راحیلہ حمید
گھر میں موجود خواتین یعنی وہ خواتین جو کوئی جاب نہیں کرتیں وہ گھر میں رہ کر اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھ سکتی ہیں۔ اس کے برعکس وہ خواتین جو کہیں کام کرتی ہیں یعنی ورکنگ ویمن ہیں وہ کسی نہ کسی سرگرمی میں مصروف رہتی ہیں یا وہ باہر بھی نکلتی ہیں جس سے ان کی ذہنی صحت اچھی رہتی ہے لیکن گھر میں موجود خواتین بھی اپنی ذہنی صحت کو اچھا بنا سکتی ہیں، اس سلسلے میں ماہر نفسیات فوزیہ سعید کا کہنا ہے کہ اگر آپ گھر میں بھی رہتی ہیں تو بہت سے طریقے اپنا کر اپنی جسمانی صحت کے ساتھ اپنے دماغی صحت کو بھی اچھا بنا سکتی ہیں۔ جب آپ منفی سوچ یا جذبات اپنے ذہن میں رکھتے ہیں تو آپ کی دماغی صحت پر اثر ہوسکتا ہے اور آپ دماغی طور ہر کمزور ہوسکتے ہیں، کیونکہ منفی سوچیں ہمیں ذہنی طور پر کمزور بناتی ہیں، آپ اپنی سوچ اور خیالات کو مثبت رکھیں، مثبت سوچ کا مطلب یہ بھی ہے کہ آپ اداسی یا غصہ محسوس نہ کریں۔ مثال کے طور پر آپ ماضی میں ہونے والی چیزوں کے بارے میں نہ سوچیں بلکہ آگے بڑھنے کے بارے میں سوچیں، جب آپ کے پاس مثبت جذبات ہوں تو ان کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں، کسی بھی قسم کی بحث سے دور رہیں۔ آپ ان باتوں کو اپنا کر اپنی ذہنی صحت کو اچھا کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔ اگر آپ اپنی زندگی میں شکر گزاری کو شامل کرتی ہیں تو یہ آپ کی مجموعی صحت کیلئے فائدہ مند ہوسکتی ہے۔ ہمیں اچھی چیزوں کیلئے شکر گزار ہونا چاہئے، اگر ہم کھانے سے لطف اندوز ہوتے ہیں یا اپنے کسی پیارے سے ملتے ہیں یا تعاون کرتے ہیں تو اس پر شکر گزار ہونا چاہئے۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کی زندگی میں تناؤ والے حالات بھی موجود ہوں لیکن آپ اچھے لمحات کو سوچ کر بھی شکر گزاری کی مشق اپنا سکتی ہیں اور اپنی صحت کو اچھا بنا سکتی ہیں۔ آپ جب اپنے روزمرہ کے کاموں کے بارے میں منصوبہ بندی کرتی ہیں تو یہ آپ کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے، کسی بھی چیز کیلئے وقت مقرر کرنا آپ کی ذہنی صحت کیلئے اچھا ثابت ہوسکتا ہے۔ جب آپ اپنے دن کا آغاز کرتی ہیں تو اپنے کاموں کی منصوبہ بندی کریں، اپنے کاموں کے اوقات مقرر کریں، روز چہل قدمی لازمی کریں، تفریح کریں، اس کے علاوہ سماجی میل جول بھی رکھیں۔
گھر میں موجود خواتین کیلئے ورزش بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ آپ کو چست رکھنے میں یہ بہترین کام ہے، اس کے علاوہ آپ کا ایکٹو رہنا آپ کے دماغی تناؤ کو کم کرسکتا ہے۔ ہم ورزش کی مدد سے توانائی بھی حاصل کرتے ہیں، اس کے علاوہ بہترین نیند بھی حاصل کرتے ہیں۔ دن بھر خود کر مصروف رکھنے کیلئے کچھ طریقے تلاش کریں، گھر میں رہتے ہوئے آپ اپنی ذہنی صحت کو اچھا بنانے کیلئے ورزش کے مختلف طریقے اپنا سکتی ہیں۔ آرام کرنے کے ساتھ ساتھ تفریح بھی آپ کی جسمانی اور ذہنی صحت کو اچھا کرسکتی ہے۔ آپ منفی احساسات کو ختم کرنے کیلئے تفریح کا پلان بنا سکتی ہیں۔ آپ گھر میں رہ کر یوگا کریں، اس سے آپ کا تناؤ کم ہونے میں آپ کو مدد ملتی ہے اور آپ خود کو پُرسکون محسوس کرتے ہیں۔ جب آپ زیادہ پریشان یا تناؤ محسوس کریں تو تفریح کا کوئی پلان بنا لیں تاکہ آپ صحت مند رہیں اور خوشگوار زندگی گزاریں۔ جب آپ اپنے پیاروں یا اپنے دوستوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں تو آپ بہت اچھا محسوس کرسکتے ہیں اور اس کی مدد سے آپ کی صحت بھی اچھی رہ سکتی ہے۔ جب آپ گھر میں اکیلے رہتے ہیں تو آپ کو تنہائی کا احساس ہوتا ہے، آپ اس تنہائی کو دور کرنے کیلئے کسی پرانے دوست سے بات کرسکتی ہیں۔ آپ گھر میں رہ کر مختلف طریقوں سے رابطے میں رہ سکتے ہیں جیسے موبائل فون، سوشل میڈیا، ڈاک یا ویڈیو کال کرسکتی ہیں۔