بیجنگ بحری تنازع بات چیت سے حل کرے، فلپائن
فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے کہا ہے کہ وہ چین کے ساتھ بحری تنازعات کو جنگ کے بجائے پُرامن طریقوں سے حل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ بات مارکوس جونیئر نے ویسٹرن ایریا کمانڈ کے دورے کے دوران کہی، جو متنازع پانیوں میں بحیرہ جنوبی چین کی نگرانی پر مامور ہے۔ یاد رہے کہ فلپائن کا ایک رسد جہاز اور ایک چینی جہاز 17 جون کو دونوں ممالک کے درمیان متنازع علاقے میں جنوبی بحیرہ چین میں ٹکرا گیا تھا۔ دوسرا واقعہ تھامس شوال میں پیش آیا جو بحیرہ جنوبی چین میں اسپراٹلی جزائر کا حصہ ہے اور فلپائن کے کنٹرول میں ہے۔
امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان فوجی مشقیں
امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان فوجی مشقیں ہوئیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے مشقوں سے قبل جہازوں کا دورہ کیا اور امریکی فوجی حکام سے ملاقات کی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سہ فریقی مشقیں خطے میں اشتعال انگیزی کو ہوا دیں گی اور شمالی کوریا کی جانب سے اس کے جواب میں اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ دوسری جانب پیانگ یانگ کی حکومت نے مشقوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے تینوں ممالک کی جانب سے خطے کا امن تباہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
سعودی وزیر دفاع کا دورۂ چین، فوجی تعاون پر تبادلہ خیال
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بیجنگ پہنچ گئے، جہاں ان کے چینی ہم منصب ڈونگ جون نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں وزرا نے ملاقات کے دوران سعودی چین تعلقات اور دفاعی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے مشترکہ رابطہ کاری کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شہزادہ خالد نے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین زانگ یوشیا سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔
شمالی کوریا کا ہائپر سونک میزائل تجربے کے دوران پھٹ گیا
جنوبی کوریا کی انٹیلی جنس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے ہائپر سونک میزائل کا تجربہ کیا جو ناکام رہا۔ میزائل شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے قریب سے داغا گیا تھا، جو فضا میں ہی پھٹ گیا۔ ادھر جاپان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ میزائل نے تقریباً 100 کلومیٹر کی بلندی اور 200 کلومیٹر سے زیادہ کی رینج تک پرواز کی۔ اس سے قبل شمالی کوریا اور روس نے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔
ایران کا بحرین کے ساتھ تعلقات کی بحالی پرمذاکرات شروع کرنے پر اتفاق
ایرانی وزارت خارجہ نے کہنا ہے کہ ایران اور بحرین نے تقریباً آٹھ سال سے منقطع سفارتی تعلقات کو بحال کرنے کے بارے میں مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ خلیجی ریاست بحرین نے 2016ء میں ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کر لئے تھے۔ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے قائم مقام وزیرخارجہ علی باقری نے 23 جون 2024ء کو تہران میں ایشیائی تعاون ڈائیلاگ سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے بحرینی ہم منصب عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ملاقات کی۔
عالمی توانائی ایجنسی میں ایرانی ایٹمی پروگرام کے خلاف یورپی قرارداد منظور
ویانا میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے بورڈ اجلاس میں ایران کے ایٹمی پروگرام کے لئے یورپی ٹرائیکا کی قرارداد کی حمایت میں 20 اور مخالفت میں 2 ووٹ پڑے جبکہ 12 ارکان غیرجانبدار رہے۔ اس قرارداد میں ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے تہران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تہران جوہری پروگرام کے حوالے سے فوری طور پر ضروری اقدامات انجام دے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ ایران اور عالمی ایجنسی کے درمیان باقی ماندہ مسائل کے حل کے بارے میں 4 مارچ کے بیانے پر بلاتاخیر عمل کرے اور ایجنسی کے معائنہ کاروں کا تفتیشی اجازت نامہ بحال کرے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی قرارداد میں ایران سے یہ مطالبات ایسی حالت میں کئے گئے ہیں کہ جب ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے معائنہ کار بارہا ایران کی ایٹمی تنصیبات کا معائنہ کرچکے ہیں جس میں انہیں فوجی مقاصد کی کوئی علامت نہیں ملی۔
عالمی توانائی ایجنسی کی متنازع قرارداد پرجوابی اقدام کریں گے، ایران
برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ کو قرارداد کا مسودہ پیش کردیا، جس میں ایران کی جانب سے اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے ساتھ مکمل تعاون کرنے میں ناکامی کی مذمت اور مزید جوابدہی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایران کے جوہری توانائی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مخالفین کی جانب سے سیاسی دباؤ کی صورت میں ایران اپنے اعلان کے مطابق جواب دے گا۔ ایران نے دھمکی دی ہے کہ اگر اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے نے یورپی حکومتوں کی طرف سے تجویز کردہ مذمتی نئی قرارداد منظور کی تو اس کا سخت ردعمل دیا جائے گا۔ وعدے پورے نہ ہونے کی صورت میں ایران کو حق حاصل ہے کہ وہ جواب میں اپنی ذمے داریوں کو کم کردے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایران پر یورینیم کی افزودگی میں اضافے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
ترکیہ اور امریکا میں ایف-16 کی خریداری کا معاہدہ
ترکیہ کی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ ترکیہ اور امریکا نے ایف-16 جنگی طیاروں کی فروخت کے معاہدے پر دستخط کردیئے۔ واشنگٹن نے کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد 23 ارب ڈالر کے معاہدے کی اجازت دی۔ معاہدے پر دستخط پہلے ہوگئے تھے اور دونوں اطراف کے وفود تفصیلات کے لئے مذاکرات کررہے ہیں۔ معاہدے کے تحت ترکیہ کو 40 نئے ایف-16 طیارے ملیں گے اور اس کے موجودہ بیڑے میں 79 جیٹ طیاروں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ ہفتے ترکی کی جانب سے نئے ایف-16 لڑاکا طیاروں کی خریداری میں ایک اہم پیش رفت کا خیرمقدم کیا تھا۔ واضح رہے کہ جب تک ترکیہ کی طرف سے سوئیڈن کی نیٹو رکنیت کی توثیق کی دستاویزات واشنگٹن نہیں پہنچ گئیں، امریکا نے اس سودے کی اجازت نہیں دی۔ یاد رہے کہ ترکیہ اور امریکا کے درمیان اس سے قبل جدید ترین لڑاکا طیارے F-35 کی فروخت کا معاہدہ تھا، تاہم انقرہ حکومت نے روس کے ساتھ ایس-400 فضائی دفاعی نظام کی خریداری معاہدہ کرلیا، جس سے ناراض ہو کر واشنگٹن حکومت نے ایف-35 معاہدے کو ختم کرکے امریکا میں تْرک پائلٹوں کے تربیتی پروگرام کو بھی منسوخ کردیا تھا۔
جرمنی: افغان تارکین وطن کو ملک بدر کرنے پر غور
جرمنی میں پناہ گزین کی جانب سے چاقو حملے میں پولیس اہلکار کی ہلاکت اور 5 افراد کے زخمی ہونے کے بعد افغان باشندوں کو ملک بدر کرنے کی اجازت دینے سے متعلق غورشروع ہوگیا۔ وزیرداخلہ نینسی فیسر نے صحافیوں کو بتایا کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد کو واپس افغانستان بھیجنے کی اجازت دینے کے لئے گزشتہ کئی ماہ سے جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ بات بالکل واضح ہے کہ جو لوگ جرمنی کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں، انہیں فوری طور پر ملک بدر کیا جانا چاہئے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم جرائم میں ملوث عناصر اور خطرناک لوگوں کو شام اور افغانستان ڈی پورٹ کرنے کے طریقے تلاش کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ 2021ء میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے جرمنی سے افغانستان میں ملک بدری مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔ تاہم 25 سالہ افغان باشندے کی جانب سے جرمنی کے مغربی شہر مانہایم میں اسلام مخالف ریلی کے دوران لوگوں پر چاقو حملے کے بعد ڈی پورٹ کا عمل دوبارہ شروع کرنے پر بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔ حملہ آور کا نام سلیمان عطائی بتایا گیا جو مارچ 2013ء میں پناہ گزین کے طور پر جرمنی آیا تھا۔ جرمن اخبار بلڈ کے مطابق سلیمان عطائی 14 سال کی عمر میں اپنے بھائی کے ساتھ جرمنی آیا تھا۔ اسے ابتدا میں سیاسی پناہ دینے سے انکار کردیا گیا تھا، لیکن اس کی عمر کی وجہ سے ملک بدر نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب مانہایم شہر میں چاقو حملے کا دوسرا واقعہ پیش آیا، جس میں انتہائی دائیں بازو کی الٹرنیٹو فار جرمنی پارٹی کا رکن زخمی ہوگیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی الٹرنیٹو فار جرمنی پارٹی کے ایک امیدوار نے انتخابی پوسٹر پھاڑنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو پکڑ لیا۔ اس شخص نے بعد میں سیاست دان پر چاقو سے وار کیا۔ زخمی سیاسی کارکن کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔ ادھر پولیس نے حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
روس نے یوکرین سے مذاکرات کی شرائط کا اعلان کردیا
روس کے صدر پیوٹن نے یوکرین کے ساتھ مذاکرات کی شرائط کا اعلان کردیا۔ صدر پیوٹن نے دارالحکومت ماسکو میں روس وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام کی شرکت سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یوکرینی حکومت دونیتسک، لوہانسک، خیرسون اور زاپوریا سے انخلا کرے اور نیٹو کی رکنیت سے متعلق کوششوں سے باز آجائے تو اسی صورت میں اس کے ساتھ مذاکرات شروع کئے جا سکتے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ یوکرین امن سربراہ اجلاس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں سوئٹزرلینڈ اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا۔ روس کے بغیر یوکرین اور یورپ کی سلامتی کا حل تلاش کرنا ناممکن ہے۔ دوسری جانب G-7 کے رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے کہ ماسکو کے 2022ء میں اپنے پڑوسی پر حملہ شروع کرنے کے بعد منجمد روسی خودمختار اثاثوں سے حاصل سود کا استعمال کرتے ہوئے یوکرین کو 50 ارب ڈالر کا قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ ادھر نیٹو کے سیکریٹری جنرل ژینز اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اتحادی ممالک کو تجویز پیش کی ہے کہ جب تک ضرورت پڑے، یوکرین کو سالانہ کم از کم 40 ارب یورو کی فوجی امداد فراہم کرنے کی مالی ضمانت دی جائے۔ برسلز میں نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے سلسلے میں پہلے دن کی نشست کے اختتام پر پریس کو ایک بیان دیا۔ اسٹولٹن برگ نے اس بات پر زور دیا کہ اس ملک کو تقریباً تمام تر فوجی امداد نیٹو کے اتحادیوں کی طرف سے فراہم کی گئی ہے اور یہ نیا منصوبہ اس امداد کو ٹھوس بنیادوں پر کھڑا کرے گا اور ہمیں دوربینی کا موقع فراہم کرے گا۔ اسٹولٹن برگ نے کہا کہ اتحادیوں کی یوکرین کو سالانہ فوجی امداد تقریباً 40 ارب یورو ہے۔ انہوں نے اس رقم کو کم سے کم معیار کے طور پر مقرر کرنے اور جب تک یوکرین کو ضرورت ہو اسے فراہم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
جاپان: فضا میں نامعلوم شے سے سیکیورٹی خدشات تحقیقات شروع
جاپان میں فضا میں نامعلوم شے سے سیکیورٹی خدشات پیدا ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ہوا میں اڑنے والی نامعلوم اشیاء نگرانی کرنے والے ڈرون یا ہتھیار ہوسکتے ہیں۔ اس معاملے کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس جاپانی وزارت نے بتایا تھا کہ اس کا اندازہ ہے کہ حالیہ برسوں میں جاپانی فضا میں اڑتی ہوئی اشیاء چین کی طرف سے بھیجے گئے نگرانی کے غبارے تھے۔
چین کا خلائی مشن چاند سے نمونے لے کر کامیابی سے واپس پہنچ گیا
چین کا خلائی مشن چانگ ای 6 چاند سے نمونے لے کر زمین پر پہنچ گیا جس کے بعد جین چاند کے دوردراز علاقے سے نمونے لانے والا پہلا ملک بن گیا۔ خلائی مشن چانگ ای 6 کامیابی کے ساتھ منگولیا میں اترا۔ دوسری جانب چین کے ایک راکٹ کا ملبہ لانچ ہونے کے کچھ دیر بعد دیہاتی علاقے میں گرنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ صوبے گائے زژو میں پیش آیا، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ راکٹ کے ذریعے مدار میں ایک طاقتور سیٹلائٹ بھیجا گیا تھا، جسے چین اور فرانس نے دوردراز کے ستاروں کے دھماکوں کا مطالعہ کرنے کے لئے تیار کیا تھا۔
پاک بھارت براہ راست مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، امریکا
امریکا نے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات اور براہ راست بات چیت کو ترجیح دیتے ہیں، انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ کے ذریعے پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی پر شراکت داری جاری رہے گی، علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مفاد ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ انسداد دہشتگردی کے معاملات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، اس حوالے سے پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ کے ذریعے پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی پر شراکت داری جاری رہے گی، پاکستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات، براہ راست بات چیت کو ترجیح دیتے ہیں تاہم پاک بھارت مذاکرات کی رفتار، دائرہ کار اور کردار کا تعین دونوں ملکوں کو کرنا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مفاد ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ ملٹری ٹو ملٹری رابطوں پر یقین رکھتا ہے، مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ علاقائی سلامتی پر بات چیت جاری رکھیں گے۔
امریکا نے یوکرین کو جدید میزائل نظام فراہم کرنے کی منظوری دے دی
امریکا نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین کو فوری ضروریات کے پیش نظر پیٹریاٹ او ر جدید ترین فضائی دفاعی نظام ناسام فراہم کیا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ یوکرین کو فوری طور پر ان ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔ امریکا نے یوکرین کو اپنے ذخائر سے مدد فراہم کی اور دوسرے شراکت داروں نے بھی بہت اچھا تعاون کیا، لیکن مزید تعاون کی فوری ضرورت ہے۔ امریکا نے پیٹریاٹ اور ناسام بھیجنے کا مشکل لیکن ضروری فیصلہ کیا۔ کربی نے بتایا کہ صحیح تعداد واضح نہیں ہے، لیکن ممکنہ تعداد سیکڑوں میں ہوسکتی ہے۔ اس فیصلے کی وجہ سے دیگر ممالک کو ترسیل ملتوی کردی جائے گی۔ پہلی کھیپ آنے والے ہفتوں میں فراہم کی جائے گی جبکہ فراہمی مکمل ہونے میں 16 ماہ لگ سکتے ہیں۔