پاکستان اور بیلاروس کے درمیان توانائی، زراعت، تجارت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط ہوگئے
پروفیسر ڈاکٹر رابعہ خان
پاکستان ترقی اور خوش حالی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ ڈوبتی معیشت کی ناؤ کنارے لگ چکی ہے۔ معیشت کا پہیہ گھومنا شروع ہوچکا ہے۔ روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ یہ سب چٹکی بجاتے ہی نہیں ہوگیا، اس کے پیچھے حکومت کی شب و روز کی محنتیں کارفرما ہیں۔ رواں سال فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں میاں محمد شہباز شریف کی سربراہی میں موجودہ اتحادی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تھا تو حالات انتہائی ناگفتہ بہ تھے۔ معیشت کی حالت خراب اور عوام کی حالت پتلی تھی۔ بے روزگاری کا دور دورہ تھا۔ مہنگائی کے نشتر قوم پر بُری طرح برس رہے تھے۔ پاکستانی روپیہ تاریخی بے وقعتی سے دوچار تھا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچی ہوئی تھیں۔ حکومت نے جب عنان اقتدار سنبھالا تو سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں بھی کی جارہی تھیں، تاکہ ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہ ہوسکے۔ شہباز شریف وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی ملک و قوم کی مشکلات میں کمی لانے کے عظیم مشن میں تندہی سے جُت گئے۔ اُنہوں نے اس کے لئے شب و روز محنت اور ریاضت کی۔ چین، سعودی عرب، یو اے ای، قطر اور دیگر کئی دوست ممالک کے دورے کئے۔ انہیں پاکستان میں عظیم سرمایہ کاریوں پر رضامند کیا۔ کچھ ممالک کے ساتھ اس حوالے سے معاملات حتمی مراحل طے کرچکے ہیں اور بعض کی جانب سے سرمایہ کاری کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔ بہت سے ملکوں کے ساتھ تجارت و دیگر شعبہ جات میں اہم معاہدات بھی سامنے آئے ہیں۔ بیلاروس کے صدر گزشتہ ماہ وفد کے ہمراہ دورۂ پاکستان پر آئے تھے۔ پاکستان، بیلاروس بزنس فورم میں 8 تجارتی معاہدے طے پائے۔ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 5 سال کے لئے نیوٹری فوڈ اینڈ فارماسیوٹیکلز کمپنی اور بیلاکٹ کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ سال 2025ء کے لئے پاکستان اور بیلاروس کے مابین مصنوعات کی فراہمی کے لئے شہزاد ٹریڈ لنکس اور منسک موٹر پلانٹ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے، شہزاد ٹریڈ لنکس اور بیلشینا کے مابین پاکستانی منڈی میں ٹائرز کی فراہمی کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے، ویٹرنری ادویہ کی فراہمی کے لئے مصطفیٰ برادرز اور بیل وٹونیفارم کے مابین معاہدہ طے پایا، نیشنل لاجسٹک کارپوریشن اور بیلٹاموز سروس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے، فارما انڈسٹری میں تعاون پر بائیو میڈیکل سسٹم اور بیلمیڈپریپریٹری کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے، مصنوعات کی فراہمی کے لئے راس انٹرنیشنل ٹریڈنگ اور بیلٹس ویٹمیٹ کے مابین معاہدہ طے پایا اور پاکستان کی جانب سے گرین کارپوریشن انیشی ایٹو اور بیلاروس کی منسک ٹریکٹر ورکس کمپنیوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بیلاروس کے درمیان توانائی، زراعت، تجارت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی وزیراعظم ہاؤس آمد ہوئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی۔ بیلاروس کے صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جب کہ وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف اور بیلاروس کے صدر کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی، جس میں بیلاروس کے صدر نے پاکستان میں پُرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور بیلاروس کے وفود نے مختلف معاہدوں پر دستخط کئے، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ پاکستان کی وزارت تجارت اور بیلاروس کے انسداد اجارہ داری ضابطے کے درمیان الیکٹرانک کامرس تعاون پر مفاہمت کی یادداشت نیشنل اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی تعاون پر معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل آف پاکستان اور ریپبلکن یونٹی انٹرپرائز بیلاروس کے درمیان ایکریڈیٹیشن کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ بیلاروس کی کمیٹی آف اسٹیٹ کنٹرول اور پاکستان کے آڈٹ جنرل آفس کے درمیان تعاون پر مفاہمت کی یادداشت، بیلاروس کی اسٹیٹ کنٹرول کمیٹی کے محکمہ مالیاتی نگرانی اور حکومت پاکستان کے مالیاتی مانیٹرنگ یونٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان کسٹمز، ایف بی آر اور بیلاروس کی اسٹیٹ کسٹمز کمیٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت، بیلاروس کی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ وزارت قدرتی وسائل بیلاروس اور وزارت موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے درمیان ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں تعاون پر مفاہمت، بیلاروس کی ہنگامی صورتِ حال کی وزارت اور این ڈی ایم اے پاکستان کے درمیان ہنگامی حالات کی روک تھام اور خاتمے کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ نیوٹک (NAVTTC) پاکستان اور بیلاروس کے تعلیمی ادارے کے درمیان ایم او یوز جمہوریہ بیلاروس اور جمہوریہ پاکستان کے درمیان حوالگی سے متعلق معاہدے اور صحت کی خدمات میں مہارت اور ٹیسٹ کے لئے ڈریپ، منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز پاکستان اور ریپبلکن یونٹری انٹرپرائز بیلاروس کے درمیان تعاون پر ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان حلال اتھارٹی منسٹری آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور بیلاروسی حلال اسٹینڈرڈائزیشن اینڈ سرٹیفیکیشن سینٹر آف بیلاروس کے درمیان حلال تجارت میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ ان معاہدات سے دونوں ممالک اور ان کے عوام بھرپور مستفید ہوں گے۔ بیلاروس کی صدر کا دورۂ پاکستان انتہائی اہم نوعیت کا ہے، یہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔ پاکستان ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ ان وسائل کو درست خطوط پر بروئے کار لایا جائے اور ان سے مسائل کا آئندہ بھی حل نکالنے کی سبیل کی جائے تو یقیناً حالات جلد ہی مزید سازگار ہوجائیں گے۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، پاک فوج کے سربراہ نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بیلاروس کے صدر اور آرمی چیف کی ملاقات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوئی، ملاقات میں الیگزینڈر لوکاشنکو اور جنرل عاصم منیر نے باہمی دلچسپی کے امور، مستقبل میں دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے عالمی و علاقائی امور میں بیلاروس کے کردار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعاون اور تعلقات کو مزید مضبوط اور فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔