چین کو دفاعی راز فروخت کرنے پر امریکی فوجی کو 7 سال قید
امریکی فوج کے ایک انٹیلی جنس تجزیہ کار کو چین کو حساس دفاعی معلومات فراہم کرنے پر سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ سارجنٹ کوربین شولٹز نے امریکی ہتھیاروں کے نظام اور فوجی حکمت عملی کے بارے میں دستاویزات 42 ہزار ڈالر کے عوض چین کو فروخت کی تھیں۔ سارجنٹ کو مارچ 2024ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ محکمہ انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ شولٹز نے 92 حساس فوجی دستاویزات فروخت کرنے کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔
جنگی تیاریوں کوجانچنے کیلئے پاک فوج کی ٹلہ رینجز میں مشقیں
پاک فوج کی ٹلہ رینجز میں تربیتی مشقیں جاری ہیں، مشقوں میں جدید ہتھیاروں اور ٹیکٹکس کا عملی مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے مشقوں کا معائنہ کیا اور افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ کورکمانڈر لاہور نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیت کو سراہا۔ ٹلہ رینجز میں پاک فوج کی سالانہ فیلڈ فائرنگ کی آپریشنل تیاریوں کے لئے مختلف یونٹس کی مشترکہ تربیت کے دوران مشقوں میں جدید ہتھیاروں اور ٹیکٹکس کا عملی مظاہرہ کیا گیا، مشقوں کا مقصد حقیقی جنگی ماحول میں تیاری کو جانچنا ہے تاکہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جاسکے۔
پاک بھارت کشیدگی ریفائنریوں کو ڈیزل اور جیٹ پائلٹ کی پیداوار میں اضافے کی ہدایت
دو ایٹمی ریاستوں کے درمیان پہلگام حملے کے باعث بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ملک کی ریفائنریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) اور جیٹ پائلٹ (جے پی 8) کی پیداوار میں اضافہ کریں تاکہ مسلح افواج کسی ممکنہ بھارتی حملے کی صورت میں تیار رہیں۔ سرکاری ملکیت والی پاکستان اسٹیٹ آئل سمیت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی بروقت درآمد کو یقینی بنائیں۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل وہ ایندھن ہے جو فوج اُس وقت استعمال کرتی ہے جب وہ بڑی تعداد میں ٹینکوں اور دیگر سازوسامان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں فوجیوں کی نقل و حرکت کرتی ہے جبکہ پاکستان ایئرفورس جے پی 8 کو بطور ایندھن استعمال کرتی ہے۔ اس وقت پاکستان آرمی، پاکستان ایئرفورس اور پاکستان نیول فورس ہائی الرٹ پر ہیں۔ ڈی جی آئل کی جانب سے 23 اپریل 2025ء کو ایمرجنسی بنیادوں پر پانچوں ریفائنریوں پارکو، اٹک ریفائنری لمیٹڈ، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ اور سِنرجیکو پی کے لمیٹڈ — کی اعلیٰ انتظامیہ، سیکریٹری جنرل او سی اے سی اور چیئرمین او ایم اے پی کو لکھے گئے خط کے مطابق ہدایت دی گئی ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اور جیٹ پائلٹ کی زیادہ سے زیادہ دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
پاکستان رینجرز نے سرحدی خلاف ورزی پربھارتی اہلکار کو حراست میں لے لیا
پاکستان رینجرز نے سرحد ی خلا ف ور زی پر بھارتی اہلکار کو حراست میں لے لیا، بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ایف اہلکار نے پاکستانی سرحد عبور کی تھی۔ پاکستان رینجرز نے بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی پر ایک بی ایس ایف اہلکار کو حراست میں لے لیا۔ بھارتی میڈیا نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ اہلکار نے غلطی سے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر سرحد پار کی۔
بھارت اور پاکستان کو بیٹھ کر بات کرنی چاہئے، سابق سربراہ ’’را‘‘
بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو بات چیت کرنی چاہئے، پاکستان کے ساتھ ہمارا رشتہ بندوقوں یا جنگ سے ختم ہونے والا نہیں، مل کر آگے بڑھنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ ’’را‘‘ کے سربراہ امرجیت سنگھ دولت نے زور دیا کہ بات چیت سے مسائل کا حل نکل سکتا ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں۔ یہ بیانات انہوں نے اپنی نئی کتاب ’’دی چیف منسٹر اینڈ دی سپائی‘‘ کے اجرا کے موقع پر نئی دہلی میں دیئے۔ انہوں نے کہا، میری رائے ہے کہ بھارت اور پاکستان کو بیٹھ کر بات کرنی چاہئے۔ جب بات چیت ہوتی ہے تو چیزیں سامنے آتی ہیں اور مسائل حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت کسی کے ہاتھ میں نہیں ہے اور دونوں ممالک کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہے اور پاکستان کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا ہے۔ انہون نے اپنی کتاب کے حوالے سے کہا کہ ان کی تحریروں میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ کی تعریف کی گئی ہے، جنہیں وہ خطے کا سب سے بڑا لیڈر سمجھتے ہیں، تاہم ان کے اس بیان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی تنازع کو جنم دیا، جہاں نیشنل کانفرنس کے ترجمان تنویر صادق نے دولت پر الزام لگایا کہ وہ کتاب کی فروخت بڑھانے کیلئے تنازع پیدا کررہے ہیں۔
روسی ڈرون فیکٹریوں میں چینی ماہرین موجود ہیں، یوکرینی صدر
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس میں ڈرون طیارے بنانے کے ایک مقام پر چینی شہری کام کررہے ہیں۔ یہ بیان انہوں نے کیف میں ایک پریس کانفرنس کے دوران دیا۔ چند روز قبل زیلنسکی نے دعویٰ کیا تھا کہ چین روس کو ہتھیار اور بارود فراہم کررہا ہے۔ زیلنسکی نے اپنے بیان میں اشارہ دیا کہ ہوسکتا ہے یہ سب کچھ بیجنگ کی لاعلمی میں ہوا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ روس نے ممکنہ طور پر ان چینی شہریوں کے ساتھ ایسا معاہدہ کیا ہو جو چینی قیادت کی منظوری کے بغیر ہو، اور اسی کے ذریعے یہ ٹیکنالوجی چوری کی گئی ہو۔ یوکرینی وزارتِ خارجہ کے مطابق چین کے سفیر ماشینگ کون کو طلب کیا گیا اور جنگ میں چین کے ممکنہ کردار پر شدید تشویش کا اظہار بھی کیا۔ اس سے قبل زیلنسکی نے اس ماہ کے آغاز میں بھی کہا تھا کہ روس سوشل میڈیا کے ذریعے چینی شہریوں کو اپنی فوج میں بھرتی کررہا ہے اور چینی حکام کو اس کی خبر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین یہ جاننے کی کوشش کررہا ہے کہ آیا ان بھرتی شدہ افراد کو چین کی طرف سے ہدایات دی جا رہی ہیں یا نہیں۔ دوسری جانب چین نے یوکرین میں امن کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا اور متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ غیرذمہ دارانہ بیانات سے گریز کریں۔
روسی صدر سے عمان کے سلطان کی ملاقات
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ماسکو میں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کے ساتھ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔ روس کے سرکاری میڈیا کے مطابق پیوٹن کے معاون یوری اوشاکوف نے ایک بریفنگ میں تصدیق کی ہے کہ ملاقات میں جوہری مذاکرات کے موضوع پر بات ہوئی ہے۔ یاد رہے عمان واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کررہا ہے۔
شام میں ایک ہزار فوجی تعینات رہیں گے، پینٹاگون کا اعلان
امریکا نے اعلان کیا ہے کہ وہ شام میں تعینات اپنی فوج کی تعداد کو کم کرکے ایک ہزار تک کردے گا۔ پینٹاگون کے مطابق یہ عمل آئندہ چند ماہ میں مکمل ہوگا۔ پینٹاگون کے ترجمان شان پارنل نے ایک بیان میں کہا کہ وزیردفاع نے شام میں امریکی افواج کو مخصوص مقامات پر مرکوز کرنے کی ہدایت دی ہے، تاہم انہوں نے ان مقامات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران امریکی سینٹرل کمانڈ شام میں داعش کے باقیات کے خلاف حملے جاری رکھنے کیلئے تیار رہے گی۔ واضح رہے کہ امریکا نے کئی سالوں سے شام میں اپنی فوج تعینات کر رکھی ہے تاکہ داعش کے خلاف بین الاقوامی کوششوں میں حصہ لیا جا سکے۔ داعش نے شام کی خانہ جنگی سے فائدہ اٹھا کر شام اور عراق کے بڑے حصے پر قبضہ کرلیا تھا۔
روسی صدر کا یوکرین سے براہ راست بات چیت کا اشارہ
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے ساتھ براہ راست گفتگو کو اشارہ دے دیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر نے کہا کہ جنگ بندی کے معاہدے کو آگے بڑھانے کیلئے یوکرین کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کسی بھی مجوزہ امن اقدام پر بات چیت کیلئے تیار ہے۔ ولادیمیر پیوٹن نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ اس بارے میں بات کی ہے کہ ہم کسی بھی امن اقدام کے بارے میں مثبت رویہ رکھتے ہیں، امید ہے یوکرینی حکومت بھی ایسا ہی محسوس کریں گے۔
سعودی وزیردفاع کا اہم دورئہ ایران آیت اللہ خامنہ ای کو شاہ سلمان کا پیغام پہنچایا گیا
سعودی عرب کے وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایران کے دورے پر تہران پہنچے، جہاں ان کا استقبال ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے کیا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم پیغام پہنچایا، تاہم اس پیغام کی تفصیلات منظرِ عام پر نہیں آئیں۔ ملاقات کے دوران آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں اور ایران ان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام رکاوٹیں دور کرنے کو تیار ہے۔ سعودی وزیردفاع کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان نئے جوہری مذاکرات جاری ہیں۔ یاد رہے کہ 2023ء میں چین کی ثالثی سے ایران اور سعودی عرب نے کئی برس کی کشیدگی کے بعد سفارتی تعلقات بحال کئے تھے۔ اس سے قبل 2024ء میں سعودی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف بھی ایران کا دورہ کرچکے ہیں۔
سعودی عرب قابل اعتماد دوست اور اسٹرٹیجک اتحادی ہے،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی عرب کے ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ کو سراہا ہے۔ نریندر مودی نے عرب نیوز کو انٹرویو میں سعود مملکت کو ایک بااعتماد دوست اور اسٹرٹیجک اتحادی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء میں اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کونسل کی تشکیل کے بعد سے دوطرفہ تعلقات میں نمایاں وسعت آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا تعلق لامحدود طور پر بڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ غیریقینی کی صورت حال سے بھری اس دنیا میں ہمارا تعلق کسی ستون کی مانند مضبوط ہے۔ نریندر مودی نے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہتے ہوئے انہیں باہمی تعلقات کا مضبوط حامی قرار دیا اور کہا کہ انہوں نیشہزادہ محمد بن سلمان نے وژن 2030ء کے تحت اصلاحات کرکے بطور وژنری شخصیت دنیا بھر کی پذیرائی سمیٹی ہے۔ بھارتی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں جب بھی ولی عہد سے ملا، ان کے اعلیٰ شاہی انداز نے بہت متاثر کیا۔ ان کی بصیرت، آنے والے وقت کیلئے سوچ اور اپنے لوگوں کیلئے جذبہ واقعی تعریف کے قابل ہے۔ انہوں نے مشترکہ معاشی امنگوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طور پر سامنے آنے والے چیلنجز کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان زراعت، توانائی اور کھادوں جیسے اہم شعبوں میں تجارت بڑھی ہے۔
فلپائن اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز
فلپائن اور امریکی فورسز نے 21 اپریل 2025ء سے تین ہفتوں پر مشتمل مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کیا ہے۔ فلپائن کے پانیوں میں دونوں ممالک کے 17 ہزار اہلکار مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ مشقوں میں اینٹی شپ میزائل سسٹم سمیت جدید ترین امریکی ہتھیاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ فلپائن کے میجر جنرل فرانسسکو لورینزو نے کہا کہ 40ویں بالیکاتن مشقیں عصری سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملک کی صلاحیت کو تقویت دیں گی۔ ادھر بیجنگ نے منیلا پر خطے سے باہر کے ممالک کے ساتھ ملی بھگت کا الزام لگایا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ مشقیں علاقائی تزویراتی استحکام کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
امریکی وزیردفاع پر غیرمتعلقہ افراد سےحساس معلومات کے تبادلے کا الزام
امریکی حکومت خفیہ معلومات لیک ہونے کے باعث ایک بار پھر اسکینڈل کا شکار ہوگئی۔ غیرملکی خبررساں اداروں سی این این اور نیویارک ٹائمز کے مطابق وزیردفاع پیٹ ہیگستھ نے یمن پر امریکی فضائی حملوں سے قبل حساس نوعیت کی معلومات سوشل میڈیا پلیٹ فارم سگنل پر ایک ایسے نجی چیٹ گروپ میں شیئر کی تھیں، جس میں ان کی اہلیہ اور بھائی بھی شامل تھے۔ اس سے قبل امریکا نے یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر 15 مارچ کو جو فضائی حملے کئے تھے، ان سے متعلق ناکافی رازداری کے باعث پہلے ہی ٹرمپ انتظامیہ کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس بارے میں امریکی جریدے دی اٹلانٹک نے انکشاف کیا تھا کہ اس کے چیف ایڈیٹر گولڈبرگ کو سگنل پر اس بارے میں ہونے والی سرکاری چیٹ کے ایک گروپ میں غلطی سے شامل کرلیا گیا تھا۔ اس چیٹ گروپ میں امریکی وزیر دفاع ہیگستھ اور قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز جیسی سرکردہ شخصیات شامل تھیں اور اس میں آن لائن تبادلہ خیال اس بارے میں ہورہا تھا کہ امریکا عن قریب یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں فضائی حملے کرنے والا ہے۔ ماہرین کے لیے حیران کن بات یہ تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں ایسی بے احتیاطی کس طرح برتی گئی کہ ایک غیرمتعلقہ فرد کو ایسی خفیہ اور انتہائی حساس چیٹ میں شامل کرلیا گیا۔ حالیہ واقعے سے متعلق نیو یارک ٹائمز اور سی این این کا دعویٰ ہے کہ وزیردفاع نے اپنے اہل خانہ اور ذاتی وکیل پر مشتمل نجی چیٹ گروپ میں یہاں تک بتا دیا تھا کہ حوثی باغیوں کے خلاف امریکی فضائی حملے کرنے والے اے ایف 18 طرز کے جنگی طیاروں کا فلائٹ شیڈول کیا تھا۔ دی اٹلانٹک ے چیف ایڈیٹر جیفری گولڈبرگ کا اعلیٰ امریکی حکام کے بہت حساس چیٹ گروپ میں شامل کرلیا جانا ایک حادثہ تھا، تاہم دوسرے واقعے میں تو ہیگستھ نے جس گروپ میں خفیہ معلومات شیئر کیں، وہ گروپ خود امریکی وزیردفاع ہی کا بنایا ہوا تھا۔ نیویارک ٹائمز نے انتہائی قابل اعتماد ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ پیٹ ہیگستھ نے جس گروپ میں حساس معلومات شیئر کیں، اس میں ایک درجن ایسے دیگر افراد شامل تھے، جو سب کے سب ان کے ذاتی یا پیشہ وارانہ حلقوں میں بہت قریب تھے۔ ہیگستھ نے اس گروپ میں یہ معلومات جنوری میں شیئر کی تھیں۔ اس وقت ان کے وزیردفاع کے طور پر تقرر کی تصدیق بھی نہیں ہوئی تھی جبکہ یمن میں امریکی حملے 15 مارچ کو کئے گئے تھے۔ دوسری جانب پیٹ ہیگستھ پر نئے الزامات کے جواب میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے کہا کہ نیویارک ٹائمز کا شمار ٹرمپ سے نفرت کرنے والے میڈیا میں ہوتا ہے۔
چینی سٹیلائٹ کمپنی نے حوثیوں کو انٹیلی جنس فراہمی کاامریکی الزام مسترد کردیا
چینی سٹیلائٹ کمپنی چانگ گوانگ نے یمنی حوثیوں کو انٹیلی جنس فراہم کرنے کا امریکی الزام مسترد کردیا، امریکا نے الزام عائد کیا تھا کہ امریکی بحری جہازوں پر حملوں کیلئے چینی کمپنی حوثیوں کو سیٹلائٹ سے مدد فراہم کررہی ہے۔ گلوبل ٹائمز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹیمی بروس نے الزام لگایا ہے کہ چانگ گوانگ سٹیلائٹ ٹیکنالوجی ایرانی نواز یمنی حوثیوں کو مواصلاتی خاکوں کے ذریعہ حوثیوں کو انٹیلی جنس فراہم کررہی ہیں، یہ معلومات مواصلاتی سیارے سے ارسال خاکوں کے ذریعہ دی جارہی ہیں۔ جس کا نشانہ بحیرہ احمر سے گذرنے والے امریکی اور اتحادی ممالک کے بحری جہاز ہیں جو اسرائیل سے تجارت کرتے ہیں۔ جواب میں چینی کمپنی نے امریکی الزامات کو مسترد کردیا اور انہیں من گھڑت قراردیا اور کہا کہ اس کا ایران یا حوثیوں سے کوئی کاروباری تعلق نہیں ہے۔
نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کا عمان کےوزیرخارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عمان کے وزیرخارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسیدی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ انہوں نے موجودہ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی موجودہ امور بھی زیربحث آئے۔
اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل کا امن مشنز کیلئےپاکستان کے بھرپور تعاون پر محسن نقوی کا شکریہ
اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے امن مشنز جنرل جین پیر لاکروا نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کیلئے پاکستان کے بھرپور تعاون پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا ہے، اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یو این پولیس جس کی قیادت پاکستانی پولیس افسر فیصل شاہکار کررہے ہیں کے حوالے سے بھی تعاون پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ کرتا ہوں، وزیرداخلہ محسن نقوی کے ساتھ امن مشنز میں اہم پولیسنگ سرگرمیوں کے دوران خطرات سے نمٹنے کیلئے درکار جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
روسی نائب وزیرخارجہ کا پاکستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور
روس کے نائب وزیرخارجہ سرگئی ریابکوف نے گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ روس کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور ان دوطرفہ اور کثیرالطرفہ عملوں کا ذکر کیا جو دونوں ممالک کو باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے قابل بناتے ہیں۔ اسلام آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹرٹیجک اسٹڈیز کے اسلحہ کنٹرول اور تخفیفِ اسلحہ مرکز نے اس وسیع البنیاد گول میز مباحثے کی میزبانی کی۔ دورہ کرنے والے روسی معزز مہمان نے بین الاقوامی سلامتی، عالمی و علاقائی سطح پر اسٹرٹیجک استحکام، عدم پھیلاؤ، اسلحہ کنٹرول، تخفیفِ اسلحہ اور دُنیا بھر کے اہم سیکیورٹی بحرانوں کے حوالے سے اپنے ملک کا نقطہ نظر پیش کیا۔ وہ پاکستان کا دورہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے کررہے ہیں تاکہ پاکستان، روس مشاورتی گروپ برائے اسٹرٹیجک استحکام کے 15ویں اجلاس میں شرکت کرسکیں۔ روسی وفد کے دیگر اراکین میں پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوروف اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام شامل تھے۔ ISSI کے شرکاء میں سابق سیکریٹری خارجہ سفیر سہیل محمود جو ڈی جی آئی ایس ایس آئی ہیں، سفیر خالد محمود، چیئرمین بی او جی؛ اور اے سی ڈی سی اور سی ایس پی ٹیموں کے اراکین شامل تھے۔
یوکرین کو ٹورس میزائل فراہم کرنے پر روس کا جرمنی کو انتباہ
یوکرین کو ٹوروس میزائل فراہم کرنے پر روس کا جرمنی کو انتباہ، ماسکو نے کہا ہے کہ وہ جرمن ساختہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ٹورس میزائلوں سے یوکرین کے ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر پر کئے جانے والے حملوں کو برلن کی جانب سے تنازعے میں ’’براہ راست شرکت‘‘ تصور کرے گا۔ یہ انتباہ جرمنی کے چانسلر کے منتظر فریڈرک مرز کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کیف کو یہ میزائل فراہم کرنے کیلئے آمادگی ظاہر کی تھی۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے صحافیوں کو بتایا کہ کسی بھی روسی اہم ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر پر ٹورس میزائل سے حملہ جرمنی کی جانب سے جنگ میں براہ راست شرکت تصور کیا جائے گا۔
روسی سپریم کورٹ نے طالبان کا نام دہشت گرد تنظیم کیفہرست سے نکال دیا
روس کی سپریم کورٹ نے طالبان کا نام ’’دہشتگرد تنظیم‘‘ کی فہرست سے ہٹا دیا، یہ افغانستان کے ڈی فیکٹو حکمرانوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے مقصد سے ایک علامتی اشارہ ہے۔
کردوں سے معاہدے کے تحت شامی افواج اہم ڈیم پر تعینات
دمشق کی نئی حکومت کی افواج نے شمالی شام میں ایک اسٹرٹیجک ڈیم کے اردگرد اپنے اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔ خودمختار کرد انتظامیہ کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت عمل میں آئی، اس معاہدے کے تحت، امریکا کی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے کرد زیرقیادت جنگجو اس ڈیم سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔
بھارتی سکھ فوجیوں کا پاکستان مخالف جنگی منصوبوں میں حصہ لینے سے انکار
سکھ فوجیوں نے پاکستان کے خلاف مودی کے جنگی منصوبوں میں حصہ لینے سے انکار کردیا۔ گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ مودی کا بھارت بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈے کو حاصل کرنے کے لئے سکھ فوجیوں کو پاکستان کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے۔ بھارتی فوج کے سکھ سپاہیوں نے پاکستان کے خلاف مودی کے کسی بھی جنگی منصوبے کا حصہ بننے سے انکار کرتے ہوئے خود کو انتہاپسندانہ مہم جوئی سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کسی نہ کسی طرح اسے خود حل کرلیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ خود اس مسئلے کو حل کریں کیونکہ ان کے درمیان کشیدگی کوئی نئی بات نہیں۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’پاکستان اور بھارت کسی نہ کسی طرح اس مسئلے کو خود ہی حل کرلیں گے، ان کے درمیان ہمیشہ سے بڑی کشیدگی رہی ہے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ وہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کو جانتے ہیں مگر اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وہ ان سے براہ راست رابطہ کریں گے یا نہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے پہلگام علاقے میں حالیہ حملے کے بعد خطے میں تناؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ بیس سالوں میں اپنی نوعیت کا بدترین واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں 28 افراد ہلاک ہوئے۔ بھارت نے حملے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کی ہے جسے پاکستان نے مسترد کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں مزید کشیدگی آگئی ہے۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کردیا ہے جبکہ پاکستان نے بھارتی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں۔ تجارتی تعلقات بھی متاثر ہورہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا، ’’ان دونوں ممالک کے درمیان 1500 سال سے کشیدگی چل رہی ہے تو آپ جانتے ہیں، یہ ہمیشہ سے رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت، دونوں کے ’’بہت قریب‘‘ ہیں لیکن کشمیر کے تنازع پر ان کا براہ راست مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بھی اس صورتِ حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تیزی سے بدلتی ہوئی صورتِ حال ہے اور ہم اس پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا فی الحال کشمیر کی حیثیت پر کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کررہا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی موجودہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ صدر ٹرمپ کے بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ امریکا اس تنازعے میں ثالثی کی بجائے دونوں فریقین پر زور دے رہا ہے کہ وہ اپنے مسائل سفارتی اور پُرامن طریقے سے خود حل کریں۔
سعودی عرب اور امریکا کے درمیان نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے معاہدے پر مذاکرات
امریکا کے وزیر توانائی کرس رائٹ نے کہا ہے کہ اُن کا ملک سعودی عرب کے ساتھ توانائی کے شعبے اور سویلین نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں تعاون کیلئے ایک ابتدائی معاہدے پر دستخط کرے گا۔ عرب نیوز کے مطابق کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی وزیر نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایٹمی توانائی کے شعبے میں تعاون کی تفصیلات رواں برس کے اختتام تک سامنے آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مملکت میں تجارتی جوہری توانائی کی صنعت کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی جائے گی، اس پر رواں سال حقیقی پیش رفت ہوگی۔ سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی نے امریکی انرجی منسٹر کرس رائٹ کا کنگ عبداللہ پیٹرولیم سٹڈیز اینڈ ریسرچ سینٹر میں پہنچنے پر خیرمقدم کیا۔ کرس رائٹ نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ یقینی طور پر 123 جوہری معاہدہ ہوگا۔