امریکی عزائم کے مقابلے کیلئے چین تیار: دفاعی بجٹ بڑھا دیا
چین اپنی فوجی طاقت میں مسلسل اضافہ کررہا ہے۔ اس کے تحت چین نے ایک بار پھر اپنا دفاعی بجٹ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ چین نے 5 مارچ کو اپنے دفاعی بجٹ کا اعلان کیا، جس میں چین نے دفاعی اخراجات کے لئے 249 بلین ڈالر کا بجٹ رکھا ہے۔ یہ گزشتہ سال کے بجٹ سے 7.2 فیصد زیادہ ہے۔ اس سال چین کا دفاعی بجٹ 1.7 ٹریلین یوآن (249 بلین ڈالر) چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کو پیش کئے گئے مسودہ بجٹ میں رکھا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال بھی چین نے اپنے دفاعی بجٹ میں 7.2 فیصد اضافہ کیا تھا۔ گزشتہ سال چین کا دفاعی بجٹ 1.67 ٹریلین یوآن یا 232 بلین ڈالر تھا۔ چین اپنی فوج کو بڑے پیمانے پر جدید بنا رہا ہے۔ اس کے تحت چین نئے طیارہ بردار بحری جہاز بنا رہا ہے، تیزی سے بحری جہاز بنا رہا ہے اور اسٹیلتھ ٹیکنالوجی پر مبنی لڑاکا طیارے تیار کررہا ہے۔ چین امریکا کو ہر محاذ پر للکارنے کی تیاری کررہا ہے اور اسی سلسلے میں وہ اپنی فوج کو مضبوط کرنے میں بھی مصروف ہے۔ اگرچہ اس وقت چین کا بجٹ امریکا کے مقابلے میں بہت کم ہے لیکن جس رفتار سے چین اپنے فوجی اخراجات میں اضافہ کررہا ہے اس کو دیکھتے ہوئے امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی چین بھی امریکا کے قریب آ جائے گا۔ اس کے علاوہ چین، جنوبی بحیرئہ چین اور ویت نام کے ساتھ بھی حالات کشیدہ ہیں۔ چین کا بھارت کے ساتھ بھی سرحدی تنازع ہے۔ قابل ذکر ہے کہ چین کا فوجی بجٹ ہندوستان کے مقابلے تین گنا زیادہ ہے۔ حال ہی میں پیش کئے گئے بجٹ میں بھارت نے اپنے فوجی اخراجات کے لئے 75 ارب ڈالر مختص کئے تھے جبکہ چین کے اخراجات 249 بلین ڈالر ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان فرق کو بخوبی سمجھا جا سکتا ہے۔ دوسرے ممالک کی بات کریں تو امریکا اس معاملے میں سب سے آگے ہے اور اس کا فوجی بجٹ 895 ارب ڈالر ہے۔ کوئی ملک اس معاملے میں امریکا کے قریب بھی نہیں آتا۔ چین دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے جو اپنی فوج پر 126 بلین ڈالر خرچ کرتا ہے۔ فوجی بجٹ کے لحاظ سے بھارت چوتھے نمبر پر ہے اور سعودی عرب پانچویں نمبر پر، برطانیہ چھٹے نمبر پر، جاپان ساتویں، آسٹریلیا آٹھویں، فرانس نویں اور یوکرین دسویں نمبر پر ہے۔ یہ درجہ بندی گلوبل فائر پاور رینکنگ 2025ء کے حوالے سے دی گئی ہے۔ چین کے بجٹ کے مطابق چین 12 ملین نئی ملازمتیں پیدا کرنے کے ہدف کے ساتھ کام کررہا ہے۔ یہ نئی نوکریاں شہری علاقوں میں ہوں گی۔ امریکا کے ساتھ ٹیرف اور دیگر مسائل پر کشیدگی کی وجہ سے چین کی معیشت کو ان دنوں مشکلات کا سامنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چینی حکومت معیشت کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لئے روزگار بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔
طالبان حکومت کو بھی ٹی ٹی پی کی بڑھتی سرگرمیوں پر تشویش
پاکستان اور افغانستان نے کشیدگی میں کمی کیلئے متعدد اقدامات پر اتفاق کرلیا۔ ذرائع کے مطابق یہ کامیابی افغانستان کیلئے خصوصی نمائندے محمد صادق کے 3 روزہ دورہ کابل سے ملی جس میں افغان حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، صرف افغان وزیر خارجہ و تجارت کے ساتھ ملاقاتوں کو منظرعام پر لایا گیا، دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں خفیہ رکھی جا رہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ محمد صادق کے دورہ سے کئی ماہ سے جاری سردمہری ختم ہونے کی امید بنی ہے، فریقین نے ایک میکانزم کے قیام پر اتفاق کیا جس میں اعلیٰ سطح پر بھی باقاعدگی سے رابطے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ سے قبل دوطرفہ روابط مکمل منقطع ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں مگر اب ایسا نہیں، مزید دوطرفہ دوروں کی منصوبہ بندی ہورہی ہے جس میں وزارتی سطح کے دورے شامل ہیں۔ ایک اور ذرائع نے کہا کہ افغان رہنماؤں نے پاکستانی نمائندے کا گرم جوشی سے استقبال کیا، افغان حکومت پاکستان سے رابطے کا شدت سے منتظر تھی، اسے کشیدہ روابط کے منفی اثرات کی سخت تشویش تھی۔ ذرائع نے کہا کہ ملاقاتوں کے ایجنڈے میں کالعدم ٹی ٹی پی کی پناہ گاہوں کا معاملہ سرفہرست تھا، طالبان حکومت نے بھی ٹی ٹی پی کی بڑھتی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا، اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے وقت اور تعاون مانگا تاہم کالعدم گروپ کی سرحدوں پر نقل وحرکت پر قابو پانے میں بے بسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی فوج اور وسائل کے باوجود ٹی ٹی پی کی دراندازی نہیں روک سکا، کابل حکومت یہ سب کیسے کرسکتی ہے تاہم پاکستان نے طالبان رہنماؤں کی اس وضاحت سے اتفاق نہ کیا اور کہا کہ وہ کم ازکم افغان شہریوں کو ٹی ٹی پی میں شامل ہونے سے روک سکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بعض امور پر اختلاف کے باوجود بات چیت دوستانہ اور مثبت ماحول میں ہوئی، تجارت اور معاشی تعاون سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ ادھر کابل کے سفارت خانے میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے معاشی مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، علاقائی استحکام کیلئے افغانستان میں امن و ترقی ناگزیر ہے، علاقائی معاشی ترقی کیلئے دونوں ملک اپنے کوششوں میں ہم آہنگی پیدا کریں۔
چین کا قومی خودمختاری کے تحفظ کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا وعدہ
چین نے پاکستان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے کہ وہ اس کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، اس کی قومی ضروریات کے مطابق ترقی کے راستے کے حصول، دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائی اور بین الاقوامی و علاقائی امور میں مؤثر کردار ادا کرنے میں اس کا ساتھ دے گا۔ چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے 23 مارچ کو سلک روڈ کلچر سینٹر میں منعقدہ ’’ایستھیٹک برج‘‘ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ چینی مندوب نے چینی اور اسلامی تہذیبوں کے تبادلے اور باہمی سیکھنے کے فروغ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’انہیں ایک دوسرے کی روشنی میں چمکنے دیں۔‘‘ چینی سفیر نے کہا کہ اس وقت پاکستانی حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے، معیشت کو مستحکم اور بہتر کر رہی ہے، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کر رہی ہے۔
واشنگٹن مشرق وسطیٰ میں ایک اور طیارہ بردار جہاز بھیجے گا
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگزے نے مشرق وسطیٰ میں امریکی طیارہ بردار جہاز ٹرومین کے مشن میں توسیع کرنے کا اعلان کردیا۔ امریکی وزیر دفاع نے آئندہ ہفتوں کے دوران میں مشرق وسطیٰ میں دوسرا طیارہ بردار جہاز بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ادھر حوثیوں کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کارروائیوں کے دوران یو ایس ایس ہیری ٹرومین طیارہ بردار جہاز کے ساتھ دیگر امریکی اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
امریکاکا جدید ترین لڑاکا طیارہ F-47 بنانے کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سکستھ جنریشن لڑاکا طیارے F-47 کی تیاری کا اعلان کردیا۔ ٹرمپ نے جنگی طیارے یا ’’نیکسٹ جنریشن ائیر ڈومیننس‘‘ طیارے کی تیاری کا معاہدہ امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو دیا ہے۔ ٹرمپ اور امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ F-47 کی خصوصیات اور صلاحیتیں بے مثال ہوں گی اور ایسا طیارہ کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 22 سے 24 اپریل تکبنگلادیش کا دورہ کریں گے
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 22 سے 24 اپریل تک بنگلادیش کا دورہ کریں گے، بنگلادیش کی قیادت سے ملاقات اور متعدد معاہدوں پر دستخط ہوں گے، مشیر خارجہ توحید حسین سے مذاکرات کریں گے، اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے پیشرفت کا سلسلہ اور بنگلادیش میں انقلاب کے بعد قائم ہونے والی عبوری حکومت کے ساتھ رابطوں کا تسلسل بھی جاری۔ مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا پہلا اعلیٰ وزارتی سطح کا بنگلادیش کا دورہ طے پا یا ہے۔ اس دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بنگلادیش کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے اور متعدد معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اس دورے میں امکانی طور پر منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون پر بھی معاہدہ ہوسکتا ہے۔
جنوبی افریقہ کا پاکستان سے فوجی تعاون، اشتراک کے عزم کا اعادہ
جنوبی افریقہ کے قائم مقام سیکریٹری دفاع ڈاکٹر تھوبیکیلے گامیڈے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے جنوبی افریقی فضائیہ کے ساتھ فوجی تعاون اور تربیت کے شعبے میں اشتراک کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈاکٹر تھوبیکیلے گامیڈے نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اس کی مقامی سطح پر تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں پیش رفت کی تعریف کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے ساتھ جدید کاری اور اہم سازوسامان کی سروسنگ میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔
تائیوان: وزارت دفاع نے 4 سالہ جنگی تیاریوں کیرپورٹ پیش کردی
تائیوان کی وزارت دفاع نے 4 سالہ جنگی تیاریوں کی رپورٹ پیش کردی، جس میں فوجی نگرانی اور فوری ردعمل کی تیاریوں میں اضافے پر زور دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں چین کی فوجی طاقت میں اضافے اور اس کی ’’گرے زون‘‘ حکمت عملی پر تشویش ظاہر کی گئی۔ یہ وہ طریقے ہیں جو براہ راست جنگ میں شمار نہیں ہوتے تاہم آہستہ آہستہ تائیوانی فوج کو کمزور کررہے ہیں۔
اماراتی قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون کی ٹرمپ سے ملاقات
امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ طحنون نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بنگلادیش کا امریکی انٹیلی جنس سربراہ پر شدید تنقید، تبصرے مسترد
بنگلادیش نے امریکا کی خاتون انٹیلی جنس سربراہ تلسی گبارڈ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیائی ملک میں مذہبی تشدد کے بارے میں ان کے تبصرے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور کہا کہ تلسی گبارڈ کے تبصرے ’’گمراہ کن‘‘ اور ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے ہیں۔ تسلسی گبارڈ نے کہا تھا کہ مذہبی اقلیتوں کے ساتھ بدسلوکی امریکی حکومت کے لئے باعث تشویش، ٹرمپ انتظامیہ پہلے ہی معاملہ اٹھا چکی ہے، بنگلادیش کی جانب سے ردعمل ایک ایسے موقع پر آیا ہے جب امریکی انٹیلی جنس سربراہ بھارت کے سفارتی دورے پر تھیں۔
جنوبی کوریا اور امریکا کی سالانہ فوجی مشق فریڈم شیلڈ 2025ء
جنوبی کوریا اور امریکا کی سالانہ فوجی مشق فریڈم شیلڈ 2025ء کا آغاز ہوگیا۔ عالمی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا اور امریکا کی فوجی مشق کے آغاز پر شمالی کوریا نے میزائل تجربہ کیا۔ رپورٹ میں جنوبی کوریا کی فوج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ شمالی کوریا نے متعدد بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق میزائل ہوانگھے صوبے سے مغربی سمندر یلو سی کی جانب داغے گئے۔ اس حوالے سے وزارتِ خارجہ شمالی کوریا کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ جنوبی کوریا اور امریکی فوجی مشقیں اشتعال انگیز عمل ہیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ خطرناک اقدام جزیرہ نما کوریا میں تصادم کو جنم دے سکتا ہے۔ فریڈم شیلڈ مشق جنوبی کوریا میں ہوئی جو 20 مارچ تک جاری رہی۔ یہ مشق جزیرہ نما کوریا میں متوقع ہنگامی صورتِ حال کے خلاف ردِعمل کے مفروضے پر مبنی تھی۔ امریکا اور جنوبی کوریا کی فوجوں کا کہنا ہے کہ یہ منظرنامہ شمالی کوریا کی متوقع حکمت عملی اور حربوں کی عکاسی کرے گا۔ پیانگ یانگ حال ہی میں ماسکو کے ساتھ فوجی تعاون بڑھا رہا ہے۔ اس مشق میں بّری، بحری، فضائی، سائبر اور خلائی شعبوں کی مشقیں بھی شامل تھیں۔ تقریباً 70 فیلڈ ٹریننگ سیشن بھی منعقد کئے گئے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ امریکا اور جنوبی کوریا کی پہلی مشترکہ مشق ہے۔ ان کی فوجوں نے اس بات پر زور دیا کہ سلامتی اتحاد مضبوط ہے۔ پیانگ یانگ کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں مشقوں کو ’’جارحانہ اور محاذ آرائی کی جنگی مشق‘‘ قرار دیتے ہوئے اِن کی مذمت کی ہے۔
ایشیا میں امریکی میزائل تعینات کرنے کی سختی سےمخالفت کرتے ہیں، چین
چین نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے ایشیا میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل سسٹم کی تعیناتی کے سخت مخالف ہیں۔ یہ بات چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے 14ویں نیشنل پیپلز کانگریس کے تیسرے اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین امریکا کی طرف سے ایشیا میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل سسٹم کی تعیناتی کا سختی سے مخالف ہے اور علاقائی ممالک بھی اس تعیناتی کا خیرمقدم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے اپنی انڈو پیسیفک حکمت عملی کو جاری کئے ہوئے کئی سال گزر چکے ہیں لیکن اس نے علاقائی ممالک کے لئے سوائے مسائل کو ہوا دینے اور تنازعات پیدا کرنے کے کچھ نہیں کیا۔ امریکا خطے کے لئے تعمیری تعاون کرنے کی بجائے خلل ڈالنے والا ملک ثابت ہوا ہے۔
پاکستان اور مصر کا دفاع میں تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے فلسطین پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خصوصی کانفرنس کے موقع پر مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور مصر نے اپنے سیاسی، دفاعی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے مختلف اقدامات کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کیا ہے جن میں سالانہ دو طرفہ مشاورت بھی شامل ہے جو تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون پر مرکوز ہے۔ نومبر 2022ء میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے شرم الشیخ، مصر میں سی او پی 27 موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی جس میں پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد موسمیاتی زرِ تلافی اور قرض میں نرمی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔ اپنی ملاقات میں ڈار اور عبدالعاطی نے دونوں ممالک کے تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور کثیرالجہتی تعلقات کی تعریف کی جو مشترکہ عقائد، اقدار اور ثقافتی روابط پر قائم ہیں۔ انہوں نے اپنے سیاسی، دفاعی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کے درمیان روابط کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔
اسرائیل کی تمام جوہری تنصیبات کو عالمی نگرانی میں لایا جائے، قطر
قطر نے اسرائیل کی تمام جوہری تنصیبات کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں لانے کے لئے بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تمام جوہری تنصیبات کو IAEA کے حفاظتی اقدامات کے تابع کرے اور اسرائیل کو جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے میں شامل ہونا چاہئے۔
امریکا نے یمن کے حوثیوں کو غیرملکی دہشت گرد گروپ قرار دے دیا
امریکا نے یمن کے حوثیوں کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا اور اس حوالے سے سیکریٹری اسٹیٹ نے باقاعدہ اعلان کردیا۔ امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ مارکو روبیو نے بیان میں کہا کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کئے گئے وعدوں میں سے ایک آج پورا کیا جا رہا ہے اور انصاراللہ کو بطور غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دی گئی ہے جو عام طور پر حوثی کے نام سے مشہور ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری صدارتی حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ حوثیوں کی سرگرمیاں مشرق وسطیٰ میں امریکی شہریوں اور اہلکاروں کے لئے خطرات کا باعث ہیں، اسی طرح خطے میں ہمارے قریب ترین شراکت داروں اور بین الاقوامی بحری تجارت کے استحکام کے لئے بھی خطرہ ہیں۔ سیکریٹری اسٹیٹ نے بیان میں کہا کہ حوثیوں نے 2023ء سے خلیج عدن اور بحیرہ احمر میں کئی تجارتی جہازوں پر حملے کئے ہیں اور اسی طرح امریکی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ خطے میں شراکت داروں کو بھی نشانہ بنایا ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے یہ اقدامات ٹرمپ انتظامیہ کے ان وعدوں کی روشنی میں کئے گئے، جو اس نے قومی مفادات کے تحفظ، امریکی شہریوں کی سلامتی اور امریکا کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے کر رکھے ہیں۔ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے کہا کہ حوثیوں کو دہشت گرد قرار دینا دہشت گردی کے خلاف جنگ کا اہم جزو ہے اور اس سے دہشت گردی کی سرگرمیوں کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔
افغانستان میں موجود 20 سے زائد دہشتگرد تنظیمیںدُنیا کیلئے خطرہ ہیں، پاکستان
پاکستان نے عالمی برادری کی توجہ افغانستان میں دہشتگر دتنظیموں کی طرف مبذول کرا دی۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود 20 سے زائد دہشتگرد تنظیمیں خطے اور دنیا کیلئے خطرہ ہیں، ٹی ٹی پی سرحد پار محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان پر حملے کرتی ہے، کالعدم ٹی ٹی پی دہشتگرد تنظیموں کیلئے چھتری تنظیم بن رہی ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ ان خطرات میں القاعدہ، ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسی تنظیمیں شامل ہیں، یہ تنظیمیں پاکستان اور خطے کی سلامتی کو نقصان پہنچا رہی ہیں، ٹی ٹی پی افغانستان میں سرگرم سب سے بڑی دہشتگرد تنظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سرحد پار محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان پر حملے کرتی ہے۔