دورہ 14 سے 16 اکتوبر تک کیا گیا اور شمالی بحیرہ عرب میں دوطرفہ مشقیں بھی کی گئیں
زاویہئ نگاہ رپورٹ
اطالوی بحریہ کے ایئر کرافٹ کیریئر کاوور ( کیوور) اور فریگیٹ الپینو ( الپینو ) نے 14 سے 16 اکتوبر تک کراچی کا دورہ کیا اور شمالی بحیرہ عرب میں دوطرفہ مشقیں کیں۔ مشق کا مقصد سمندر میں مشترکہ آپریشنز کے دوران باہمی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارت کو بڑھانا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کاوور ( کیوور) کراچی بندرگاہ میں آنے والا اٹلی کا پہلا ایئر کرافٹ کیریئر ہے، کراچی آمد پر پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور اطالوی سفیر نے جہازوں کا استقبال کیا۔ اطالوی جہاز کے ہمراہ اٹالین نیوی کے اعلیٰ حکام اور دفاعی صنعت کے وفد نے بھی کراچی کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل عباسی نے اطالوی ایئر کرافٹ کیریئر کا دورہ کیا، اطالوی سفیر اور بحریہ کے اعلیٰ حکام نے کمانڈر پاکستان فلیٹ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور مستقبل میں بحری شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دورے کے دوران پاک بحریہ اور اطالوی ایئر کرافٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ، بشمول جدید F-35 Lightning II لڑاکا جہاز نے مختلف مشقیں بھی کیں۔ اس موقع پر اطالوی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ خطے کی اہم بحری قوت ہے اور پاک اطالوی معاشی و دفاعی تعاون کے روشن امکانات ہیں۔