Wednesday, January 29, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

پاکستان اور روس کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

روسی وزیراعظم کی شہباز شریف سے ملاقات، نئے منصوبوں کے امور پر تبادلہ خیال، دونوں ممالک میں ایک دوسرے کی زبان کے فروغ پر گفتگو.روس کا پاکستان میں مواصلات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی روسی وزیراعظم کی ملاقات
زاویہئ نگاہ رپورٹ
وزیراعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر روس کے وزیراعظم میخائل مشوستنکی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔ دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا اور گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجارت، صنعت، توانائی، علاقائی روابط، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ شہباز شریف نے اپنے پہلے دورہ ماسکو کا بھی ذکر کیا جو کہ ان کا کسی بھی ملک کا پہلا دورہ تھا۔ وزیراعظم نے اپنے دورے کی یادوں کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے روس کے ساتھ دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی مذاکرات کو تیز کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ شہباز شریف نے برکس میں پاکستان کے لئے تعاون پر روسی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے رواں برس جولائی میں آستانہ میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کیا جس کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا تھا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے مابین مواصلاتی روابط کے فروغ کے لئے براہ راست پروازوں کی اہمیت پر زور دیا۔ روسی وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہان حکومت اجلاس کے لئے پاکستان کی جانب سے کئے گئے شاندار انتظامات کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے روسی وفد کے پُرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ملاقات میں روس پاکستان تعاون کو مزید فروغ دے کر نئی بلندیوں پر پہنچانے کی اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط کے فروغ کے لئے روسی اور اردو زبان کے تدریسی تبادلوں اور سرمایہ کاری و تجارت کی سہولت کے لئے بینکنگ کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ اسلام آباد میں روس کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ دمتری ژراؤف اور وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں روس اور پاکستان کے درمیان مواصلات کے شعبے میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی نائب وزیر ٹرانسپورٹ نے مواصلات سیکٹر میں سرمایہ کاری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں نئے منصوبوں کے امور پر بھی غور کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین افغانستان کے ذریعے وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک اہمیت کا حامل ہوگا، وزراء نے اپنی گفتگو میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس کو مواصلات کے شعبے میں اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری مواصلات اور سیکریٹری ریلویز نے بھی شرکت کی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے آئے روسی وزیراعظم نے اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آرمی چیف سے روسی وزیراعظم نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔

مطلقہ خبریں