Sunday, April 20, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

اسٹرٹیجک نیوز

امریکا مصر کو 1.3 ارب ڈالر کی عسکری امداد دے گا
امریکا نے مصر کے لئے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی عسکری امداد کی منظوری دے دی۔ خبررساں اداروں کے مطابق بائیڈن انتظامیہ اپنے اتحادی مصر میں انسانی حقوق سے متعلق خدشات کے باوجود امداد کی منظوری دیتے ہوئے فوجی امداد سے منسلک انسانی حقوق کی شرائط کو منسوخ کردیا۔ بائیڈن انتظامیہ نے اپنے دور اقتدار میں ایسا قدم پہلی بار اٹھایا ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے کہ جب واشنگٹن غزہ جنگ کے خاتمے کے لئے قاہرہ پر بہت زیادہ انحصار کرچکا ہے۔ مصر کے لئے مختص ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد میں سے صرف 32 کروڑ ڈالر مشروط ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کانگریس کو بتایا کہ امریکا رواں برس مصر کو انسانی حقوق کے ریکارڈ سے منسلک ساڑھے 22کروڑ ڈالر کی سرٹیفکیشن کی شرط سے مستثنیٰ کردے گا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ فیصلہ علاقائی امن کے فروغ، مصر کی جانب سے امریکی قومی سلامتی کی ترجیحات، خاص طور پر غزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے کرانے، یرغمالوں کی گھر واپسی، ضرورت مند فلسطینیوں کے لئے انسانی ہمدردی کی امداد بڑھانے اور اسرائیل حماس تنازع کے پائیدار خاتمے میں مدد کے لئے اس کی مخصوص اور مسلسل کوششوں کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ کے لئے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے سربراہ کرس مرفی نے کہا کہ واشنگٹن نے ماضی میں انسانی حقوق کی بنیاد پر مصر کی فوجی امداد روک دی تھی۔ یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے کہ مصر بدستور مطلق العنان ملک ہے اور مجھے ان شرائط سے استثنیٰ دے کر اس حقیقت کو نظرانداز کرنے کی کوئی معقول وجہ نہیں دکھائی دیتی۔
ایران 4 ایٹم بم بنا سکتا ہے، یورپی یونین کا واویلا
یورپی یونین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تہران 4 ایٹم بم بنا سکتا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں یورپی یونین نے ایرانی جوہری پروگرام کی توسیع پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تہران چار ایٹم بم بنا سکتا ہے۔ فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے مشترکہ بیان میں ایرانی جوہری پروگرام کی سرگرمیوں میں مسلسل توسیع پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ تہران جوہری معاہدے کے تحت اپنی ذمے داریوں سے نمایاں طور پر ہٹ گیا ہے۔ یورپی یونین نے نشاندہی کی کہ ایران کی طرف سے ہزاروں جدید سینٹری فیوجز کی تنصیب اور بڑی مقدار میں انتہائی افزودہ یورینیم کا ذخیرے نے کئی خدشات کو جنم دیا ہے۔ یورپی ٹرائیکا نے واضح کیا کہ ایران کی یورینیم کی افزودگی کی سطح جوہری معاہدے کے وعدوں سے بہت زیادہ ہے۔ یہاں تک کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار کے حصول کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا تو اس کے پاس 4 ایٹم بم بنانے کے لئے درکار مواد موجود ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایران IAEA کے ساتھ فوری اور مکمل تعاون کرے اور جوہری عدم پھیلاؤ کے میدان میں اپنی ذمے داریوں کی طرف بلاتاخیر واپس آئے۔ واضح رہے کہ 29 اگست کو IAEA کی ایک خفیہ رپورٹ میں تہران پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی جاری رکھے ہوئے ہے جوکہ جوہری ہتھیار بنانے کے لئے درکار سطح کے قریب ہے۔
پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کا دورۂ یو اے ایجنگی مشق ”نصل البحر“ میں شرکت
پاک بحریہ کے جنگی جہازوں نے یو اے ای کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران جہازوں نے جنگی مشق ”نصل البحر“ میں شرکت کی۔ ابوظہبی آمد پر پاک بحریہ کے جہازوں کا متحدہ عرب امارات بحریہ کے اعلیٰ افسران اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے استقبال کیا۔ مشن کمانڈر کی کمانڈنگ آفیسرز پی این ایس شمشیر اور پی این ایس ہیبت کے ساتھ میزبان اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاپان میں ایٹمی ری ایکٹر کی جلد بحالی کا امکان
جاپان میں جویو نامی واحد ری ایکٹر کو دوبارہ فعال کرنے کے لئے مقامی بلدیات نے اسے ضروری حفاظتی تعمیراتی کام شروع کرنے کا اجازت نامہ دے دیا۔ جویو ایک چھوٹا جوہری ری ایکٹر ہے جو فاسٹ ری ایکٹرز کی تیاری کے تجربات کے لئے استعمال ہوتا ہے جن میں استعمال شدہ جوہری ایندھن سے نکالا جانے والا پلوٹونیم استعمال ہوتا ہے۔ یہ ٹوکیو کے شمال میں ایبارا کے او آرائی قصبے میں واقع ہے۔ ری ایکٹر کی منتظم جاپان اٹامک انرجی ایجنسی کو امید ہے کہ کولنگ اور حادثات کا مقابلہ کرنے سے متعلق اقدامات کرتے ہوئے جلد اسے بحال کردیا جائے گا۔
یواے ای نے اپنے برکہ ایٹمی بجلی گھر کی دیکھ بھالبھارتی ادارے کے سپرد کردی
متحدہ عرب امارات نے اپنے برکہ ایٹمی بجلی گھر کی دیکھ بھال اور آپریشنز کی ذمہ داری بھارتی ادارے کے سپرد کردی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالدبن محمد بن زاید بھارت کے دورہ پر نئی دلی پہنچے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر دونوں ممالک نے توانائی کے تعاون کو فروغ دینے کے لئے 4 مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت اور یو اے ای جوہری توانائی میں اسٹرٹیجک شراکت داری کریں گے۔
قزاقستان: جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر کیلئے ریفرنڈم کا فیصلہ
قزاقستان کے صدر قاسم جومرت توکایف نے کہا ہے کہ ملک میں جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر کے فیصلے پر عوامی رائے کے حصول کے لئے 6 اکتوبر کو ملک بھر میں ریفرینڈم کروایا جائے گا۔ انہوں نے پارلیمان کے نئے آئینی سال کی افتتاحی تقریب میں عوام سے خطاب کے دوران دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے توانائی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں محفوظ اور ماحول دوست وسائل توانائی کی ضرورت ہے۔ اس وجہ سے ملک میں جوہری توانائی کے فروغ کو اہمیت دی جانی چاہئے۔ قزاقستان کی اقتصادیات کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو صرف جوہری پاور پلانٹوں سے ہی پورا کیا جاسکتا ہے۔ توکایف نے کہا ہے کہ اس وقت 30 ترقی پذیر یا ترقی یافتہ ممالک میں 200 جوہری پاور پلانٹ کام کررہے ہیں، ہمیں اپنے طویل مدتی قومی مفادات ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ایک سال سے ملک میں جوہری پاور پلانٹوں کی تعمیر پر بحث کی جا رہی ہے لیکن ملک کیلئے اہمیت کا حامل ہر قدم عوامی تعاون سے ہی اٹھایا جاسکتا ہے۔ جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر کیلئے 6 اکتوبر کو ملک بھر میں ریفرنڈم کروایا جائے گا اور اس فیصلے پر دستخط کر دیئے ہیں۔
خلیج تعاون کونسل اور روس کے درمیان تزویراتی مکالمے
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور روس کے درمیان تزویراتی مکالمے کے سیشن کے حوالے سے وزارتِ خارجہ سطح کا اجلاس سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں روسی وزیرخارجہ اور خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
بھارتی وزیرخارجہ کی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل سے ملاقات
بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی۔ ملاقات GCC تعاون کونسل کے جنرل سیکریٹریٹ کے صدر دفتر ریاض میں ہوئی۔ اس موقع پر سعودی عرب اور بھارت کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی اور بھارتی وزرائے خارجہ نے اپنی گفتگو میں علاقائی اور بین الاقوامی معاملات کے متعلق بات چیت کی۔

نئے امریکی صدر سے پہلے سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرلے گا، امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے سفارتی تعلقات غزہ جنگ بندی کے ساتھ شروع ہوجائیں گے اور نئے صدر کے آنے سے پہلے سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرلے گا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے ہیٹی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ امریکی وزیرخارجہ نے امید ظاہر کی کہ نئے امریکی صدر کے آنے سے پہلے ہی سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کر چکا ہوگا۔ ابھی یہ نہیں بتا سکتا کہ یہ کیسے ہوگا لیکن ایسا ہوگا۔ انٹونی بلنکن کا مزید کہنا تھا کہ میں اب بھی پر امید ہوں کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان معاملات جنوری سے پہلے حل ہوجائیں گے۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ صدر جوبائیڈن کے دور اقتدار میں ہی ایسا ہونے جا رہا ہے۔ غزہ میں جنگ بندی کرالی تو سعودیہ اور اسرائیلی تعلقات کی بحالی کا مرحلہ بھی مکمل ہوجائے گا۔ خیال رہے کہ امریکا میں صدارتی الیکشن 5 نومبر کو ہوں گے اور جنوری 2025ء میں نئے صدر جوبائیڈن کی جگہ لے لیں گے۔
پاکستان اور چین کے درمیان مشاورت کا نواں اجلاس
پاکستان اور چین کے درمیان ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ پر دوطرفہ مشاورت کا نواں اجلاس اسلام آباد میں منعقدہوا۔ اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلا پر دوطرفہ مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (آرمز کنٹرول اور تخفیف اسلحہ ڈویژن) سفیر طاہر اندرابی اور سن شیابو ڈائریکٹر جنرل (آرمز کنٹرول ڈپارٹمنٹ)، وزارت خارجہ امور عوامی جمہوریہ چین نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فریقین نے ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
چین اور روس کی فوجی مشقوں پر جاپان کا اظہار تشویش
جاپان کا کہنا ہے کہ چین اور روس کی مشترکہ فوجی مشقوں پر ٹوکیو گہری تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق چین کی وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ روسی فوج بحیرہ جاپان میں چینی فوجی مشقوں میں حصہ لے گی اور چینی بحریہ بحرالکاہل میں روس کی بحری مشقوں میں شامل ہوگی۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جاپانی کابینہ کے سیکریٹری ہایاشی یوشی ماسا نے کہا کہ اِن مشقوں کے مقاصد کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ حالیہ برسوں میں، چین اور روس بحری جہازوں اور بمبار طیاروں کے ساتھ مشترکہ تربیت میں حصہ لے چکے ہیں۔
بنگلا دیش میں جاپانی فوجیوں کی باقیات کی واپسی کیلئے مذاکرات
بنگلادیش میں دوسری جنگ عظیم کے دوران جنگی قیدی بنائے گئے جاپانی فوجیوں کی باقیات کی بازیابی کے لئے مذاکرات کے بعد نومبر میں اس پر عمل کیا جائے گا۔ جاپان کی وزارت بہبود کا کہنا ہے کہ فوجیوں کو برطانوی فوج نے امپھال کی لڑائی کے دوران پکڑا تھا۔ جاپانی فوج نے برطانوی کنٹرول والے شمال مشرقی ہندوستان کو فتح کرنے کی کوشش کی تھی۔ جاپانی فوجیوں کو بنگلادیش لے جایا گیا جہاں مبینہ طور پر وہ ہلاک ہوگئے۔ 2014ء سے کئے گئے ایک فیلڈ سروے کے ذریعے معلوم ہوا کہ بنگلادیش میں 43 فوجیوں کی قبریں ہیں۔
جرمنی نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمد کی منظوری روک دی
جرمنی نے عدالتی کیسز کے دباؤ پر اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمد کی منظوری روک دی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیسز میں کہا گیا ہے کہ جرمن ہتھیاروں کی برآمدات انسانی قانون کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔ رواں سال جرمنی کی اسرائیل کو جنگی ہتھیاروں کی برآمدات میں خاصی کمی آئی ہے۔ جرمنی کی جانب سے اسرائیل کے لئے جنوری تا اگست صرف 14.5 ملین یورو مالیت کے ہتھیاروں کی منظوری دی گئی۔ گزشتہ سال جرمنی نے اسرائیل کو 326.5 ملین ڈالرز مالیت کے ہتھیاروں کی منظوری دی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے برلن کا مؤقف ہے کہ اسرائیل کے خلاف ہتھیاروں کا بائیکاٹ نہیں کیا، دیگر یورپی ممالک بھی اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمد روک رہے ہیں۔
میزائل تجربات میں سپر لارج وار ہیڈ استعمال کئے، شمالی کوریا
شمالی کوریا نے سپر لارج وارہیڈ سے لیس نئی قسم کے ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کردیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق بیلسٹک میزائل پر 4.5 ٹن کلاس کا سپر لارج روایتی وارہیڈ لگایا گیا تھا اور تجربے کا مقصد اس کی طاقت کی تصدیق کرنا تھا۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اپنے بیان میں کہا کہ مضبوط طاقت کی موجودگی ملک کو دشمنوں کی تزویراتی غلط فہمیوں کو روکنے اور انہیں ناکام بنانے کے قابل بنائے گی۔ شمالی کوریائی رہنما نے جوہری ہتھیاروں میں اضافے پر زور دیا۔
فرانسیسی فوج کی جاپان کے ساتھ پہلی بار مشقیں

جاپان کی گراؤنڈ سیلف ڈیفنس فورس اور فرانسیسی فوج نے پہلی بار جاپان میں مشترکہ مشقیں شروع کردیں۔ ان مشقوں میں عسکریت پسندوں سے یرغمالیوں کی بازیابی کی کارروائیوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ دونوں فورسز کے دستوں نے شہری علاقے میں عمارت پر دھاوا بولنے کی مشق کی۔ فرانسیسی فوج کی سکستھ لائٹ آرمرڈ بریگیڈ کے جنرل والَنٹن سیلر نے کہا کہ فرانس اور جاپان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مشقیں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
بھارتی ڈرون خلیج بنگال میں گر کر تباہ
بھارتی ڈرون خلیج بنگال میں گر کر تباہ ہوگیا۔ ڈرون کے تباہ ہونے کی وجوہات تاحال سامنے نہ آسکیں۔ امریکا سے لیا جانے والا MQ-9B نامی ڈرون بھارت نے بحرہند کے وسیع علاقے میں انٹیلی جنس نگران اور جاسوسی کیلئے مختص کیا تھا، بھارت کے MQ-9B ڈرون کو تامل ناڈو میں بھارتی بحریہ کے بیس سے کنٹرول کیا جاتا تھا، جو اب اس کی جگ ہنسائی کا سبب بن چکا۔
آئیوری کوسٹ میں فرانسیسی فوج کا طیارہ ساحل پر گر کر تباہ
آئیوری کوسٹ کے بحر اوقیانوس میں فرانسیسی فوج کا سازوسامان لے جانے والا چارٹر کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک کارگو طیارہ آئیوری کوسٹ کے عابدجان میں بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے بعد بحر اوقیانوس میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ ساحل پر گر کر دو حصوں میں ٹوٹ گیا۔ ملبے سے 4 لاشیں نکالی گئیں جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں 2 فرانسیسی فوجی بھی شامل ہیں۔ آئیوری کوسٹ میں فرانسیسی افواج کے ترجمان نے بھی بتایا کہ کم از کم 6 افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم انہوں نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔ آئیورین سیکیورٹی کے وزیر نے بتایا کہ اس حادثے میں مالڈووی کے 4 شہری ہلاک اور 2 دیگر زخمی ہوگئے تاہم سیڈیکی ڈیاکائٹ نے جائے حادثہ پر صحافیوں کو بتایا کہ 4 فرانسیسی شہری بھی حادثے میں بچ گئے لیکن وہ زخمی ہیں۔ آئیوری کے کئی سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ وہ فرانسیسی فوجی تھے۔ ترجمان فرانسیسی فوجی نے بتایا کہ حادثے کے شکار ہونے والے چارٹر انٹونوف طیارے کو فرانسیسی فوج نے عسکریت پسندوں کے خلاف ہونے والے ”آپریشن بارکھان“ فرانسیسی فوجی سامان لے جا رہا تھا۔ تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طوفانی موسم نے حادثے میں کردار ادا کیا۔
ماؤ نواز باغی ہتھیار ڈال دیں یا حملے کیلئے تیار ہوجائیں، بھارت کی دھمکی
بھارتی وزیرداخلہ نے خبردار کیا کہ وسطی ہندوستان کے جنگلوں میں موجود ماؤ نواز باغی ہتھیار ڈال دیں یا ایک ہمہ گیر حملے کے لئے تیار ہوجائیں۔ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے وسطی ریاست چھتیس گڑھ کے شہریوں کے ایک گروپ سے ملاقات کے بعد کہا کئی لوگ مرکزی دھارے میں شامل ہوچکے ہیں اور آپ کو بھی ہوجانا چاہئے، اس لئے میں کہتا ہوں کہ دستبردار ہوجائیں اور ہتھیار ڈال دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے ہماری بات نہ مانی تو ہم ایک ہمہ گیر مہم شروع کریں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو 2026ء کے اوائل تک نکسلائٹ تحریک کو ختم کر دینے کی توقع ہے۔
مالی میں القاعدہ کا فوجی تربیتی کیمپ پر حملہ
مالی کے دارالحکومت میں ملٹری اینڈ پولیس ٹریننگ کیمپ اور ہوائی اڈے پر حملے کئے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 50 سے زائد ملٹری پولیس کے طلبا ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مالی میں ملٹری پولیس کے ایک تربیتی کیمپ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ چاروں اطراف سے کیا گیا حملہ اتنا اچانک اور منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا کہ اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہیں مل سکا۔ حملہ آور جاتے ہوئے فوجی اسلحہ اور جنگی سازوسامان بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ حملے کی ذمہ داری جماعت نصرۃ الاسلام والمسلمین نے قبول کرلی جو خود کو القاعدہ کا مقامی ونگ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔ جہادی تنظیم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصاویر اور ویڈیوز نشر کیں جن میں جنگجوؤں کو ایک ہوائی جہاز کو تباہ کرتے، فوجیوں سے لڑائی اور فتح کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ حملے کی اطلاع ملنے پر مزید نفری طلب کرلی گئی۔ جائے وقوعہ سے 77 لاشیں ملی جبکہ 255 کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متعدد کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ یہ حملہ افریقی ممالک مالی، نائجر اور برکینا فاسو کے سرحدی تحفظ اور دفاعی معاملات پر بنائے گئے ”الائنس آف ساحل اسٹیٹس“ کے قیام کے ایک سال کے مکمل ہونے پر ہوا ہے۔ ان تینوں ممالک نے جو 2020ء سے فوجی بغاوتوں کے بعد آمرانہ طرز حکومت پر چل رہے ہیں نے سابق نوآبادیاتی حکمران فرانس سے تعلقات توڑ لئے ہیں اور فوجی اور سیاسی طور پر روس سمیت دیگر شراکت داروں کی طرف رُخ کیا ہے۔
عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا پر اتفاق
عراق اور امریکا نے ستمبر 2025ء تک امریکا کی سرکردگی میں بین الاقوامی اتحادی فوجیوں کے عراق سے انخلا سے اتفاق کیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے نے رپورٹ دی ہے کہ اس معاہدے کے مطابق ستمبر 2025ء تک بین الاقوامی اتحادی افواج عراق سے نکل جائیں گی جبکہ دیگر افواج 2026ء میں عراق چھوڑ کر چلی جائیں گی۔ ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ ہم عراق سے اتحادی افواج کے انخلا کے بارے میں ایک سمجھوتے پر پہنچ گئے ہیں اور اب دیکھنا یہ ہے کہ اس کا اعلان کب کیا جائے۔ اطلاعات کے مطابق عراق سے اتحادی افواج کے انخلا کا اعلان چند ہفتے پہلے ہونا تھا، لیکن غزہ میں اسرائیل کی جنگ سے متعلق علاقائی کشیدگی میں اضافے اور کچھ دیگر تفصیلات کے حل کے باعث، اسے ملتوی کردیا گیا تھا اور ممکنہ طور پر معاہدے کا اعلان اسی ماہ کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق امریکا اور عراق ایک نئے مشاورتی تعلقات کے قیام پر بھی غور کررہے ہیں جس میں اتحادی افواج کے انخلا کے بعد عراق میں باقی رہنے والے کچھ امریکی فوجیوں کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
مغربی دُنیا اسرائیل کو خطے میں جارحانہ جنگ پھیلانے سے روکے، ترک صدر طیب اردگان
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ اسرائیل جنگ کو غزہ کے بعد اب دوسرے ممالک تک پھیلا رہا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ترکیہ کے صدر طیب اردگان نے نیوز کانفرنس میں اسرائیل پر جنگ بندی کے لئے دباؤ ڈالنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو ایک سال ہوگیا اور اب وہ جنگ کو لبنان تک پھیلا رہا ہے جس سے پورے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا۔ ترک صدر نے مغربی ممالک سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو جارحانہ جنگ پھیلانے سے روکا جائے اور بھی کوئی ملک یا ادارہ جو دنیا میں امن چاہتا ہے وہ آگے بڑھے اور اسرائیل کو جارحیت سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر بھی کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لئے انسانی بنیادوں پر کوششوں کو تیز کرنا چاہئے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک ڈی جی آئی ایس آئی تعینات
لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے 30ستمبر کو اپنی نئی ذمے داری سنبھال لی۔ وہ اس سے پہلے جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے فرائض ادا کرچکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم بلوچستان میں انفنٹری ڈیویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ بھی کرچکے ہیں، وہ اپنے کورس میں اعزازی شمشیر بھی حاصل کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ بھی تعینات رہ چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کے گریجویٹ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک فوجی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والد غلام محمد بھی لیفٹیننٹ جنرل تعینات رہے، ان کے والد کور کمانڈر راولپنڈی بھی تعینات رہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کے والد کو جنرل جی ایم کے طور پر جانا جاتا ہے۔
ایران نے نئے بیلسٹک میزائل ”جہاد“ کی رونمائی کردی
ایران نے تہران میں ایک فوجی پریڈ کے دوران اسلامی انقلابی گارڈ کور نے مقام طور پر تیار کردہ ”جہاد“ نامی ایک نئے بیلسٹک میزائل کی نمائش کی ہے، 4000 کلومیٹر رینج کے ساتھ ایک نئے ڈرون کی بھی نمائش کی گئی، ”شہید-136B“ نامی یہ ڈرون ”شہید 136“ کا اپ گریڈ ورژن ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق جہاد میزائل سسٹم کی ہفتے کے روز پہلی بار باضابطہ طور پر نقاب کشائی کی گئی ہے، یہ بیلسٹک میزائل 1000 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ بیلسٹک میزائل ایران کے دیگر لیکوئڈ فیول والے میزائلوں سے اس لئے مختلف ہے کیونکہ یہ دہرے میزائل لانچر کا حامل ہے۔ ”جہاد“ میزائل ”قائم“ میزائل کا ایک بہترین ورژن ہے۔

مطلقہ خبریں