کراچی ایکسپو سینٹر میں 19 سے 22 نومبر تک دفاعی نمائش ہوگی
پاکستان کی ڈیفنس انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لئے آئیڈیاز (آئیڈیاز-2024) کے 12ویں ایڈیشن کا انعقاد 19 سے 22 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں کیا جائے گا۔ یہ نمائش ہر دو سال بعد وزارتِ دفاع اور دفاعی پیداوار کے تحت منعقد کی جاتی ہے۔ اس بین الاقوامی دفاعی نمائش میں پاکستان میں تیار کردہ دفاعی سازوسامان پیش کئے جائیں گے۔ دُنیا بھر سے اہم دفاعی کمپنیاں بھی اپنے سازوسامان کی نمائش کریں گی۔ آئیڈیاز بین الاقوامی شراکت داروں کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جہاں وہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ تقریب میں خطے کے اعلیٰ حکومتی عہدیدار، سفارتکار، چیمبرز آف کامرس کے صدور، تاجر برادری اور میڈیا سے منسلک افراد شرکت کریں گے۔ دفاعی پیداوار اور برآمدات SIFC کے ترجیحی شعبوں میں شامل ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان کی پبلک اور پرائیویٹ ڈیفنس انڈسٹریز نے دفاعی سازوسامان کی تیاری میں انتہائی مہارت حاصل کی ہے، جو ڈیفنس انڈسٹری میں خودانحصاری کی طرف اہم سنگ میل ہے۔
بھارت نے اپنا چوتھا جوہری پاورڈ سب میرین لانچ کردیا
چین کے ساتھ جاری تناؤ کم کرنے اور کینیڈا کے ساتھ سفارتی تنازع کے درمیان، بھارت نے خاموشی سے اپنے چوتھے جوہری طاقت کے حامل بیلسٹک میزائل (SSBN) سب میرین کو لانچ کردیا ہے۔ نیا مقامی طور پر تیار کردہ سب میرین کو کوڈ نام 4-S دیا گیا ہے اور یہ جوہری ہتھیاروں سے لیس میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارت نے اپنا پہلا مقامی SSBN، 2009ء میں لانچ کیا اور اسے 2016ء میں کمیشن کیا۔ اس سال کے شروع میں بھارتی بحریہ نے 29 اگست 2024ء کو اپنا دوسرا SSBN، INS Arighaat شامل کیا۔ تیسری سب میرین INS Aridaman، 2025ء میں کمیشن ہونے کی توقع ہے۔ INS Aridaman کی شمولیت کا مطلب یہ ہوگا کہ بھارت کی دوسرے حملے کی جوہری صلاحیت اگلے سال تک مکمل طور پر فعال ہوجائے گی۔ INS Aridaman جسے ”دشمن کا قاتل“ بھی کہا جاتا ہے، K-4 زیرسمندر میزائلوں سے لیس ہے جو 3,500 کلومیٹر تک پرواز کرسکتے ہیں۔ دریں اثنا، INS Arihant اور INS Aridaman K-15 میزائلوں سے مسلح ہیں جن کی رینج 750 کلومیٹر ہے، جو ان کی حملہ کرنے کی صلاحیت کو محدود کرتی ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق S-4 کا افتتاح وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے 16 اکتوبر کو کیا۔
آرمی چیف سے بیلاروسی وزیراعظم کی ملاقات دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بیلاروس کے وزیراعظم رومن گولوچینکو کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سیکیورٹی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولوچینکو نے ملاقات میں علاقائی پہلوؤں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عالمی اور علاقائی امور میں بیلاروس کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان فوجی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم گولوچینکو نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان کی مسلح افواج کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو بھی سراہا۔
روسی فیڈریشن مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات
روسی فیڈریشن کی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل سرگئی یورویووچ استراکوف جنہوں نے سرکاری طور پر پاکستان کا دورہ کیا نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں جانب سے دفاعی تعاون کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور علاقائی امن واستحکام کے فروغ کے لئے خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتِ حال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر معزز مہمان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا سے سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر کی ملاقات
چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان سری لنکا کیساتھ اپنے پائیدار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی پہنچے، جہاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ سیکیورٹی اور دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان دفاع اور سلامتی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کا عزم رکھتا ہے۔ سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا۔ سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں اور علاقائی امن واستحکام کیلئے کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر آمد پر تنیوں مسلح افواج کے دستے نے سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ایران، روس اور عمان کی مشترکہ بحری مشقیں، پاکستان بھی شریک
ایران نے بحر ہند میں روس اور سلطنت عمان کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز کردیا۔ آئی میکس 2024ء مشقوں میں پاکستان، سعودی عرب اور بھارت سمیت 9ممالک بطور مبصر بھی شریک ہیں۔ ان مشقوں کا مقصد علاقے میں اجتماعی سیکیورٹی کو فروغ دینا، کثیرالجہتی تعاون کو بڑھانا، امن، دوستی اور سمندری سیکیورٹی کی حفاظت کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنا ہے۔ شرکا نے بین الاقوامی سمندری تجارت کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے، سمندری راستوں کی حفاظت، انسانی امدادی اقدامات کو بہتر بنانے اور بچاؤ، امداد کی کارروائیوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرنے کیلئے حکمت عملی کی مشق کی۔ موجودہ مشقوں کے مشاہدے میں سعودی عرب، قطر، بھارت، پاکستان، بنگلادیش اور تھائی لینڈ بطور مبصر شامل ہیں۔ یہ مشقیں اس وقت منعقد ہورہی ہیں جب خطے میں اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ ایران کے ساتھ کشیدگی بھی بڑھ چکی ہے، اس صورتِ حال کے جواب میں ایران نے روس اور چین کے ساتھ اپنی عسکری تعاون میں اضافہ کردیا ہے۔ مارچ میں ایران، چین اور روس نے عمان کی خلیج میں اپنی پانچویں مشترکہ سمندری مشقیں منعقد کی تھیں۔
پاکستانی کیڈٹس کا انٹرنیشنل نیول اکیڈمیسیلنگ چیمپئن شپ میں تاریخی کارنامہ
پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کی جانب سے برازیل میں بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقدہ 79ویں بین الاقوامی نیول اکیڈمی سیلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے سلور میڈل اور مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرکے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا۔ جے24 بوٹ کیٹیگری میں دُنیا بھر سے کل 9 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں پاکستان سمیت برازیل، چین، اٹلی، پرتگال، ارجنٹائن، کولمبیا، پیرو اور بھارت کی نیول اکیڈمیز کے کیڈٹس شامل تھے۔ اس موقع پر پی این اے کی ٹیم کے کپتان نے فتح کو پاکستان نیول اکیڈمی کی معیاری تربیت سے منسوب کیا۔ واضح رہے کہ رواں سال اگست میں سری لنکا میں ہونے والی انٹرنیشنل سیلنگ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پی این اے کے کیڈٹس کی گزشتہ 3 ماہ کے دوران بین الاقوامی چیمپئن شپس میں یہ مسلسل دوسری شاندار کارکردگی ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے پی این اے کی فاتح ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر مسلسل شاندار کارکردگی دکھانے پر فیکلٹی اور انسٹرکٹرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
امریکا، جاپان، فلپائن، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ مشقیں
فلپائن میں امریکا، جاپان، فلپائن، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی بحریہ نے مشترکہ مشقیں کیں۔ جاپان کی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے تباہ کن جہاز اور چار دیگر ممالک کے بحری جہازوں نے بحیرۂ جنوبی چین میں مشترکہ مشق کی۔ جاپان کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ تباہ کن جہاز ”سازا“ نامی نے فلپائن کے خصوصی اقتصادی زون میں مشق کے دوران امریکا، فلپائن، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ حصہ لیا۔ مشق سے قبل جاپان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے جہاز آبنائے تائیوان سے گزرے۔ دوسری جانب چینی حکومت نے آبنائے تائیوان میں جنگی جہازوں کی آمد کو اشتعال انگیزی قرار دے کر شدید مذمت کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس کا دورہ
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کثیرالملکی مشق انڈس شیلڈ 2024ء کا مشاہدہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو نے آرمی چیف کا استقبال کیا، اس موقع پر بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔ فوجی مشق خطے کی کثیر ممالک مشق ہے جس میں 24 ممالک کی فضائیہ حصہ لیتی ہیں، مشق کا ماٹیو اسٹرونگر وین ٹوگیدر ہے۔ کثیرالملکی مشق کا مقصد جدید سہولتوں کے ذریعے پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تربیت کو بہتر بنانا ہے۔ آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور مختلف جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے مشق آپریشنز، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو پاک فضائیہ کو جدید بنانے اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ جنرل عاصم منیر نے پی اے ایف فائٹر جیٹ کا فضائی مظاہرہ بھی دیکھا۔ آرمی چیف ایئر کریو سے بھی ملے اور وطن کی حفاظت کے لئے ان کے عزم اور صلاحیتوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے بین افواج کے تعاون کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آپریشنل کامیابی کے لئے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ نے دورہ کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کے دورے سے بری اور فضائی افواج میں تعاون، تربیت اور آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے پر بریفنگ دی۔ ایئر چیف کا کہنا تھا کہ انڈس شیلڈ مشق شریک ممالک کی افواج کی صلاحتیوں کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔ مشق سے شریک ممالک کی فوج کو جنگی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
پاک، امریکی بحریہ کی بحیرۂ عرب میں دوطرفہ مشقوں کا انعقاد
امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس اوکین نے کراچی کا دورہ کیا اور بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس بابر کے ساتھ دوطرفہ مشقوں میں حصہ لیا۔ مشق کا مقصد باہمی تعاون کو بڑھانا اور علاقائی بحری امن کیلئے دونوں ممالک کی بحریہ کے مشترکہ عزم کا اظہار کرنا تھا۔ پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دورے کے دوران یو ایس ایس اوکین کے کمانڈنگ افسر نے کمانڈر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل عبدالمنیب سے ملاقات کی۔ جس میں دونوں بحری افواج کے مابین باہمی تعاون اور بحری آپریشنز کی تیکنیکل مہارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ دورہ اور دوطرفہ مشقیں عالمی شراکت داروں کے ساتھ علاقائی امن اور بحری استحکام کے فروغ کیلئے پاک بحریہ کے عزم کی عکاس ہیں۔ یہ شراکت داری علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر انسداد دہشتگردی، قذاقی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ امریکی بحریہ کے جہاز کا دورہ پاکستان دونوں بحری افواج کے مابین بالعموم اور دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔