Thursday, November 21, 2024
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

اسٹرٹیجک نیوز

وزیردفاع خواجہ آصف کی نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات کے دوران پیچیدہ علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتِ حال اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے وزیردفاع کو میری ٹائم چیلنجز، ان سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کی منصوبہ بندی اور آپریشنل استعداد پر بریفنگ دی۔ وزیردفاع کو پاک بحریہ میں جاری مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ مزید برآں ملک کے ناقابل تسخیر سمندری دفاع کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ میں جدید ترین پلیٹ فارمز اور آلات کی حالیہ شمولیت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیردفاع نے ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کی اہمیت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان بحریہ میں شامل ہونے والے جدید جنگی بحری جہازوں اور جاری دیگر منصوبوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان بحریہ کو کم وسائل کے باوجود جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں عبور حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی وزارت موجودہ اقتصادی مشکلات کے باوجود پاک بحریہ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کرے گی۔
پاک بحریہ کے جہاز ”حنین“ کا ترکیہ کا دورہ بحری مشقوں میں شرکت
پاک بحریہ کے حال ہی میں کمیشن ہونے والے جہاز حنین نے رومانیہ سے پاکستان کی طرف اپنے سفر کے دوران ترکیہ کا دورہ کیا اور ترک کوسٹ گارڈ کے جہاز گیلیبولو کے ساتھ دوطرفہ بحری مشق Turgutreis میں شرکت کی۔ مشق کے دوران مختلف مشترکہ آپریشنز کئے گئے جس کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور آپریشنز کی صلاحیت کو بڑھانا تھا۔ قبل ازیں، پی این ایس حنین نے گلوچک اور اکساز میں ترک بحری بندرگاہوں کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر پاکستانی سفارتخانے اور ترک بحریہ کے اعلیٰ حکام نے جہاز کا استقبال کیا۔ گلوچک میں قیام کے دوران پی این ایس حنین کے کمانڈنگ آفیسر نے ترک بحریہ کے فلیٹ کمانڈر وائس ایڈمرل قادر یلدز اور گلوچک نیول بیس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی ٹونابیسال سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور دونوں بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بندرگاہ اکساز میں قیام کے دوران ترک بحریہ کے کمانڈر سیکنڈ ڈسٹرائز اسکواڈرن کموڈور کیپٹن چنک ٹاسلی نے ٹی سی جی گیلیبولو کے کمانڈنگ آفیسر کے ساتھ جہاز کا دورہ کیا اور خطے اور اس سے باہر سمندر میں بہتر نظم و نسق برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی این ایس حنین کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کا موقع فراہم کرے گا۔
پی این ایس ”حنین“ کا دورہ سعودی عرب
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ پی این ایس حنین کے دورہ سعودی عرب سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ وہ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ”حنین“ کے کمانڈر کیپٹن ہارون عزیز کی جانب سے جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں دیئے گئے تعارفی عشایئے میں بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ جس میں مغربی ریجن کے کمانڈر میجر جنرل احمد بن علی الدبئیس، مغربی بیڑے کے کمانڈر رئیرایڈمرل منصور بن سعود الجیاد، قونصل جنرل پاکستان خالد مجید، قونصلیٹ افسران، سعودی فوجی اور بحری حکام اور جدہ کمیونٹی کے اکابرین نے جدہ اسلامی بندرگاہ پر موجود جہاز ”حنین“ کے عشایئے میں شرکت کی۔ پاکستان قونصلیٹ جدہ کے پریس قونصلر محمد عرفان کے مطابق سفیر احمد فاروق نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری اور دیرینہ دوستی کی جڑیں گہری بنیادوں پر استوار ہیں، جو حکومتوں سے بڑھ کر عوام سے عوام کے مضبوط روابط تک پھیلی ہوئی ہیں۔ قبل ازیں جہاز پر مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کیپٹن ہارون عزیز نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، سعودی عسکری رہنماؤں اور پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید کا اس دورہ کے دوران ان کا اور جہاز کے عملے کا سعودی عرب میں بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے اراکین اور پیشہ ور افراد کو پاک بحریہ کے جہاز حنین کی مختلف صلاحیتوں اور پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا۔ پی این ایس حنین نے اپنا پہلا سفر رومانیہ سے شروع کیا، یہ ایک نیا کمیشنڈ جہاز ہے اور پاکستان کے راستے پر ہے جہاں اسے باقاعدہ طور پر پاک بحریہ میں شامل کیا جائے گا۔ تقریب کا اختتام رسم کیک کٹنگ اور عشایئے پر ہوا، جو جہاز کے عملے نے تیار کیا تھا۔
انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (آئی این ایس او)پاکستانی طلبا نے چاندی اور کانسی کے تمغے جیت لئے
پاکستانی طلبا نے پہلے بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (INSO) میں چاندی اور کانسی کے تمغے جیت لئے۔ ترجمان پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے مطابق پہلا نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ فلپائن میں منعقد ہوا۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی طلبا سلیمان، نعمان اور سبحان کاشف نے سلور میڈل حاصل کیا جبکہ احبان اعوان اور قاسم سلام نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ ترجمان پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا کہنا ہے کہ طلبا ٹیم کی تربیت پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی یونیورسٹی میں ہوئی۔ ترجمان کے مطابق کامیاب طلبا کا تعلق کراچی، لاہور اور راولپنڈی سے ہے۔
عراقی سیکریٹری دفاع کی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
عراق کے سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل احمد داؤد سلمان نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی، جنرل احمد داؤد سلمان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور مسلح افواج کی قربانیوں کی تعریف کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول ابھرتے ہوئے سیکیورٹی حالات اور دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور دفاعی تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مہمان شخصیت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا۔
فرانس: ایئرشو کے دوران طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک
فرانس میں ایئر شو کے دوران طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔ واقعہ جنوبی فرانس کے شہر لاوانڈا میں پیش آیا، جہاں ایئر شو کے دوران فوگا میجسٹر جیٹ بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہوگیا اور پائلٹ ہلاک ہوگیا۔ مقامی حکام کے مطابق پائلٹ کی لاش سمندر سے نکال لی گئی ہے جبکہ حادثے کی وجوہ جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہے۔ تباہ ہونے والا طیارہ 1964ء سے 1980ء تک فرانسیسی فضائیہ کے استعمال میں رہا تھا۔ ایئر شو میں فرانسیسی فضائیہ کی پیٹروئل ڈی فرانس ایروبیٹکس ٹیم بھی شامل تھی، جس نے حادثے کے بعد ایونٹ میں اپنا مظاہرہ منسوخ کردیا۔
عراق سے امریکی اتحادی فوج کا انخلا مؤخر
عراقی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کی زیرقیادت اتحادی مشن کا عراق سے جانے کی تاریخ کا اعلان مؤخر کردیا گیا ہے، تاہم اس کی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ وزارت خارجہ نے بتایا کہ دونوں ممالک کے حکام پر مشتمل ہائر ملٹری کمیشن نے فوجی مقامات سے مشیروں کو واپس بلانے کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ عراق میں اتحاد کی موجودگی ختم کرنے کے معاہدے تک پہنچنے سے قبل صرف اعلان کی تاریخ پر اتفاق، نقل و حمل کے پہلوؤں اور دیگر تفصیلات پر اتفاق باقی رہ گیا۔ وزارتِ خارجہ کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ انخلا کی تاریخ کا اعلان ستمبر کے اوائل میں متوقع ہے۔
چین نے 11 نئے جوہری ری ایکٹرز کی منظوری دے دی
سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ چین نے پانچ مقامات پر 11 جوہری ری ایکٹرز کی منظوری دے دی، جیسا کہ ملک جیواشم ایندھن کی وجہ سے بڑھتے ہوئے اخراج سے نمٹنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ عالمی نیوکلیئر ایسوسی ایشن کے مطابق چین کے پاس اس وقت 56 آپریٹنگ ری ایکٹر ہیں، جو اس کی مجموعی بجلی کی پیداوار کا تقریباً پانچ فیصد ہیں۔

آسٹریلیا اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی سیکیورٹی معاہدہ
آسٹریلیا اور انڈونیشیا نے نئے سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کئے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ اس معاہدے کے تحت مشترکہ فوجی مشقوں اور دوروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا، حالانکہ انسانی حقوق کے حامیوں نے حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیس نے کینبرا میں انڈونیشیا کے وزیر دفاع اور صدارتی امیدوار پرابوو سوبیانتو سے ملاقات کی۔ اس دوران البانیس نے کہا کہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سب سے اہم ہیں۔ رہنماؤں نے معاہدہ مذاکرات کے اختتام کا اعلان کیا لیکن صحافیوں کو معاہدے کے بارے میں سوالات کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ یہ معاہدہ بین الاقوامی قانون کے تحت پابند ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔ آسٹریلیا جنوب مشرقی ایشیا اور بحرالکاہل میں اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کو گہرا کرنے کی کوشش کررہا ہے، جو جزوی طور پر چین کے اثرورسوخ کا مقابلہ کرنے کیلئے ہے۔ آسٹریلوی وزیردفاع رچرڈ مارلس کے آنے والے دنوں میں معاہدے پر دستخط کرنے کیلئے انڈونیشیا کا دورہ کرنے کی امید ہے۔ مارکلس نے معاہدے کو دونوں ممالک کی قومی سلامتی کیلئے ایک اہم لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں افواج کے درمیان مزید مشقوں کی راہ ہموار ہوگی، تاہم اس معاہدے میں انسانی حقوق کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ ہیومن رائٹس واچ نے آسٹریلوی حکومت پر زور دیا کہ وہ انڈونیشیا کے ساتھ اپنے مذاکرات میں انسانی حقوق سے متعلق وعدوں کو شامل کرے، خاص طور پر مغربی پاپوا میں۔ مغربی پاپوا میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر انڈونیشیا میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق 2018ء کے اواخر سے اب تک 100,000 پاپوان بے گھر ہوچکے ہیں اور آسٹریلیا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کا فوجی سازوسامان انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں استعمال نہ ہو۔
سعودیہ نے کمبائنڈ ٹاسک فورس کی کمان کویت کے حوالے کردی
سعودی عرب کی رائل نیول فورسز نے امریکی نیول سپورٹ ایکٹیویٹی بحرین میں ایک تقریب کے دوران کمبائنڈ ٹاسک فورس 152 کی کمان کویت کے حوالے کردی۔ کویتی نیول فورسز کے کمانڈر کیپٹن طلال الکندری نے سعودی بحریہ کے کیپٹن عاصم بن مرعی العمری سے کمبائنڈ ٹاسک فورس کی کمان سنبھال لی۔ سعودی رائل نیول فورسز کی قیادت میں کمبائنڈ ٹاسک فورس نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے نفاذ، گلوبل شپنگ کے محفوظ روٹ کو یقینی بنانے اور مجرمانہ اور دہشتگردانہ سرگرمیاں روکنے کے لئے متعدد خصوصی آپریشنز کئے۔ ان میں امریکی فورسز کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں، مشترکہ پیٹرولنگ، فوکسڈ مشنز کے ساتھ کمانڈ سینٹر کی تربیت اور جہازوں کے معائنے کے کورسز شامل ہیں۔ سال 2004ء میں قائم ہونے والی کمبائنڈ ٹاسک فورس 152، بحرین میں کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے زیرانتظام پانچ ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے۔ جس کا مقصد علاقائی بحری تعاون کو فروغ دینا، خلیج عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی کو بڑھانا، بین الاقوامی پانیوں کا تحفظ، غیرقانونی سرگرمیوں اور دہشتگردی کے خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔
ترک فوج نے شمالی عراق میں 12 کرد جنگجوؤں کو ہلاک کردیا
ترک وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ترکیہ کی فوج نے شمالی عراق میں 12 کرد جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک فوج نے شمالی عراق میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے 12 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔ کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے خلاف عراق میں کلا لاک (Claw-Lock) نامی آپریشن جاری ہے۔ واضح رہے کہ کالعدم کردستان ورکرز پارٹی 1984ء سے ترک ریاست کے خلاف بغاوت کررہی ہے۔ ترکیہ، امریکا اور یورپی یونین نے اسے دہشتگرد تنظیم قرار دیا ہے۔ اس تنازعے میں 40 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
جنگی سامان خریدنے کے لئے امریکا کا اسرائیلی فوج کواربوں ڈالر دینے کا اعلان
اسرائیلی فوج کیلئے اسلحہ اور فوجی سازوسامان خریدنے کیلئے امریکا نے مزید فنڈز دینے کا اعلان کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکا اسرائیل کو 3.5 ارب ڈالر فراہم کرے گا جو اسرائیلی فوج کیلئے ہتھیار اور فوجی سازوسامان پر خرچ کئے جائیں گے۔ امریکی عہدیدار نے کہا کہ ہتھیاروں اور جنگی سازوسامان کی خریداری کیلئے امریکا کی جانب سے جلد ہی اسرائیل کو 3.5 ارب ڈالر جاری کرنے کا امکان ہے۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو آئندہ کچھ ماہ میں رقم جاری کردی جائے گی جبکہ امریکی کانگریس پہلے ہی رقم کی منظوری دے چکی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیل کو 3.5 ارب جاری کرنے کا فیصلہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باوجود سامنے آیا جس میں اب تک ہزاروں افراد کی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔
ڈرون ٹیکنالوجی نے ایرانی اور اُس کی حمایت یافتہ ملیشیا کو مضبوط کردیا
اسرائیل کو نشانہ بنانے میں راکٹ اور میزائل وہ کردار ادا نہیں کرسکتے جو ڈرون ادا کرسکتے ہیں۔ ایران نے ڈرون ٹیکنالوجی میں مہارت بڑھا کر اپنے لئے ایسے ہتھیار کا اہتمام کیا ہے جو اسرائیل کیلئے حقیقی معنوں میں دردِسر کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ ایک رپورٹ میں ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران اور اس کے حمایت یافتہ عسکریت پسند گروپوں کیلئے اب ڈرونز کی شکل میں ایک ایسا ہتھیار ہے جو اسرائیل کے خلاف استعمال کئے جانے کی صورت میں زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوسکتا ہے اور ہوا بھی ہے۔ العربیہ نے لکھا ہے کہ تین چار ماہ کے دوران ایران اور اُس کے حمایت یافتہ عسکریت پسند گروپوں بالخصوص حزب اللہ نے ڈرونز کے ذریعے اسرائیل میں دور تک وار کئے ہیں۔ اسرائیل کے پاس فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم ہے جو بیشتر معاملات میں کارگر ثابت ہوا ہے تاہم اب ڈرونز اُس کیلئے حقیقی چیلنج بن کر ابھرتے ہیں۔ یہ بات نوٹ کی گئی ہے کہ اگر سرحد کے نزدیکی علاقوں پر ڈرونز سے حملے کئے جائیں تو فضائی دفاعی نظام زیادہ کارگر ثابت نہیں ہوتا کیونکہ فوری ریسپانس دینے کی زیادہ گنجائش نہیں ہوتی۔ قریب اہداف وقت کی گنجائش نہیں چھوڑتے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے راکٹ اور میزائلوں سے تو اپنا دفاع آسانی سے کیا تھا تاہم ڈرونز اُس کیلئے بہت پریشان کن ثابت ہوئے ہیں۔ اسرائیلی دفاعی ماہرین اس حوالے سے دفاعی صلاحیت کا معیار بلند کرنے پر زور بھی دے رہے ہیں اور توجہ بھی مرکوز کئے ہوئے ہیں۔
ایران کی جانب سے بڑے حملے کیلئے تیار رہنا چاہئے، جان کربی
امریکا کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے بڑے حملے کیلئے ہمیں تیار رہنا چاہئے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنا دفاع کرسکتا ہے اور اسرائیل کو دفاع میں مدد کیلئے امریکا موجود ہے۔ دوسری جانب پاسداران انقلاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔
پاکستان کا زمین سے زمین پر مار کرنے والےبیلسٹک میزائل ”شاہین ٹو“ کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ”شاہین ٹو“ کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ”شاہین ٹو“ کا کامیاب تجربہ کیا ہے، تربیتی لانچ کا مقصد ٹروپس کی تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کا جائزہ لینا تھا، اس کا مقصد بہتر درستگی اور بہتر بقا کے لئے شامل مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا بھی تھا، سائنسدانوں نے اس تاریخی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بیلسٹک میزائل کے تجربے کا مشاہدہ اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن، آرمی اسٹرٹیجک فورسز کمانڈ، سائنس دانوں اور اسٹرٹیجک تنظیموں کے انجینئرز کے سینئر افسران نے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا، جن کی کارکردگی سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔
مشرق وسطیٰ میں گائیڈڈ میزائل آبدوز تعیناتی کا امریکی فیصلہ
امریکا کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں گائیڈڈ میزائل آبدوز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر متوقع جوابی حملے کے پیش نظر امریکی سیکریٹری دفاع لائیڈ آسٹن نے گائیڈڈ میزائل آبدوز یو ایس ایس جارجیا کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے یو ایس ایس ابراہم لنکن بحری بیڑے کو بھی خطے میں فوری طور پر پہنچنے کا حکم جاری کیا۔ امریکی میڈیا میں بتایا گیا ہے کہ گائیڈڈ میزائل آبدوز کو تعینات کرنے کا اعلان امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے لائیڈ آسٹن اور اسرائیلی وزیردفاع کے مابین ہونے والی بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو تہران میں ایک ٹارگٹڈ دہشتگرد حملے میں شہید کردیا گیا تھا، جس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا جارہا ہے اور ایران کی جانب سے اس واقعے کا بدلہ لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ترکیہ اور مصری صدور کی زیرصدارتاسٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کا اجلاس رواں ماہ ہوگا
مصر کے صدر عبدالفتاح سیسی ستمبر کے اوائل میں ترکیہ کا دورہ کریں گے۔ 2014ء میں مصر کے اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد سیسی کا یہ پہلا دورۂ ترکیہ ہے۔ اس دورے میں سیسی ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تبادلے کو بڑھانے پربات کریں گے۔ اس کے علاوہ خطے کے بحرانوں کے حل کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کے طریقوں پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ اس موقع پر سیسی اور اردوان اسٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
نائیجر: امریکا نے آخری اڈا بھی مقامی حکومت کے حوالے کردیا
امریکا نے اپنی باقی ماندہ فوجی یونٹوں کو بھی نائیجر سے نکال کر ملک میں موجود آخری فوجی بیس بھی مقامی انتظامیہ کے حوالے کردیا۔ امریکی وزارت دفاع پینٹاگون اور نائیجر کی وزارتِ دفاع نے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پینٹاگون نے آگاڈیز شہر میں موجود 201 ویں اور آخری فوجی ایئربیس بھی نائیجر کے فوجی حکام کو منتقل کردیا ہے۔ بیان میں بیس پر موجود اہلکاروں اور فوجی سازوسامان کی انخلا کی کاروائیوں کے لئے باہمی ربط و ضبط کا ذکر کیا گیا اور کہا گیا کہ امریکا اور نائیجر کی فوج کے درمیان تعاون اور رابطے نے منتقلی کے عمل کو طے شدہ پروگرام سے قبل مکمل کردیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اس سلسلے میں ایئربیس کے ایک ہینگر پر تقریب منعقد کی گئی، جس میں مشترکہ بیان پڑھا گیا اور اس کے بعد فریقین نے اختیارات کی منتقلی کے دستاویزات پر دستخط کئے۔ واضح رہے کہ نائیجر نے 17 مارچ کو امریکا کے ساتھ 12 سال قبل طے کئے گئے فوجی تعاون سمجھوتے کی منسوخی کا اعلان کیا تھا اور امریکی فوجیوں کے ملک سے فوری انخلا کا مطالبہ کیا تھا۔ امریکا نے بھی جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ 15 ستمبر تک نائیجر سے فوجی انخلا مکمل ہوجائے گا۔

مطلقہ خبریں