پاکستان اور چین کے درمیان ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ پر دوطرفہ مشاورت کا نواں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی ڈائریکٹر جنرل (آرمز کنٹرول اور تخفیف اسلحہ ڈویژن) سفیر طاہر اندرابی اور سن شیاؤبو ڈائریکٹر جنرل (آرمز کنٹرول ڈیپارٹمنٹ)، وزارتِ خارجہ امور عوامی جمہوریہ چین نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فریقین نے ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر عالمی اور علاقائی سلامتی، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، سائبر سیکیورٹی، مصنوعی ذہانت، بیرونی خلا اور جوہری ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال میں دوطرفہ تعاون، کثیرالجہتی فورمز پر ایجنڈا اور حرکیات بشمول اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی، تخفیف اسلحہ کی کانفرنس، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے)، کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کی تنظیم (او پی سی ڈیبلو) اور اس سے متعلق مختلف کنونشنز/ٹریٹی باڈیز سمیت تخفیف اسلحہ کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل سن شیاؤبو نے سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ سے بھی ملاقات کی۔ پاک چین دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار کو اُجاگر کرتے ہوئے انہوں نے پاک چین اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کے ایک اہم حصے کے طور پر ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ پر باقاعدہ تبادلوں اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور چین آئندہ سال بیجنگ میں ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ پر دوطرفہ مشاورت کا 10واں اجلاس منعقد کریں گے۔