بھارت دنیا میں سب سے زیادہ عسکری سازوسامان خریدنے والا ملک
دُنیا میں عسکری معاملات پر نظر رکھنے والے ادارے اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سپری) کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دُنیا میں دفاع پر سب سے زیادہ خرچ کرنے والے ممالک میں بھارت چوتھے نمبر پر ہے تاہم گزشتہ پانچ سال کے دوران وہ دُنیا بھر میں سب سے زیادہ عسکری سازوسامان خریدنے والا ملک رہا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نریندر مودی کی زیرقیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت نے گزشتہ روز جو سالانہ بجٹ پیش کیا اس سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس کی دفاع کے شعبے پر توجہ میں اضافہ ہوا ہے۔ سنہ 25-2024ء کیلئے بھارتی پارلیمنٹ میں 48 لاکھ کروڑ روپے کا جو بجٹ پیش کیا گیا ہے، اس میں سب سے زیادہ تقریباً 6 لاکھ 22 ہزار کروڑ روپے دفاع کے شعبے کیلئے مختص کئے گئے ہیں جوکہ مجموعی بجٹ کا تقریباً 13 فیصد بنتا ہے۔ مبصرین نے غیرملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح آئندہ برس کا بھارتی دفاعی بجٹ بھی چین اور پاکستان کو نظر میں رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے اس بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر لکھا کہ دفاع کے شعبے کو جو بجٹ ملا ہے اس میں سے ایک لاکھ 72 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے مسلح افواج کی صلاحیتوں کو مزید تقویت دی جائے گی۔ انہوں نے لکھا کہ ”سرحدی سڑکوں کیلئے مختص کئے جانے والی رقم میں 30 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس سے ہمارے سرحدی انفرااسٹرکچر میں مزید بہتری آئے گی۔ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کیلئے مختص اضافی فنڈز کا مقصد مسلح افواج کو جدید ترین ٹیکنالوجی، مہلک ہتھیاروں، لڑاکا طیاروں، بحری جہازوں، آبدوزوں، پلیٹ فارمز، بغیر پائلٹ کی فضائی گاڑیاں، ڈرونز اور خصوصی مہارت کی حامل گاڑیاں وغیرہ حاصل اور تیار کرنا ہے۔
بھارتی بحریہ کا گائیڈڈ میزائل تباہ، 20 اہلکار ہلاک
بھارتی بحریہ کا گائیڈڈ میزائل فریگیٹ آئی این ایس برہم پتر پُراسرار دھماکے میں تباہ ہوگیا، گائیڈڈ میزائلوں سے لیس بھارتی فریگیٹ کے تباہ ہونے سے نیوی کے 20 اہلکاروں سمیت 32 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دھماکے کے باعث بحری جہاز مرمت کے قابل بھی نہ رہا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 3 سکھ اہلکاروں نے جو اگنی پاتھ اسکیم کے تحت بحریہ میں شامل ہوئے تھے، دانستہ طور پر جہاز کے ایمونیشن ڈپو کو تباہ کیا، جس سے دھماکا ہوا۔ واقعے کے بعد سے تینوں سکھ اہلکار مبینہ طور پر لاپتا ہیں، گھروں پر چھاپوں کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔ واقعے کے ردعمل کے طور پر بھارتی بحریہ نے تمام سکھ اور مسلمان اہلکاروں کو معطل کردیا۔ ہندوتوا نظریہ نے بھارتی قوم کو بُری طرح سے متاثر کیا، جس سے تقسیم بڑھ گئی، سکھوں کی برداشت جواب دے گئی اور اب وہ واضح طور پر اپنے حقوق کیلئے کھڑے ہوگئے ہیں۔
جاپان، برطانیہ اور اٹلی کا جدید ترین لڑاکا طیارہ بنانے کا اعلان
جاپان، برطانیہ اور اٹلی کے وزرائے دفاع نے جدید ترین لڑاکا طیارے کو مشترکہ طور پر تیار کرنے اور 2035ء میں مکمل تیاری کی حالت میں لانے کا اعلان کردیا۔ جاپانی وزیردفاع کی ہارا می نورو، برطانوی وزیردفاع جان ہیلی اور اطالوی وزیردفاع گوائیدو کروزیٹو نے لندن میں ملاقات کی۔ اس معاملے پر سہ فریقی مذاکرات گزشتہ سال دسمبر میں کئے گئے تھے، لیکن گزشتہ ماہ برطانیہ میں حکومت میں تبدیلی کے باعث مذاکرات میں نئے برطانوی وزیرخاجہ جان ہیلی پہلی بار حصہ لے رہے ہیں۔ جاپانی وزیردفاع کی ہارا نے قانون کی حکمرانی اور مشترکہ اقدار کو مضبوط کرنے اور دفاعی شراکت داری کو گہرا کرنے کیلئے مشترکہ منصوبے کو کامیاب بنانے کی امید ظاہر کی۔ تینوں وزرا نے اس منصوبے میں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے رواں سال کے آخر تک گلوبل کامبیٹ ایئر پروگرام کے نام سے تنظیم کے قیام کیلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ ہندبحرالکاہل میں چین کے بڑھتے اثرورسوخ کے تناظر میں جاپان کو یورپی ممالک کے قریب کردیا ہے اور ٹوکیو حکومت یورپی ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدے کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
چینی اور روسی طیاروں کی امریکی سرحد پر مشترکہ پیٹرولنگ
روسی اور چینی طیاروں نے امریکی سرحد کے قریب مشترکہ پیٹرولنگ کی ہے، جسے امریکی دفاعی ماہرین نے سنجیدہ معاملہ قرار دیا ہے۔ ایسے وقت میں جب دونوں ملکوں کے ساتھ امریکا کے تعلقات کشیدہ ہیں، چینی اور روسی بمبار طیاروں نے شمالی بحرالکاہل میں الاسکا کے قریب مشترکہ پیٹرولنگ کی، جس میں روسی Tu-95 اور چینی H-6 کے بمبار طیاروں نے حصہ لیا۔ اس دوران روس کے Su-30 اور Su-35 طیاروں نے مشترکہ پیٹرولنگ کرنے والے طیاروں کو جنگی کور فراہم کیا۔ چینی ترجمان نے مشترکہ پیٹرولنگ کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ کسی تیسرے ملک کیلئے نہیں ہیں۔
سعودی عرب کو امریکی اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری
امریکی وزارت دفاع نے سعودی عرب کے ساتھ عسکری معاہدے کی منظوری دے دی۔ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب 2.8 ارب ڈالر کا امریکی سامان خرید سکے گا۔ پینٹاگون نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سامان کی خریداری سے سعودی عرب موجودہ اور مستقبل کے خطرات کو روکنے کی صلاحیت بہتر بناسکے گا۔
روسی فوج کا ایم آئی-28 فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک
روسی فوج کا ایم آئی-28 فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس سے پائلٹ ہلاک ہوگیا۔ حادثہ جنوب مغرب کے ایک غیرآباد علاقے میں پیش آیا جو یوکرین کی سرحد سے 150 کلومیٹر کی دور ہے۔ ہیلی کاپٹر سرحدی علاقے برائنسک میں مشن سے واپسی پر حادثے کا شکار ہوا۔
کینیڈا کی پہلی خاتون آرمی چیف نے عہدہ سنبھال لیا
کینیڈا میں جنرل جینی کیرینیاں ملک کے چیف آف دی ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ سنبھال کر کینیڈا کی مسلح افواج کی کمان سنبھالنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بطور ملٹری انجینئر تربیت حاصل کرنے والی جینی کیرینیاں نے کینیڈین فوج میں اپنی 35 سالہ سروس کے دوران افغانستان، بوسنیا ہرزیگوینا، عراق اور شام میں فوجیوں کو کمانڈ کیا۔ اوٹاوا میں کینیڈین وار میوزیم میں جینی کیرینیاں کا کہنا تھا کہ وہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے خود کو تیار محسوس کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ جینی کیرینیاں دنیا کی دوسری خاتون آرمی چیف ہیں۔ اس سے قبل سلووینیا میں خاتون جرنل کو ملکی فوج کا سربراہ بنایا گیا تھا۔
روس اور یوکرین نے مذاکرات پر رضامندی ظاہر کردی
چین کی کوششوں سے روس اور یوکرین نے مذاکرات پر مشروط رضامندی ظاہر کردی۔ یوکرینی وزیرخارجہ دمیترو کولیبا نے چین کے شہر گوانگ زو میں چینی وزیرخارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران کہا کہ یوکرین اس شرط پر مذاکرات کیلئے تیار ہے کہ روس نیک نیتی سے مذاکرات کرے جوکہ روس کی جانب سے فی الوقت کہیں نظر نہیں آتی۔ ذرائع کے مطابق یوکرین چاہتا ہے کہ روس کے خلاف جنگ سے متعلق دوسرا عالمی اجلاس بلایا جائے اور اس اجلاس کی صدارت کوئی جنوب (گلوبل ساؤتھ) کا ملک کرے جبکہ چین اور روس بھی اس اجلاس میں شریک ہوں۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کیلئے چین کو اہم کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔ دوسری جانب روسی صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ وہ یوکرین کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ اس معاملے پر اب تک بہت سے بیانات دیئے جاچکے ہیں، لیکن پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ یوکرین اس کیلئے کتنا تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کی صدارت کی آئینی مدت ختم ہوچکی ہے، اگر وہ مزید اقتدار میں رہے تب ہی بات چیت کا عمل آگے بڑھ پائے گا۔ ہمیں قانونی نقطہئ نظر سے زیلنسکی کے عہدے کی مدت ختم ہونے سے اس بات پر تحفظات ہیں کہ انہیں مذاکرات کا کس حد تک اختیار ہے۔ اس کے علاوہ کیف حکومت نے ماسکو کے ساتھ رابطے کے تمام ذرائع بند کرکے رکاوٹیں کھڑی کررکھی ہیں، جن کے ہوتے ہوئے بات چیت ممکن نہیں ہے۔
بشارالاسد کا دورۂ روس، صدر پیوٹن سے ملاقات
شام کے صدربشارالاسد روس پہنچے جہاں انہوں نے ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون میں مزید اضافے کے علاوہ خطے کی صورتِ حال پر غور کیا گیا۔ کریملن میں ہونے والی ملاقات کے دوران بشارالاسد سے بات چیت کرتے ہوئے پیوٹن کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ اس وقت خطے میں کشیدگی کا رجحان پایا جارہا ہے، ہم دیکھ سکتے ہیں کہ اس کا براہ راست شام پر بھی اطلاق ہوتا ہے، ہم دنیا میں ہونے والے ہر واقعے کو دیکھ رہے ہیں، اس کے ساتھ ہی ساتھ ہماری یورپ اور ایشیا میں حالات کے اتار چڑھاؤ پر بھی نظر ہے۔ اس موقع پر بشار الاسد کا کہنا تھا کہ ملاقات اس حوالے سے بہت اہم ہے کہ صورتِ حال کے حوالے سے بہت اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کرسکیں گے، حالات کے مختلف تناظر دیکھ سکیں گے اور ان سے جڑے ہوئے منظر ناموں کو سمجھ سکیں گے۔ دوسری جانب ترکیہ کے ساتھ بھی شام کے تعلقات میں پیش رفت کا امکان ہے اور دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات متوقع ہے۔ ترکیہ کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم صدر اردوان اور بشارالاسد کی ملاقات پر کام کررہے ہیں۔
روس نے یوکرین کے جنگی طیارے گرانے پر انعام کا اعلان کردیا
روسی کمپنی نے یوکرین میں ایف 15 اور ایف 16 طیاروں کو مار گرانے کے لئے انعامی رقم کا اعلان کردیا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق ایک تقریب میں یوکرین میں جھڑپوں کے دوران بعض لیپرڈ اور ابرامز ٹینکوں کو تباہ کرنے پر انعامی رقم تقسیم کی گئی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ طیارے تباہ کرنے والوں کے لیے ڈیڑھ کروڑ روبل انعام رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی یونان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے یونانی وزیراعظم متسوتا کیس سے ملاقات کی۔ اس دوران یونان کی جانب سے یوکرین کی امداد کا عزم ظاہر کیا گیا۔
اسرائیلی فضائی دفاعی نظام ایک بار پھر ناکام،
حوثیوں کا تل ابیب پر ڈرون حملہ
اسرائیلی فضائی دفاعی نظام کو دھوکہ دے کر تل ابیب میں ایک ڈرون امریکی سفارت خانے کے قریب عمارت سے ٹکرا گیا جس سے ایک شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، یمن کے حوثیوں نے ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ ڈرون ایرانی ساختہ اور یمن سے 1800 کلومیٹر فاصلے پر حملے کے لئے اپ گریڈ کیا گیا تھا، ایڈمرل ڈینیئل ہگاری کا الزام، جبکہ یمنی تحریک کے ترجمان یحییٰ ساری نے کہا کہ حوثیوں نے تل ابیب پر ”یفا“ نامی ایک نیا ڈرون فائر کیا، جو دشمن کے مداخلت کے نظام کو نظرانداز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حوثیوں نے غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا حوالہ دیتے ہوئے نومبر کے بعد سے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں جہاز رانی کو متعدد ڈرون اور میزائل حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔
ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک، 4 زخمی
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے خلاف آپریشن کے دوران امپرووائزڈ ایکسپلوزیو ڈیوائس (آئی ای ڈی) دھماکے میں سینٹرل ریزو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 2 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور کے جنگلات میں اسپیشل ٹاسک فورس، ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈز، کوبرا، سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مشترکہ ٹیم نے ماؤ باغیوں کے خلاف خصوصی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ یہ آپریشن دانتے واڑا، سکما اور بیجاپور کے جنگلات میں ماؤ باغیوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کے بارے میں خفیہ معلومات کے بعد شروع کیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران ماؤ باغیوں نے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لئے مختلف مقامات پر آئی ای ڈی بم نصب کئے، جن سے سیکیورٹی فورسز کو سخت نقصان پہنچا۔ دوسری جانب بھارتی سپریم کورٹ نے ناگالینڈ میں فائرنگ کرکے 13 نہتے شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارنے والے بھارتی سورماؤں کے خلاف مقدمہ چلانے کا حکم جاری کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے حکومت اور بالخصوص بھارتی فوج کی جانب سے اپنے شہریوں پر ظلم و زیادتیاں ڈھانے میں اضافہ ہوا ہے۔ 4 دسمبر 2021ء کو ناگالینڈ کے ضلع مون میں 30 بھارتی فوجیوں نے بلااشتعال فائرنگ کرکے 13 نہتے شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ بھارتی پولیس نے فوجیوں کے خلاف ٹھوس ثبوت ہونے کے باوجود مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا تھا۔ حال ہی میں سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت اور وزارت دفاع کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ناگالینڈ حکومت کی طرف سے داخل کی گئی درخواست پر نوٹس جاری کیا، جس میں ناگالینڈ حکومت کی جانب سے مقدمہ چلانے سے انکار کو چیلنج کیا گیا تھا۔
ترکیہ خفیہ ایجنسی کا استنبول میں آپریشن کرد علیحدگی پسندوں کا نیٹ ورک تباہ
ترک خفیہ ایجنسی نے دہشتگرد تنظیم PKK کے خفیہ نیٹ ورک کو تباہ کردیا۔ استنبول میں کرد تنظیم کی خفیہ سرگرمیوں میں ملوث صادق توپال اولو عرف خلیل اور محمد ساواش کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔ صادق توپال اولو نے غیرقانونی راستوں سے عراق میں خفیہ معلومات کی تربیت حاصل کی تھی۔ اس کے دہشتگردوں سے بھی روابط تھے۔ وہ ترکیہ میں آکر اخباری نامہ نگار کے بھیس میں دہشتگرد تنظیم کیلئے معلومات اکٹھی کیا کرتا تھا۔ اس کے علاوہ یہ دونوں ملزمان دہشتگرد تنظیم کیلئے مالی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھے۔
جرمنی کا یوکرینی امداد میں کمی کا فیصلہ، آئندہ برس نصف کردی جائے گی
جرمنی نے آئندہ سال یوکرین کی فوجی امداد کم کرنے کی تیاری کرلی۔ 2025ء کیلئے جرمنی کے بجٹ میں یوکرین کی فوجی امداد کو 8 ارب یورو سے کم کرکے 4 ارب یورو کردیا جائے گا۔ جرمنی کو امید ہے کہ یوکرین اپنی فوجی ضروریات کا بڑا حصہ G-7 کے منجمد روسی اثاثوں کی آمدن سے حاصل ہونے والے 50 ارب ڈالر کے قرضوں سے پورا کرسکے گا۔ واضح رہے کہ جرمنی نیٹو کی جانب سے مقررکردہ معیشت کا 2 فیصد دفاع پر خرچ کرنے کا ہدف حاصل کرنے میں مسلسل ناکام رہا ہے جس پر اسے سخت تنقید کا بھی سامنا ہے۔ جرمنی کے اسلحہ کے ذخائر جو پہلے ہی زوال کا شکار ہیں، وہ یوکرین کو فراہمی کی وجہ سے مزید کم ہوگئے ہیں۔ جرمنی نے یوکرین کو 3 پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم دیئے ہیں جس کے بعد برلن کے پاس ان دفاعی نظاموں کی تعداد 9 رہ گئی ہے، اسی طرح دیگر فوجی سازوسامان کا حجم بھی محدود ہوا ہے۔ دوسری جانب یوکرین کے وزیردفاع رستم عمروف نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے 5 لاکھ فوجی یوکرین کا محاصرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے خدشے کا اظہار کیا کہ روس آئندہ چند ماہ میں مزید 3 لاکھ فوجیوں کا اضافہ کرنے والا ہے۔ امریکا کی مغربی ریاست کولوراڈو میں ایسپن کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں وزیردفاع نے کہا کہ 2 سال سے جاری جنگ میں ساڑھے 5 ہزار روسی ہلاک ہوچکے ہیں۔ روس کا زیادہ انحصار کرائے کے فوجیوں پر ہے جن میں افریقا سے آنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ ادھر روس اور یوکرین کے درمیان 190 فوجیوں کا تبادلہ کیا گیا۔ روسی امور دفاع کے مطابق یوکرین کے ساتھ فوجی قیدیوں کا تبادلہ کیا گیا، جس کے دوران یوکرین نے روس کے 95 فوجی قیدی ماسکو روانہ کئے ہیں، جواب میں یوکرین کو بھی اسی تعداد میں فوجی واپس کئے گئے ہیں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ قیدیوں کا یہ تبادلہ متحدہ عرب امارات کی ثالثی سے ممکن ہوا ہے۔ رہائی سے قبل قیدیوں کا ماسکو کے عسکری طبی مراکز میں معائنہ کیا گیا۔
یوکرینی فوج میں جبری بھرتیوں کا انکشاف فرار ہونے پر گولی ماردی گئی
یوکرین میں فوج میں جبری بھرتیوں کے دوران فرار ہونے والے کو گولی ماردی گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق غیرقانونی طور پر ملک سے فرار ہونے کی مبینہ کوشش کرنے والے ایک شہری کو سرحدی محافظ نے پکڑ کر حراست میں لے لیا اور اس کے بعد گولی مار کر ہلاک کردیا۔ کیف حکومت نے فوج میں بھرتی کی ایک جارحانہ مہم شروع کررہی ہے جس کے بعد سے یوکرین کے مرد فوجی خدمات سے بچنے کے لئے سرحد پار ہمسایہ ممالک میں داخل ہورہے ہیں۔ اسٹیٹ بیورو آف انویسٹی گیشن (ایس بی آئی) نے کہا کہ بحیرۂ اسود کے ساحل پر جنوبی یوکرین کے علاقے اوڈیسا میں 4 افراد کو مالڈووان کی سرحد کی طرف پیدل جاتے ہوئے پکڑا گیا۔ ایس بی آئی نے کہاکہ سرحدی محافظوں نے انہیں سرحد پار کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا اور حراست میں لے لیا۔ ایس بی آئی نے مزید کہا کہ زیر حراست افراد میں سے ایک نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے سرحدی محافظ پر حملہ کردیا۔ اس کے جواب میں محافظ نے اپنا سروس ہتھیار استعمال کیا اور حملہ آور کو گولی مار دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔ سرحدی محافظوں کے ترجمان آندری ڈیم چینکو نے بتایا کہ سرحدی گارڈ نے اپنے دفاع میں اسلحہ استعمال کیا۔ ملک کی مغربی سرحد سے گزرنے والے دریائے تیسا کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران رواں برس ایک درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ حالیہ عرصے میں غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے درجنوں افراد کو حراست میں لیاگیا۔
امریکا کے ساتھ تعاون جوہری اتحاد میں تبدیل ہوگیا ہے، جنوبی کوریا
جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہمارا دوطرفہ تعاون جوہری اتحاد میں تبدیل ہوگیا۔ انہوں نے کابینہ اجلاس میں جنوبی کوریا اور امریکا کے اتحاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن میں 9 تا 11 جولائی کو منعقدہ نیٹو سربراہ اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ جوہری مزاحمت پلان طے پایا تھا۔ امریکا کوریا جزیرہ نما میں اپنی جوہری موجودگی کو امن اور جنگ کے زمانوں میں ایک خصوصی مشن کی شکل دے گا۔ ہم نے ایک ایسا پلان تشکیل دیا ہے جو شمالی کوریا کی طرف سے ہر طرح کے جوہری خطرے کا فوری جواب دے گا۔
شمالی کوریا کی امریکا، جنوبی کوریا جوہری معاہدے کی مذمت
شمالی کوریا نے جزیرہ نما کوریا میں جوہری دفاع اور کارروائی کے رہنما معاہدے کی مذمت کی ہے، جس پر امریکا اور جنوبی کوریا نے چند دن قبل دستخط کئے تھے۔ سرکاری کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق عوامی جمہوریہ کوریا نے کہا کہ ملک کی افواج جوہری جنگ کی روک تھام کی اپنی تیاری کے ساتھ ہر طرح سے قومی سلامتی کی ضمانت دیں گی۔ عوامی جمہوریہ کوریا نے اپنے خلاف جوہری جنگ کی تیاریاں تیز کرنے کے لئے امریکا اور جنوبی کوریا کی روایتی افواج نے انضمام اور جوہری معاہدے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ علاقائی فوجی تناؤ کو انتہا تک لے جائے گا۔