بعد میں اس کی موت کی تصدیق کردی گئی تھی۔ جاپانی وزیردفاع منورو کیہارا نے کہا کہ ہیلی کاپٹرز رات کے وقت آبدوزوں سے مقابلہ کرنے کی مشقیں کررہے تھے۔ وزارت دفاع دونوں ہیلی کاپٹرز کے درمیان تصادم کی وجہ کا تعین کررہی ہے۔
اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ مستعفی
اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ نے استعفیٰ دے دیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ میجر جنرل اہرون ہلیوا مستعفی ہوگئے ہیں۔ اہرون ہلیوا نے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے روکنے میں ناکامی کی ذمے داری قبول کی تھی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ اہرون ہلیوا حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کے بعد مستعفی ہونے والی اعلیٰ ترین شخصیت ہیں۔
اسرائیلی حمایت کی عالمی پالیسی پر یوکرین نالاں
یوکرین کے صدر وولودی میرزیلنسکی نے یورپی یونین سربراہان سے کہا ہے کہ جو فضائی دفاعی تعاون اسرائیل کے ساتھ کیا گیا ہے اس کی یوکرین کو بھی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں منعقدہ یورپی یونین کے سربراہ اجلاس کے دوران یوکرین سے متعلقہ حصے میں ویڈیو کانفرنس سے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے یوکرین کے شہر چرنیہیو پر روسی میزائل حملے میں 14 افراد کی ہلاکت کی یاد دہانی کروائی اور کہا ہے کہ جس سطح کے فضائی دفاع کا ہم مشرق وسطیٰ میں مشاہدہ کررہے ہیں، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اسی سطح کا فضائی دفاع ہمیں یوکرین میں میسر نہیں ہے۔ ایرانی حملے کے دوران اسرائیل کی طرف جانے والے تقریباً تمام میزائلوں اور ڈرون طیاروں کو گرا دیا گیا۔ اسرائیل اور دیگر علاقائی ممالک کی فضاؤں کی طرح ہمارا بھی حق ہے۔ بیلسٹک میزائلوں، کروز میزائلوں، بموں اور شاہد ڈرون طیاروں سے یوکرین کو تحفظ فراہم چاہئے۔ یاد رہے کہ 13 اپریل کو اسرائیل پر ایرانی فضائی حملے کے دوران امریکا اور برطانیہ کے ساتھ یورپی یونین کے رکن ملک فرانس نے بھی اسرائیل کو تعاون فراہم کیا تھا۔ دوسری جانب نیٹو کے سیکریٹری جنرل ڑینس اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ دفاعی اخراجات بڑھانا ہماری مجبوری ہے۔ اسٹولٹن برگ نے برسلز میں واقع نیٹو ہیڈ کوارٹرز میں نیدرلینڈز کے نگراں وزیراعظم مارک روٹ، وزیراعظم میٹ فریڈریکسن اور چیک وزیراعظم پیٹر فیالا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ سیکریٹری جنرل نے اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور خطے پر اس کے منفی اثرات سمیت یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ نیٹو دنیا کی مجموعی عسکری قوت کا نصف ہیں جوکہ قابلیت میں بھی اپنا لوہا منوا چکی ہے۔
یورپی ممالک کو جوہری ہتھیاروں کی پیشکش،فرانسیسی صدر پر تنقید
فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں کو حزب اختلاف کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ حزب اختلاف نے ان پر مشترکہ یورپی دفاعی پالیسی پر جاری بحث میں جوہری ہتھیاروں کو شامل کرنے کی تجویز دینے کے بعد قومی خودمختاری کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ماکروں سے ایک انٹرویو میں پوچھا گیا کہ کیا فرانس اپنی جوہری صلاحیت کو یورپی بنانے کے لئے تیار ہے؟ جواب میں ماکروں نے کہا کہ ہمارے اہم مفادات کی ایک یورپی جہت ہے۔ میں جوہری اسلحہ کی تعیناتی کے حوالے سے اس بحث کو شروع کرنے کی حمایت کرتا ہوں۔ انہوں نے میزائل شکن ڈھالیں، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ جوہری ہتھیاروں کی تعیناتی کا بھی ذکر کیا۔ اس کے ردعمل میں اپوزیشن کے رہنما زیوئیر بیلامی نے ماکروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیانات فرانسیسی خودمختاری کی حساسیت کو چھو رہے ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں شدید غصے میں کہا کہ ایک فرانسیسی سربراہ مملکت کو ایسا نہیں کہنا چاہیے۔ واضح رہے کہ بریگزٹ کے بعد سے فرانس واحد رکن ملک ہے جس کے پاس جوہری روک تھام کی صلاحیت ہے۔
امریکا پولینڈ اور نیدرلینڈز کو جدید کروز میزائل فراہم کریگا
امریکا نے پولینڈ اور نیدرلینڈز کو جدید اینٹی ریڈی ایشن کروز میزائل فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ یورپی ممالک کے لئے کروز میزائلوں کا بل منظور ہوگیا ہے۔ یہ میزائل اینٹی ریڈی ایشن ہیں اور ان کی مسافت بھی سابقہ ورژن کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ پولینڈ نے 2.1 ارب ڈالر کے 360 اینٹی راڈار میزائلوں اور نیدرلینڈز نے 70 کروڑ ڈالر کے 265 میزائلوں کا مطالبہ کیا ہے۔
عراق: دہشت گردی کے 13 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی
عراق میں دہشت گردی کے الزام میں 13 افراد کو پھانسی دے دی گئی۔ عراقی قانون کے تحت دہشت گردی اور قتل کے جرائم کی سزا موت ہے اور پھانسی کے حکم نامے پر صدر کے دستخط ہونا ضروری ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق وزارت انصاف کی ٹیم کی نگرانی میں داعش کے 11 دہشت گردوں کو ناصریہ شہر کی ایک جیل میں پھانسی دی گئی۔ مقامی طبی ذرائع نے بھی تصدیق کی کہ محکمہ صحت کو پھانسی پانے والے 11افراد کی لاشیں ملی ہیں۔دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں پھانسیوں کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے الزامات کوغیر شفاف قرار دیا۔ پھانسی پانے والے 11افراد کا تعلق صوبہ صلاح الدین سے تھا اور 7کی لاشیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جن 13 افراد کو پھانسی دی گئی ان میں 11کو داعش کے ساتھ وابستگی کی بنیاد پر سزا سنائی گئی۔دیگر 2 افراد کو2008 ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں ایک انتہائی غیر منصفانہ مقدمے کے بعد فوجداری ضابطے کے تحت دہشت گردی سے منسلک جرائم کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا۔واضح رہے کہ عراق ایسے مقدمات کی وجہ سے انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنتا رہا ہے۔ اس طرح کے مقدامات کو جلد بازی میں نمٹایا جاتا ہے۔
زیرسمندر ہائبرڈ جنگ سے ایک ارب انسانوں کو خطرہ
نیٹو نے سمندر کے اندر ہائبرڈ جنگ کی ہلاکت خیزی سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایک ارب افراد کی سلامتی کو خطرہ ہے۔ دی گارڈین کے مطابق نیٹو کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈیڈیئر مالیٹیرا کا کہنا ہے کہ پانی کے اندر کا بنیادی ڈھانچا روس کی جانب سے خطرات کا شکار ہے، جس کی وجہ سے یورپ اور شمالی امریکا میں تقریباً ایک ارب لوگوں کی سلامتی خطرے میں ہے۔ وائس ایڈمرل ڈیڈیئر مالیٹیرا نے خدشے کا اظہار کیا کہ روس زیرآب انفرااسٹرکچر بشمول ونڈ فارمز، پائپ لائنز اور پاور کیبلز کو نشانہ بنا سکتا ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ روس نے انٹرنیٹ کیبلز اور پائپ لائنز کے ذریعے یورپی معیشت کو درہم برہم کرنے کے لئے سمندر کے نیچے ہائبرڈ جنگ کی تیاری کر رکھی ہے۔ میری ٹائم کمانڈ (مارکوم) کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا کہ پانی کے اندر کیبلز اور پائپوں کے نیٹ ورک پر یورپ کی طاقت اور مواصلات کا انحصار ہے، یہ نیٹ ورک ماسکو اور نیٹو کے دیگر مخالفین کی طرف سے جاری ہائبرڈ جنگ برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر کے نیچے ہماری تمام معیشت خطرے میں ہے، کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ روسیوں نے سمندر کے نیچے آپریٹ ہونے والے جوہری آبدوز تیار کر لئے ہیں۔ ہم خطرات سے نمٹنے کے لئے رکن ممالک کے ساتھ کام کررہے ہیں۔