پی ایل اے کے یومِ تاسیس کے موقع پر جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقاد، کوئی طاقت پاک چین دوستی کو ختم نہیں کرسکتی، آرمی چیف
زاویہئ نگاہ رپورٹ
پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی 97 ویں تقریب میں چینی سفیر نے کہا ہے کہ کوئی بھی طاقت پاکستان اور چین کی دوستی اور دونوں افواج کے درمیان پائے جانے والے بھائی چارے کو ختم نہیں کرسکتی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جی ایچ کیو میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی اور پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زی ژونگ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تقریب میں چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے چینی مہمانوں کا استقبال کیا اور پی ایل اے کو مبارک باد دی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیرمعمولی ہیں، دونوں ممالک نے اسٹرٹیجک ماحول کے اتار چڑھاؤ میں ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں، دونوں فوجیں دوطرفہ فوجی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چینی سفیر نے پی ایل اے کے قیام کی 97 ویں سالگرہ پر تقریب کی میزبانی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی طاقت چین اور پاکستان کی دوستی اور دونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کو ختم نہیں کرسکتی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے خطاب میں چینی عوام، سویلینز، عسکری قیادت اور پیپلز لبریشن آرمی کے تمام رینکس کو مبارکباد دی۔ انہوں نے چین کی ترقی اور علاقائی
امن و استحکام کیلئے اہم قوت بننے میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا۔ جنرل ساحر شمشاد نے پاک چین قریبی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور انہیں مزید گہرا اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سی پیک، دفاعی تعاون اور علاقائی امن و استحکام پر چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں شہریوں اور فوجی افسران، صحافیوں، تاجروں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔