Thursday, November 21, 2024
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا دورۂ پاکستان

پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، زراعت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا
زاویہئ نگاہ رپورٹ
پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، زراعت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ غزہ اور کشمیر سمیت علاقائی امور پر اپنے پختہ مؤقف کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کئے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ون آن ملاقات اور وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی، جس میں دونوں وزرائے اعظم نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بات چیت میں دوطرفہ مفاد کے متعدد شعبوں کے ساتھ ساتھ فلسطین اور کشمیر سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کی کوششوں کے سلسلے میں اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان ملائیشیا کو سالانہ 200 ملین ڈالر مالیت کا حلال گوشت اور ایک لاکھ میٹرک ٹن باسمتی چاول برآمد کرے گا۔ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان کُل تجارت ایک اعشاریہ چار بلین امریکی ڈالر رہی جس میں پام آئل، ملبوسات، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور کیمیکل پر مبنی مصنوعات اور الیکٹرک اور الیکٹرانک مصنوعات شامل ہیں۔ واضح رہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں پاکستان ملائیشیا کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے باسمتی چاول کی برآمد پر تبادلہ خیال کے علاوہ دونوں فریقین نے پاکستان سے ملائیشیا کو سالانہ 200 ملین ڈالر مالیت کا حلال گوشت برآمد کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کے چاول کی درآمد میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے علاوہ دفاع، سیاحت، زراعت، گرین انرجی، ہنر مند افرادی قوت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں مزید تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے لئے شاندار اجلاس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فریقین اس بات پر متفق ہیں کہ دونوں ممالک مشترکہ طور پر تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کی نئی بلندیوں کی جستجو کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔ دوسری جانب پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اسٹرٹیجک امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ملائیشین وزیراعظم کی ملاقات میں پاکستان، ملائیشیا دوطرفہ تعلقات بالخصوص فوجی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے علاقائی امن واستحکام میں افواج پاکستان کے کردار اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

مطلقہ خبریں