یوکرین اور برطانیہ کے درمیان 100 سالہ شراکت داری کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق برطانوی وزیراعظم اور یوکرینی صدر نے معاہدے پر دستخط کئے، معاہدہ دونوں ممالک کے سیکیورٹی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے کیا گیا۔ وزیراعظم کیئر اسٹارمر روس یوکرین جنگ میں اپنی حمایت کا اعادہ کرنے کے لئے کیف پہنچے۔ معاہدے میں دفاع، توانائی اور تجارت پر مشتمل 100 سالہ شراکت داری پر اتفاق ہوا۔ نیٹو نے کہا ہے کہ ناروے کے 2 ایف 35 لڑاکا طیاروں نے بڑی تعداد میں روسی طیاروں کی جانب سے پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد اڑان بھری۔ نیٹو ایئر کمانڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا کہ 15 جنوری کو روسی طیاروں کی بڑی تعداد پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوئی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ پہلا موقع تھا کہ ناروے کے لڑاکا طیاروں نے پولینڈ کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے اڑان بھری جو نیٹو کے مشرقی حصے کے لئے اتحادیوں کی وابستگی کا مظہر ہے۔ دوسری جانب جرمنی کے صدر فرینک والٹر اشٹائن مائر نے بھی یوکرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ روس کی وجہ سے یورپ کی آزادی خطرے میں پڑ گئی ہے۔