Thursday, November 21, 2024
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کی بڑھتی خودکشیاں

گزشتہ 10 برسوں کے دوران سینکڑوں ہندوستانی فوجیوں نے گھر جانے کے لئے چھٹی نہ ملنے اور تھکا دینے والی جنگ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہو کر خودکشی کی ہے، بھارتی میڈیا
حبیب اللہ قمر
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز اہلکاروں میں خودکشیوں، باہمی لڑائی جھگڑوں اور دل کا دورہ پڑنے سے اموات کے بڑھتے ہوئے واقعات ہندوستانی عسکری ماہرین کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک سال کے دوران ایسے واقعات میں بھارتی فورسز اہلکاروں کی ہلاکتوں میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مارچ 2024ء کے آخری ہفتے مقبوضہ وادی کے علاقے شوپیاں میں سی آر پی ایف کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے گزشتہ دس برسوں کے دوران سینکڑوں ہندوستانی فوجیوں نے گھر جانے کے لئے چھٹی نہ ملنے اور تھکا دینے والی جنگ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہو کر خودکشی کی ہے۔ کشمیر میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ہندوستانی فوجیوں کے باہمی لڑائی جھگڑوں کے سبب ہلاکتوں نے بھارتی حکومت اور عسکری ماہرین کو سخت پریشانی سے دوچار کر دیا ہے۔ اس وقت صورتِ حال یہ ہے کہ بھارتی فوج میں ذہنی مریضوں کی تعداد کم و بیش 40 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ 15 فیصد کے قریب ایسے ہیں جو شراب نوشی کے ذریعے خود کو نارمل رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ دنیا کے دیگر مختلف ملکوں کی مسلح افواج کے اہلکار بھی خودکشیاں کرتے ہیں لیکن بھارتی فوج اس حوالے سے پوری دنیا میں پہلے نمبر پر ہے اور خودکشی کے سب سے زیادہ واقعات ہندوستانی فوج میں ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق 2010ء سے 2019ء تک بھارت کے 1113 فوجیوں نے خودکشیاں کیں جن میں بری فوج کے 895، فضائیہ کے 185 اور بحریہ کے 32 اہلکار شامل تھے۔ اسی عرصہ میں بھارتی فوجیوں کی آپس کی لڑائی میں ہلاکتوں کے بھی درجنوں واقعات پیش آئے۔ رپورٹ کے مطابق ہر تین دن میں اوسطاً ایک ہندوستانی فوجی خودکشی کررہا ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ کے اعدادوشمار کے مطابق دشمن کے ہاتھوں موت کے مقابلے میں خودکشی کرنے والے فوجی جوانوں کی تعداد زیادہ ہے۔ ا گرچہ بھارتی فوج اور حکومت کی ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ ہندوستانی فوج میں خودکشیوں کو ہرممکن طریقے سے چھپایا جائے اور غلط اعدادوشمار پیش کئے جائیں لیکن سوشل میڈیا کے اس دور میں بھارتی فوج کے اپنے اہلکار ہی خود پر ہونے والے ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آتے ہیں۔ بھارتی اہلکار خودکشیوں کے بڑھتے واقعات کا ذمہ دار ہندوستانی فوج کے اعلیٰ افسران اور حکومت کو ٹھہراتے ہوئے مختلف ذرائع سے یہ خبریں ایکسپوز کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے بھارتی حکام ایسے واقعات کو دنیا سے چھپانے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔
بھارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ہندوستانی فوج میں بھرتی کے وقت نفسیاتی آزمائشوں سے اہلکاروں کو پرکھا جاتا ہے تو ان کی جذباتی سطح کا اندازہ کر کے ایسے اقدامات کیوں نہیں کئے جاتے کہ جس سے وہ خودکشی جیسے انتہائی اقدام سے باز رہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فوج کا مورال دن بدن گر رہا ہے۔ کشمیری مجاہدین کے خوف، افسروں کے نازیبا رویہ، گھر سے دوری اور مسلسل جنگ نے لاکھوں ہندوستانی فوجیوں کو نفسیاتی مریض بنا کر رکھ دیا ہے اور وہ چڑچڑے پن کا شکار ہو کر خودکشیاں کر رہے ہیں۔ گزشتہ چند ماہ سے تو یہ صورتِ حال ہے کہ ہر دوسرے دن ہندوستانی فوجیوں کی خودکشی اور لڑائی جھگڑوں کی خبریں سننے کو مل رہی ہیں۔ ابھی مارچ 2024ء کے دوران بھی بھارتی فوجیوں کی خودکشی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔ یعنی بھارتی فوج میں خودکشیوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے، جس پر بھارتی فوجی حکام اور عسکری ماہرین نے سر جوڑ رکھے ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ کسی طرح خودکشیوں کے بڑھتے واقعات کو کم کیا جاسکے۔ اس سلسلے میں کئے گئے فیصلوں کے بعد بھارتی فوج اور نیم فوجی دستوں میں فوری طور پر نفسیاتی کورسز کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ چھ دن کی ورکشاپ ہے جس میں ہندوستانی فوجیوں کی کونسلنگ اور انہیں شدید ذہنی دباؤ سے نکال کر معمول پر لانے کی تگ و دو کی جاتی ہے۔ ان ورکشاپوں میں نوے، نوے اہلکاروں کو شامل کیا جاتا ہے اور کہا گیا ہے کہ سبھی فوجیوں کو اس مرحلہ سے گزارنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس وقت بھارتی فوج کے تقریباً ہر یونٹ میں ایک نفسیاتی ماہر کا تقرر بھی کیا جارہا ہے۔ بھارتی فوجی حکام ہندوستانی فوجیوں کو ذہنی دباؤ سے نکالنے اور نفسیاتی امراض پر قابو پانے کی کوششیں کرتے دکھائی دیتے ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک افسروں کا توہین آمیز رویہ، کم تنخواہیں، بنیادی سہولیات کا فقدان، ضرورت کے وقت بھی گھر جانے کے لئے چھٹی نہ ملنے اور کشمیری مجاہدین کے حملوں جیسی وجوہات موجود ہیں، لاکھوں بھارتی فوجیوں کو نفسیاتی دباؤ سے نکالنے اور ذہنی امراض پر قابو پانے کی کوششیں صحیح معنوں میں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔
بھارتی فوج میں خودکشیوں کے بڑھتے واقعات اور باہمی لڑائی جھگڑوں کا سب سے بڑا سبب یہی چیزیں بتائی جارہی ہیں۔ ہندوستانی فوجیوں میں اس بات پر بھی ناراضی پائی جاتی ہے کہ بھارتی فوجی حکام اور مودی سرکار آئے دن خودکشی کے واقعات پر بھی ان کے مسائل حل کرنے کی بجائے اسے گھریلو مسائل یا زمین کے تنازعات کا نام دے کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں حالانکہ حقائق بالکل اس کے برعکس ہیں۔ بھارتی فوج کے تھنک ٹینک یونائٹیڈ سروس انسٹی ٹیوشن آف انڈیا (یو ایس آئی) نے کچھ عرصہ قبل ایک رپورٹ شائع کی جس میں واضح طور پر اعتراف کیا گیا ہے کہ بھارتی فوج کے نصف سے زائد اہلکار ”شدید ذہنی دباؤ“ کا شکار ہیں اور ہندوستانی فوجیوں میں خودکشی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ بھارتی فوجی تھنک ٹینک کی یہ انکشاف انگیز رپورٹ منظرعام پر آئی تو اس سے تہلکہ مچ گیا اور دباؤ اتنا بڑھا کہ مذکورہ تھنک ٹینک نے اپنی یہ رپورٹ فوری طور پر حذف کردی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یونائٹیڈ سروس انسٹی ٹیوشن آف انڈیا (یو ایس آئی) کے سینئر ریسرچ فیلو کرنل اے کے مور کی تیار کردہ اس رپورٹ کی اشاعت نے بھارت کے دفاعی حلقوں میں طوفان برپا کردیا۔ کرنل مور نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ بھارتی فوجی اہلکاروں کے طویل عرصہ تک جنگ زدہ ماحول میں رہنے کی وجہ ذہنی دباؤ میں شدت پیدا کرنے کا سب سے بڑا سبب ہے۔ بھارتی آرمی چیف جنرل ایم ایم نروا نے مبینہ طور پر اس رپورٹ کو یہ کہہ کر مسترد کردیا تھا کہ یہ صرف چار سو اہلکاروں کے کیسز پر مبنی ہے اس لئے ہم یہ تسلیم نہیں کرسکتے کہ ہندوستانی فوجی دباؤ کا شکار ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہہ دیا کہ دباؤ بُری چیز نہیں ہے اس کے نتیجے میں کام بہتر ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر بھی ذہنی دباؤ ہے اور میں خود بھی دباؤ میں رہتا ہوں۔ ان کے اس بے تکے انٹرویو پربھارتی عوام کی طرف سے بھی انہیں سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی فوج کے ایک اور ادارے ڈیفنس انسٹیٹیوٹ آف سکائیالوجی ریسرچ نے بھی دو سو سے زائد ہندوستانی فوجیوں سے ایک سوال نامے پر درج معلومات سے متعلق جواب وصول کئے اور سروے کے بعد یہ رپورٹ دی کہ بھارتی فوجی افسران اور اہلکار چونکہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی سے مطمئن نہیں ہوتے اس لئے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو کر انتہائی اقدام کے طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیتے ہیں۔ یہ رپورٹ ڈاکٹر ارونا بروتا نے تیار کی جو کہ خود ہندوستانی فوج میں ماہر نفسیات کے طور پر طویل عرصہ سے کام کر رہی ہیں۔ اس رپورٹ میں یہ تجویز پیش کی گئی کہ ہندوستانی فوجی افسروں اور اہلکاروں میں ہم آہنگی کے ماحول کو بہتر کرنا چاہئے، اس سے خودکشیوں کے واقعات میں کسی حد تک کمی لائی جاسکتی ہے۔ بھارتی دانشوروں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتیں ہندوستانی فوجیوں کے خاندانوں کی صحیح معنوں میں سرپرستی نہیں کر رہیں اور نہ ہی ان کی شکایات کا ازالہ کیا جارہا ہے۔ حقیقت ہے کہ جب تک بھارتی فوجیوں کو مقبوضہ کشمیر سمیت دیگر علاقوں میں ظلم و دہشت گردی کے لئے جھونکا جاتا رہے گا، خودکشیوں اور باہمی لڑائی جھگڑوں کے واقعات پر قابو پانا ممکن نہیں ہے۔ بھارتی حکومت جب تک نہتے اور مظلوم کشمیریوں کے خلاف ظلم و بربریت سے باز نہیں آتی، اسے یونہی مکافاتِ عمل کا سامنا رہے گا۔

مطلقہ خبریں