Saturday, April 19, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

بھارت کا جنگی جنون۔۔ ہائپر سونک میزائل کا تجربہ۔۔

اس میزائل تجربے کے بعد سے انڈین فوج اب جدید اسلحہ رکھنے والی افواج کی صف میں شامل ہوگئی ہے
زاویہئ نگاہ رپورٹ
نئی دہلی کا جنگی جنون، بڑے پیمانے پر مار کرنے والے ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس سے انڈین فوج اب جدید اسلحہ رکھنے والی افواج کی صف میں شامل ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میزائل کو بھارت کی مشرقی ریاست اُڑیسہ میں واقع اُس جزیرے سے داغا گیا جسے سابق بھارتی صدر اور بھارت کے میزائل پروگرام کے ماسٹر مائنڈ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام سے موسوم کیا گیا ہے۔ انڈیا سے قبل ہائپر سونک میزائل بنانے والے ممالک میں امریکا، روس اور چین شامل ہیں۔ انڈین حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ میزائل ان کے سرکاری ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے انڈسٹری پارٹنرز سے مل کر بنایا ہے۔ یہ میزائل 1500 کلومیٹر سے زائد فاصلے تک پے لوڈ کے ساتھ کسی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے تجربے کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تجربے نے بھارت کو ان مخصوص ممالک کی فہرست میں شامل کردیا ہے جن کے پاس انتہائی اہمیت کی حامل اور جدید ترین ٹیکنالوجی ہے۔ دفاعی ماہر رنجیت کمار نے بتایا کہ ہائپر سونک میزائل کے کامیاب تجربے سے انڈیا میزائل ہتھیاروں کی مزاحمتی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائپر سونک میزائل انڈین میزائلوں کے ذخیرے کی طاقت میں مزید اضافہ کرے گا۔ انڈین مسلح افواج کے پاس پہلے سے ہی 300 کلومیٹر سے زیادہ رینج کے (سپرسونک) براہموس کروز میزائل اور 5000 کلومیٹر سے زیادہ رینج کے اگنی-5 بین البراعظمی بیلسٹک میزائل موجود ہیں، لیکن تازہ ترین 1500 کلومیٹر سے زیادہ رینج کا ہائپرسونک میزائل انڈیا کو مزید اعتماد دے گا اور فوج یقینی کامیابی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کے قابل ہوگی۔ رنجیت کمار کا مزید کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب انڈیا طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے حامل دشمنوں میں گھرا ہوا ہے، جدید ترین ہائپر سونک میزائل انہیں انڈین مقامات پر پہلے حملہ کرنے سے روک دے گا۔ خیال رہے کہ بھارت کے جموں وکشمیر پر ظلم وستم کا سلسلہ جاری ہے، اس کامیاب تجربے کے بعد بہت سے تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اس کامیاب میزائل کے لانچ کے بعد بھارتی مظالم میں مزید اضافہ ہوگا، اگر عالمی اداروں نے بروقت بھارتی مظالم کا نوٹس نہیں لیا تو خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔
ہائپر سونک میزائل کی حیران کن خصوصیات:
ہائپر سونک میزائل کی دو اقسام ہیں، ایک کروز ہائپر سونک اور دوسری قسم کروز گلائیڈوہیکل کی ہے۔ ہائپر سونک اسلحے کو روکنا ناممکن ہے۔ ہائپر سونک میزائل آواز کی رفتار سے پانچ گنا یعنی میک 5 سے زیادہ تیز، یعنی ایک ثانیے میں 1715 میٹر کی رفتار سے پرواز کا اہل میزائل ہے۔ یہ میزائل آواز کی رفتار سے کم رفتار پر جانے والے میزائلوں اور میک 1 اور میک 3 کی درمیانی رفتار والے سپر سونک میزائلوں کے مقابلے میں اپنی الٹرہائی اسپیڈ اور بآسانی نقل وحرکت کی قابلیت کے ساتھ دفاع کے میدان میں انقلاب برپا کردینے والا اسلحہ ہے۔ ہائپر سونک میزائل کی دو اقسام ہیں، ایک کروز ہائپر سونک اور دوسری قسم کروز گلائیڈوہیکل کی ہے۔ ہائپر سونک کروز میزائل ایسا نان بیلسٹک میزائل ہے جو ہائی اسپیڈ جیٹ موٹر کے استعمال سے اپنے ہدف تک پہنچتا ہے جبکہ ہائپر سونک گلائیڈوہیکل، بیلسٹک میزائل سے مشابہہ ہے اور اسے قوسی مدار میں فائر کیا جاتا ہے۔ یہ میزائل ہدف تک پہنچنے کے لئے گلائیڈنگ وہیکل استعمال کرتا ہے۔ امریکا، روس، چین اور بھارت نے ہائپر سونک میزائل بنائے ہیں اور ان کی صلاحیت کو آزمانے کیلئے مختلف تجربات کئے ہیں۔ اگرچہ کثیر تعداد میں ممالک یہ نئی اسلحہ ٹیکنالوجی تیار کرنے کی دوڑ میں شامل ہوچکے ہیں۔ ان ممالک کے میزائل ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں۔ روس نے یوکرین کے ساتھ جنگ میں اپنے کنزال میزائل کو متعارف کرایا اور اس طرح یہ ہائپر سونک اسلحہ پہلی بار جنگ میں استعمال ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہائپر سونک اسلحے کو روکنا ناممکن ہے اس اسلحے کی نہ صرف نشاندہی مشکل ہے بلکہ کم بلندی پر سفر، فوری نقل وحرکت اور الٹرہائی اسپیڈ کی وجہ سے اس اسلحے کو فی الوقت روکنے کا کوئی طریقہ موجود نہیں۔

مطلقہ خبریں