Thursday, June 12, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاعی تعاون معاہدہ

دونوں ممالک نے بیلاروس کی ریاستی اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹری اور دفاعی پیداوار کی وزارت کے درمیان 2025-2027ء کیلئے فوجی تکنیکی تعاون کے پروگرام (روڈ میپ) پر دستخط کئے، تجارت، ماحولیاتی تحفظ اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون کے معاہدے، ڈیڑھ لاکھ ہنرمند نوجوان بیلاروس جائیں گے

زاویۂ نگاہ رپورٹ

پاکستان اور بیلاروس نے دفاع، تجارت اور ماحولیاتی تحفظ سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے جمعہ کو یہاں مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کئے‘دونوں ملکوں کے مابین الیکٹرک گاڑیوں‘بسوں کی تیاری‘زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا‘پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد تربیت یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجا جائے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیلاروس کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہئے جبکہ بیلاروس کے صدرلوکاشینکو کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے بیلاروس کی قومی اسمبلی کی کونسل آف ری پبلک کی چیئرپرسن نتالیہ کوچانووا اور ایوان نمائندگان کے چیئرمین ایگور سرجیینکو نے ملاقات کی جبکہ شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایوان آزادی، بیلاروس کے احاطے میں پودا لگایا۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد تربیت یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کو بیلاروس بھیجا جائے گا۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر لوکو شینکا کے مابین بیلاروس کے ایوان آزادی میں ہونے والی دوطرفہ ملاقات میں کیا گیا، پاکستان سے ہنر مند اور تربیت یافتہ نوجوانوں کو بیلاروس بھجوانے کے حوالے سے لائحہ عمل جلد ترتیب دیا جائے گا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ زرعی شعبے اور زرعی مشینری کی تیاری کے حوالے سے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا، ملاقات میں الیکٹرک گاڑیوں، بسوں کی تیاری اور غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دفاعی تعاون اور بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے کا اعادہ بھی کیا گیا۔ دریں اثناء پاکستان اور بیلاروس نے دفاع، تجارت اور ماحولیاتی تحفظ سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے۔ ان معاہدوں پر دستخط وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ بیلاروس کے دوران کئے گئے۔ دستخطوں کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو بھی موجود تھے، پاکستان اور بیلاروس کی حکومتوں نے ری ایڈمیشن کے معاہدے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے۔ پاکستان اور بیلاروس نے دونوں ممالک کی وزارت دفاع کے درمیان تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے، دونوں ممالک نے بیلاروس کی ریاستی اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹری اور دفاعی پیداوار کی وزارت کے درمیان 2025-2027ء کیلئے فوجی تکنیکی تعاون کے پروگرام (روڈ میپ) پر دستخط کئے۔ دورے کے دوران ماحولیاتی تحفظ، پوسٹل سروسز، بزنس سپورٹ، تجارت کے فروغ اور تجارتی اداروں کے درمیان تعاون کیلئے دوطرفہ معاہدوں پر بھی دستخط کئے گئے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف اور صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے مواقع سے حقیقی معنوں میں استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مطلقہ خبریں