ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کے قریب 3 جزیروں پر نئے میزائل سسٹم نصب کیے ہیں۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نئے میزائل سسٹم آبنائے ہرمز کے قریب طنب الآبر آ، طنب الصغر آ اور ابو موسیٰ پر تعینات کئے گئے ہیں جو عالمی سطح پر ایک اہم سمندری راستہ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے حال ہی میں اس علاقے میں فوجی مشقیں کی ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب نے یہ اقدام ایسے وقت پر اٹھایا ہے جب ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ملنے والے دھمکی آمیز خط کا جواب دینے کی تیاری کررہا ہے۔ اس حوالے سے پاسدارانِ انقلاب کے نیول کمانڈر علی رضا تنگسیری کا کہنا ہے کہ ہم خطے میں دشمن کے ٹھکانوں، جہازوں اور اثاثوں پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نئے میزائل سسٹم 600 کلو میٹر یعنی 370 میل کے اندر کسی بھی ہدف کو مکمل طور پر تباہ کرسکتے ہیں۔