حکمت عملی میں ڈس انفارمیشن مہم، دہشت گردی کا فروغ اور پاکستان کی عالمی ساکھ کو داغدار کرنے کی منظم کوششیں شامل لیب نے 65 ممالک میں سینکڑوں جعلی ویب سائٹس کو بے نقاب کیا تھا جنہوں نے گمراہ کن مواد شائع کیا ہے مودی حکومت کے ہائبرڈ جنگی حربے علاقی استحکام کیلئے شدید خطرے کا سبب ہیں، کے ایم ایس کی رپورٹ میں انکشافات
زاویہئ نگاہ رپورٹ
بھارت نے پاکستان کے خلاف اپنی ہائبرڈ جنگ کا دائرہ وسیع کرلیا ہے اور اس نے مملکت خداداد کو غیرمستحکم کرنے کے لئے کثیرجہتی حکمت عملی اپنائی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کی ”پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار“ کے عنوان سے ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے کئی محاذروں پر پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ چھیڑ رکھی ہے جس میں ڈس انفارمیشن مہم، دہشت گردی کو فروغ دینا اور پاکستان کی عالمی ساکھ کو داغدار کرنے کی منظم کوششیں شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو نشانہ بنانے کے لئے بھارت کی ہائبرڈ حکمت عملی میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کا پھیلاؤ بڑے پیمانے پر شامل ہیں، بھارت غلط معلومات اور بے بنیاد خبروں کے ذریعے پاکستان کو دہشت گرد گروپوں کا حامی قرار دینے کی کوشش کرتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت غلط معلومات پھیلانے کی کوششوں میں بارہا بے نقاب ہوا ہے، متعدد بین الاقوامی تحقیقات نے بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف چلائے جانے والے کئی جعلی نیوز نیٹ ورکس کا پردہ فاش کیا ہے۔ کے ایم ایس نے اپنی رپورٹ میں برطانیہ کے DisinfoLab کا حوالہ دیا ہے جس نے جعلی میڈیا آؤٹ لیٹس اور غیرسرکاری تنظیموں کے ایک وسیع نیٹ ورک کا انکشاف کیا تھا جو بھارتی مفادات کے تحت چلائے جاتے ہیں۔ لیب نے تقریباً 65 ممالک میں سینکڑوں جعلی ویب سائٹس کو بے نقاب کیا تھا جنہوں نے پاکستان کو منفی انداز میں پیش کرنے کے لئے گمراہ کن مواد شائع کیا۔ یہ نیٹ ورکس پاکستان مخالف بیانیے کو پھیلانے اور حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو بدنام کر نے کے لئے یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے اندر پالیسی سازوں کو متاثر کرنے کے لئے ڈیزائن کئے گئے تھے۔ رپورٹ میں بی بی سی اور الجزیرہ کی تحقیقات کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جو اس دعوے کی تصدیق کرتی ہیں کہ بھارت نے پاکستان کو نشانہ بنانے کے لئے ایک وسیع پیمانے پر غلط معلومات کی مہم چلائی ہے۔ یہ تحقیقات بتاتی ہیں کہ بھارت غلط معلومات کے ذریعے پاکستان کو دہشت گردی کا حامی قرار دینے کی ایک بڑی مہم چلا رہا ہے۔ کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ مودی حکومت کے ہائبرڈ جنگی حربے علاقی استحکام کے لئے شدید خطرے کا سبب ہیں، تاہم پاکستانی اور کشمیری اس کے ہائبرڈ جنگی حربوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ بھارت کی ہائبرڈ جنگی کارروائیوں کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔