واشنگٹن ڈی سی: سابق امریکی خاتونِ اوّل مشال اوباما نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ براک اوباما نے اپنے 8 سالہ دورِ صدارت میں تمام سرکاری تقریبات کے دوران صرف ایک ہی لباس بار بار پہنا۔ سابق امریکی صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشال اوباما کا شمار دنیا کے جامہ زیب ترین رہنما جوڑوں میں کیا جاتا ہے جب کہ امریکی تاریخ میں اس حوالے سے مقتول صدر جان ایف کینیڈی کے بعد براک اوباما ہی کا نام لیا جاتا ہے لیکن مشال کا کہنا تھا کہ براک اوباما کے ایک ہی لباس بار بار پہننے والی بات کسی کو معلوم نہیں ہو سکی کیونکہ انہوں نے یہ سارا کام بہت ہی سلیقے سے کیا تھا۔ مشال نے کہا کہ عام تاثر کے برعکس، براک اوباما کو دیدہ زیب لباس پہننے کا کوئی شوق نہیں بلکہ وہ کوئی بھی لباس صرف اس کے با سہولت اور آرام دہ ہونے کی بنیاد پر پہنتے ہیں۔ 8 سال تک تمام سرکاری تقریبات میں پہنے جانے والے لباس (ٹکسیڈو) کے بارے میں مشال نے بتایا کہ اس عرصے میں یہ لباس کئی بار دھویا گیا لیکن ہر بار اتنی احتیاط برتی گئی کہ دھلنے کے بعد بھی یہ بالکل نئے جیسا ہی رہا اور دیکھنے والے اس غلط فہمی میں مبتلا رہے کہ براک اوباما نے نیا جوڑا پہنا ہوا ہے۔ اوباما دورِ صدارت کی یادیں کھنگالتے ہوئے مشال نے بتایا کہ کسی بھی ’’تقریب کےلیے تیار ہونے میں براک اوباما کو صرف دس منٹ لگتے تھے جس کے بعد وہ مجھ سے پوچھتے تھے کہ مجھے تیار ہونے میں مزید کتنا وقت لگے گا؛ اور عام طور پر مجھے آدھا گھنٹا لگ جایا کرتا تھا۔‘‘ مشال نے یہ بھی بتایا کہ براک اوباما کو چست کپڑوں سے چڑ تھی اس لیے ایک بار انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ وہ اپنی والدہ کے (ڈھیلے ڈھالے) کپڑے پہن لیں گے مگر چست اور جسم سے چپکی ہوئی جینز نہیں پہنیں گے۔