سعودی آرمی چیف کا دورۂ ایران، ہم منصب سے ملاقات دفاعی سفارتکاری و دیگر امور پر گفتگو
سعودی عرب کے آرمی چیف فیاض الرویلی دورہ ایران پر تہران پہنچے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی آرمی چیف کی ایرانی ہم منصب جنرل محمد بغیری سے ملاقات ہوئی۔ سعودی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ملاقات میں دفاعی سفارتکاری، باہمی تعاون کے فروغ اور دیگر معاملات پر گفتگو ہوئی۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی آرمی چیف نے آئندہ سال بحری مشقوں میں سعودی بحریہ کی شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔ سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک میں گزشتہ برس تعلقات کی بحالی کے بعد سعودی عرب کے عسکری اعلیٰ عہدیدار کا یہ اہم دورہ ہے۔
امریکا اور چین کے صدور کی اہم ملاقات
امریکا کے صدر جو بائیڈن اور چینی ہم منصب شی جن پنگ کی لیما میں اہم ملاقات ہوئی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے صدر جوبائیڈن اور چینی ہم منصب شی جن پنگ کی پیرو کے شہر لیما میں ایشیا پیسیفک اکنامک فورم کے موقع پر سائیڈ لائن ملاقات ہوئی۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ امریکا سے مسحکم اور پائیدار تعلقات برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور نومنتخب صدر ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ چینی صدر نے امریکی ہم منصب سے سائبر کرائم سے لے کر تجارت، تائیوان اور روس تک کے اہم تنازعات پر بھی بات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں اتار چڑھاؤ کا اعتراف بھی کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ کام کرنے کی خواہش میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ چین اور امریکا تعلقات میں سب سے اہم دوطرفہ تعلقات ہیں۔ مستقبل اور انسانیت کیلئے دونوں ملکوں کے تعلقات بہت اہم ہیں اس لئے دونوں ممالک کا ایک دوسرے کو حریف سمجھنے سے نقصان ہوگا۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں ہم نے ثابت کیا کہ باہمی اعتماد کا یہ رشتہ رکھنا ممکن ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کا مقابلہ تنازع کی شکل اختیار نہیں کرے گا۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ہم کس طرح اکٹھا ہورہے ہیں، اس سے باقی دنیا پر اثر پڑ سکتا ہے۔
پاکستان عالمی میری ٹائم اتھارٹی کا رکن بن گیا
پاکستان عالمی میری ٹائم اتھارٹی کا رکن بن گیا۔ پاکستان کے ایک نجی ادارہ ایس آئی گلوبل سلوشن نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف لائٹ ہاس اتھارٹیز کی باضابطہ رکنیت حاصل کرکے پاکستان کو یہ مقام دلایا۔ آئی اے ایل اے ایک مشہور بین الاقوامی تنظیم ہے جو دُنیا بھر میں جہازوں کی محفوظ اور مؤثر نقل و حرکت کو فروغ دیتی ہے۔ صنعتی رکنیت حاصل کرنے کیلئے ایس آئی گلوبل سلوشن نے کامیابی کے ساتھ آئی اے ایل اے کی سخت شرائط کو پورا کیا، اپنی تکنیکی مہارت، آپریشنل عمدگی اور سمندری حفاظت کیلئے لگن کا مظاہرہ کیا۔ جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ایس آئی گلوبل سلوشن انڈسٹریل ممبر شپ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی کمپنی کے طور پر، جو ایک معروف میری ٹائم اور تیزی سے ترقی کرنے والی ICT سسٹم انٹیگریٹر اور کنسلٹنسی کمپنی ہے جو ملک کی میری ٹائم انڈسٹری کیلئے ایک معیار قائم کرتی ہے۔ یہ سنگ میل عالمی میری ٹائم سیکٹر میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو تقویت دیتا ہے۔ ایس آئی گلوبل سلوشن نے میری ٹائم ڈویژن کے ذریعے پاکستان میں ایڈز ٹو نیویگیشن بزنس کا 100% مارکیٹ شیئر رکھتا ہے۔ یہ پاکستان کی تمام سمندری بندرگاہوں پر ہر سطح پر کاروباری تعلقات کے ساتھ فعال طور پر کام کر رہا ہے۔
ایئر چیف مارشل کیلئے بحرین کا فرسٹ کلاس میڈل
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو کو بحرین کے فرسٹ کلاس میڈل سے نواز دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بحرین کے نائب فرمانروا نے ایئر چیف مارشل کو بحرین میڈل فرسٹ کلاس کے اعزاز سے نوازا۔ ایئر چیف مارشل کو بحرین کی ساخر ایئربیس پر تمغے سے نوازا گیا۔ ایئر چیف کو یہ اعزاز برادر ممالک میں فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لئے شاندار کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔ تقریب میں بحرین کی اعلیٰ سول اور فوجی قیادت نے شرکت کی۔ ایئر چیف مارشل نے میڈل عطا کرنے پر بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو سے بحرین انٹرنیشنل ایئرشو کے موقع پر امریکی ایئر فورس سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈیرک فرانس کی ملاقات بھی ہوئی۔ ایئر چیف مارشل نے دونوں اسٹرٹیجک پارٹنرز کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کمانڈر سینٹرل کمانڈ نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ بحرین انٹرنیشنل ایئرشو میں پاک فضائیہ کے JF-17 بلاک تھری لڑاکا طیارے کی شرکت کی۔ بحرینی فرمانروا نے ایئرشو میں پاک فضائیہ کے دستے کی شرکت کو سراہا۔
افغان طالبان نے کینیڈا کے سابق فوجی کو گرفتار کرلیا
افغان طالبان نے کینیڈا کے سابق فوجی ڈیوڈ لاوری کو گرفتار کرلیا۔ رپورٹس کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر طالبان ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ڈیوڈ لاوری کو کابل میں لینڈنگ کے فوری بعد گرفتار کیا گیا۔ ڈیوڈ کابل میں ایک نجی سیکیورٹی فرم چلاتے ہیں۔ وہ کئی برسوں سے افغانستان میں کام کررہے ہیں۔ گلوبل افیئرز کینیڈا نے تصدیق کی ہے کہ وہ افغانستان میں ایک کینیڈین شہری کی گرفتاری کے واقعے سے آگاہ ہے۔
پاکستان بنگلادیش سے اسٹرٹیجک تعلقات قائم کرے، مشاہد حسین
سابق وفاقی وزیر و سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلا دیش سے اسٹرٹیجک تعلقات قائم کرے، انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان ویزا فری سفر اور کھلی تجارت اور سرمایہ کاری کو کھولنے پر زور دیا۔ اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول میں ”پاکستان۔ بنگلا دیش تعلقات“ کے ایک پینل میں مشاہد حسین نے کہا کہ بنگلادیش میں تاریخی تبدیلی آئی ہے، تبدیلی نے جنوبی ایشیا کے اسٹرٹیجک منظرنامے کو تبدیل کرکے پاکستان کیلئے تاریخی مواقع کھولے ہیں، بنگلادیش کے لوگ بھارت نواز حسینہ واجد حکومت کے خلاف طلبہ انقلاب کو ”دوسری آزادی“ کہتے ہیں۔
چینی سائنس دانوں کا خفیہ خلائی ہتھیار بنانے کا دعویٰ
چینی سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک ڈیتھ اسٹار بنا لیا ہے جو خلا میں موجود دشمنوں کے سیٹلائٹ تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ہتھیار مائیکرو ویو شعاعوں کی پلسز کو ملا کر ایک طاقتور شعاع بناتا ہے۔ ان کے ملنے کیلئے الیکٹرو میگنیٹک پلسز کو ایک ہی ہدف کو ایک سیکنڈ کے 1700 کھرب حصے کو نشانہ بنانا ہوتا ہے۔ ایسا کرنے کیلئے جدید جی پی ایس سیٹلائیٹ پر نصب ایٹمی گھڑیوں سے زیادہ وقت کی درستی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ایسا کام ہے جو اس سے قبل ناممکن سمجھا جاتا تھا۔ یہ ہتھیار اپنے ممکنہ ملٹری استعمال کیلئے تمام آزمائشی مراحل پورے کرچکا ہے جو الٹرا ہائی ٹائم پریسیشن سنکرونائزیشن کی بدولت ممکن ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس شے کو دیگر مقاصد کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جس میں تعلیمی اور تربیتی میدان، نئی ٹیکنالوجی کی تصدیق اور ملٹری مشقیں شامل ہیں۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ خفیہ خلائی ہتھیار 7 مائیکرو ویو فائرنگ وہیکل کا استعمال کرتا ہے۔
امریکی ایٹمی آبدوز نارویجین مچھوارے کے جال میں پھنس گئی
ناروے کے پانیوں میں اپنی نوعیت کا عجیب واقعہ رونما ہوا ہے۔ 7800 ٹن وزن کی ایک ایٹمی آبدوز یو ایس ایس ورجینیا ایک مچھیرے کے جال میں پھنس گئی۔ ناروے کا مچھیرا 3 ارب 38 کروڑ ڈالر مالیت کی ایٹمی آبدوز دیکھ کر حیران رہ گیا۔ یہ نوجوان مچھیرا 10 میٹر لمبی کشتی میں شکار کررہا تھا۔ یہ واقعہ ٹرامز کے پانیوں میں رونما ہوا۔ امریکا کی ایٹمی آبدوز کم و بیش 115 میٹر لمبی ہے۔ جب یہ نارویجین مچھیرے کے جال میں پھنسی تو اُس کی کوشش کو 2 ناٹیکل میل دور تک گھسیٹتی ہوئی لے گئی۔ مچھیرے کو اسی وقت کوسٹ گارڈز کی طرف سے ارجنٹ ریڈیو میسیج ملا۔ 22 سالہ کیپٹن ہیرالڈ اینگن نے این آر کے ٹرامز میڈیا کو بتایا کہ ہمارے دوسرے شکار کی تیاری کر ہی رہے تھے کہ کوسٹ گارڈز کا پیغام موصول ہوا۔ بعد میں ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں امریکی سفارت خانے نے تصدیق کردی کہ یو ایس ایس ورجینیا اُسی علاقے میں تھی۔ 1999ء میں ایسے ہی ایک واقعے میں برطانیہ کی آبدوز ایک ماہی گیر کشتی سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گئی تھی اور عملے کے چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
شمالی کوریا کو جواب، جنوبی کوریا نے بھی بیلسٹک میزائل فائر کردیا
جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی میزائل تجربات کے جواب میں بحیرہ اصفر کی طرف زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریاکی فوج نے شمالی کوریا کی حالیہ میزائل تجربات کے خلاف منعقد کئے گئے مشقوں کے بارے میں بیان میں بتایا کہ تجربے میں ہیون مو 2 میزائل کا استعمال کیا گیا۔ زمین سے زمین پر بیلسٹک میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے عملی مشق بحیرہ اصفرمیں دارالحکومت سیول سے 108 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تیان علاقے میں کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ جنوبی کوریائی فوج شمالی کوریا کی اشتعال انگیزیوں کا جواب مناسب طریقے سے دینے کے لئے تیار ہے۔ اس مشق کے ذریعے ہماری فوج نے شمالی کوریا کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا مقابلہ کرنے کے عزم اور دشمن کی اشتعال انگیزیوں کے جواب میں فوری حملے کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سے قبل جنوبی کوریا نے 5 نومبر کو شمالی کوریا کی جانب سے بحیرہ جاپان میں بیلسٹک میزائلوں کے داغے جانے کی اطلاع دی تھی۔ 31 اکتوبر کو شمالی کوریا نے بحیرہ جاپان میں اب تک داغے گئے میزائلوں میں سب سے زیادہ طویل پرواز والا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل آئی سی بی ایم داغا تھا۔
ممکنہ سیکیورٹی معاہدہ۔۔ امریکا اور سعودیہ کا تبادلہ خیال
امریکا اور سعودی عرب کا ممکنہ سیکیورٹی معاہدے پر تبادلہ خیال ہوا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ممکنہ سیکیورٹی معاہدے میں اسرائیل شامل نہیں ہوگا۔ امریکا سعودی عرب ممکنہ سیکیورٹی معاہدہ دفاعی معاہدہ نہیں۔ بائیڈن کے دور میں ہی سعودی عرب اور امریکا سیکیورٹی معاہدہ چاہتے ہیں۔
جاپانی قومی سلامتی کے سربراہ اور چینی وزیرخارجہ مذاکرات پر متفق
جاپان کے قومی سلامتی کے سربراہ آکیبا تاکیاو اور چین کے وزیرخارجہ وانگ ای نے دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح کی بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ آکیبا نے بیجنگ میں وانگ کے ساتھ ساڑھے چار گھنٹے تک بات چیت کی۔ انہوں نے شمالی کوریا کی جانب سے روس میں فوجیوں کی تعیناتی پر وانگ سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یوکرین کی صورتِ حال سے مشرقی ایشیا متاثر ہوسکتا ہے۔
جاپان کا دفاعی صلاحیتیں مزید بڑھانے کا اعلان
جاپانی وزیراعظم اِشیبا شِگیرُو نے سیلف ڈیفنس فورسز (SDF) کے ارکان سے کہا ہے کہ وہ سخت سیکیورٹی ماحول کی روشنی میں ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو بنیادی طور پر تقویت دینے کیلئے کام کریں گے۔ اِشیبا نے ٹوکیو کے قریب سائیتاما پریفیکچر میں گراؤنڈ سیلف ڈیفنس فورس کے اساکا ٹریننگ گراؤنڈ میں ایک جائزہ تقریب کے موقع پر SDF کے تقریباً 600 اہلکاروں سے سے خطاب کیا۔ انہوں نے جاپان کی فضائی حدود میں رواں سال چینی اور روسی فوجی طیاروں کی دراندازی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جاپان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں اور مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔ اِشیبا نے شمالی کوریا کے بار بار بیلسٹک میزائل تجربات کو بھی ذہن میں رکھتے ہوئے کہا کہ جاپان کو جنگ کے بعد کے دور میں سب سے مشکل اور پیچیدہ ترین سلامتی ماحول کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جاپان کی سفارت کاری اور دفاعی صلاحیتوں کو متوازن انداز سے مضبوط کریں گے۔ وزیراعظم نے امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی ٹیلی فونک گفتگو کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ دونوں نے جاپان امریکا اتحاد کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
امریکا کے شراکت دار اور دوست بننے کو تیار ہیں، چین
واشنگٹن میں چین کے سفیر نے کہا کہ چین امریکا کا شراکت دار اور دوست بننے کیلئے تیار ہے۔ امریکا میں چین کے سفیر ژی فینگ نے ہانگ کانگ میں چینی حکام اور چین میں امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کا امریکا کو پیچھے چھوڑنے یا اس کی جگہ لینے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق بیجنگ جنوری میں ٹرمپ کی صدارت میں واپسی سے قبل واشنگٹن کے ساتھ تعلقات ازسرنو ترتیب دینے کیلئے کوشاں ہے۔ ژی فینگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس تجارت، زراعت، توانائی، مصنوعی ذہانت اور صحتِ عامہ کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی بڑی صلاحیت ہے۔ ژی نے ہر فریق کے خدشات دور کرنے کیلئے مکالمے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل طور پر ممکن ہے کہ بے تکلفانہ گفتگو کیلئے مسائل کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے اور مساوی سطح پر حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تائیوان سب سے بڑا نکتہ اشتعال ہے جو بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان تصادم اور تضاد کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے تائیوان میں علیحدگی پسندوں کی واضح مخالفت پر زور دیا۔ یاد رہے کہ چین جمہوری طور پر زیرِحکومت تائیوان کو اپنا علاقہ سمجھتا ہے جبکہ تائی پے اس دعوے کو مسترد کرتا ہے۔
سعودی جنرل ترکی کی امریکی فضائیہ کی معاون وزیر سے ملاقات
سعودی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز نے امریکی فضائیہ کی معاون وزیر برائے بین الاقوامی امور کیلی سیبولٹ سے ملاقات کی۔ فریقین میں سعودی شاہی فضائیہ کے حوالے سے حالیہ اور مستقبل کے پروگرامز اور منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقات میں سعودی فضائیہ کے دیگر ارکین بھی شامل تھے۔
امریکی پائلٹ کی نااہلی سے ایف-35 طیارہ تباہ،دس کروڑ ڈالر کا نقصان
امریکی پائلٹ کی نااہلی کے باعث جدید ترین لڑاکا F-35 طیارہ تباہ ہوا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ 17 ستمبر 2023ء کو شدید بارش اور طوفان کے دوران پیش آیا تھا۔ لڑاکا طیارہ تقریباً 11 منٹ تک فضا میں بے قابو رہنے کے بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ 10 کروڑ ڈالر کے طیارے کی تباہی کی وجہ پائلٹ کی غلطی بتائی گئی۔ پائلٹ نے برقی خرابی اور اسکرین پر بعض خرابیاں پیدا ہونے کی وجہ سے انجیکشن سیٹ کا استعمال کرتے ہوئے طیارہ چھوڑ دیا تھا، تاہم جدید طیارہ اپنے خودکار فلائٹ کنٹرول سسٹم کی بدولت تقریباً 11 منٹ تک 112 کلومیٹر کے فاصلے تک پرواز کرتا رہا۔
پاک، چین فضائیہ کے درمیان مشق انڈس شیلڈ 2024ء
پاک فضائیہ اور چین کی فضائیہ کے درمیان منعقدہ دوطرفہ مشق انڈس شیلڈ 2024ء کا چینی ماڈیول پاکستان ایئرفورس کے ایک آپریشنل ایئربیس پر مکمل ہوگیا، مشق میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس نے اپنے اہلکاروں اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل آلات کے ساتھ حصہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں اے ای ایس اے ریڈار اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے بی وی آر سے لیس J-16 اور J-10C لڑاکا طیارے، مہلک HQ-22 فضائی دفاعی نظام، طاقتور YTG-9 فضائی الیکٹرانک جنگی پلیٹ فارم اور KJ-500 ایئربورن ارلی وارننگ سسٹم شامل تھے۔ اس دوران پاکستانی فضائیہ کے J-10C اور JF-17 بلاک-III لڑاکا طیاروں کے ساتھ جدید فضائی جنگی مظاہرہ کیا گیا۔ ایسی بڑی مشق کی کامیاب تکمیل پاکستان فضائیہ کی اتحادی ممالک کے ساتھ مشترکہ آپریشنل تیاری کا عکاس ہے اور موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔ انڈس شیلڈ چائنیز کا مقصد فضائی جنگی چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے چین اور پاکستان کے درمیان انٹرآپریبلٹی کو جانچنا اور حقیقی جنگی ماحول میں مختلف عسکری حکمت عملی کو آزمانا تھا۔ اس مشق نے دونوں فضائی افواج کی جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کیا ہے۔
پاک بحریہ کا مقامی طور پر تیار بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ
پاک بحریہ نے اپنی دفاعی قوت میں اضافہ کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کئے گئے بیلسٹک میزائل کا بحری جنگی جہاز سے کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 350 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر مار کرنے والا میزائل سسٹم زمینی اور سمندری اہداف کو انتہائی درستی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ نظام جدید ترین نیویگیشن سسٹم کے ساتھ اپنی سمت اور رفتار کو تبدیل کرنے کی خصوصیات سے لیس ہے۔ شپ لانچڈ بیلسٹک میزائل (SLBMs) سسٹم میں دیگر سسٹمز کے مقابلے میں اسٹیلتھ (رڈار میں نہ آنے کی صلاحیت)، لچک اور اپنا دفاع تک کرنے کی صلاحیتیں ہیں۔ بھارتی بحریہ کی تعمیر کے تناظر میں آج کی صلاحیت میں اضافہ ایک بہت بڑا سنگ میل ہے۔ اس نے بحرہند میں طاقت کے ترازو کو متوازن کردیا ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاک بحریہ نے بھارتی بحریہ کو چیک میٹ کردیا ہے۔ بھارتی بحریہ کے ایئرکرافٹ کیریئر (طیارہ بردار بحری جہازوں) اور دیگر جنگی جہازوں کا توڑ نکال لیا گیا ہے۔ مستقبل میں بھارتی بحریہ کیا ترقیاتی حکمت عملی اپنائے گی؟ بھارتی پالیسی سازوں کیلئے یہ ایک شدید مخمصہ ہے۔نسٹ یونیورسٹی اور PAEC کے درمیان ایم او یو پر دستخط
نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) جنرل اسپتال نے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) کے ذریعے ایک اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ نسٹ کے مرکزی دفتر میں منعقدہ دستخطی تقریب میں دونوں اداروں کے اہم نمائندوں نے شرکت کی۔ مفاہمت نامے کا مقصد تعلیم، تحقیق اور دیگر مختلف باہمی فائدہ مند سرگرمیوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے اور اپنی صلاحیتوں کو یکجا کرکے نسٹ اور PAEC جنرل اسپتال، صحت کی دیکھ بھال کے معیارات اور سائنسی ترقی کو بلند کرنے کی کوشش جاری رکھنا ہے۔ ڈاکٹر راجہ علی رضا انور، چیئرمین پی اے ای سی، نے نسٹ کی شاندار کامیابیوں اور علمی ساکھ کو سراہتے ہوئے، خاص طور پر نسٹ سکول آف ہیلتھ سائنسز (این ایس ایچ ایس) کے قیام کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شراکت داری مشترکہ اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ایم او یو پر باضابطہ طور پر ڈاکٹر عبدالمجید، ڈائریکٹر پی اے ای سی جنرل اسپتال اور پروفیسر ڈاکٹر رضوان اشرف، پرنسپل این ایس ایچ ایس نے دستخط کئے۔ معاہدے میں تعاون کے کلیدی شعبوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے، جن میں مشترکہ تحقیقی اقدامات، پیشہ ورانہ ترقی اور علم کے اشتراک اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کیلئے فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے کے پروگراموں کی سہولت شامل ہیں۔ نسٹ کے ریکٹر انجینئر جاوید محمود بخاری نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے قومی ترقی میں شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے نسٹ کے عزم کا اظہار کیا۔