Thursday, May 9, 2024
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ بھارتی سپریم کورٹ کا غیرمنصفانہ فیصلہ

بھارتی حکمرانوں کے بعد بھارت کے منصفوں نے بھی کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی توثیق کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ 1947ء میں کئے گئے فریب کو واضح کردیا ہے
فاروق اعظم
مقبوضہ جموں و کشمیر ہمیشہ شہ سرخیوں میں رہتا ہے۔ جنت نظیر وادی اسی لائق ہے کہ وہ عوام کی توجہ حاصل کرے، لوگ اس کی خوب صورتی کے گن گائیں اور اس وادی کو ہمیشہ یاد رکھیں۔ لیکن مقبوضہ کشمیر کو اس کی خوب صورتی یا قدرتی حسن سے زیادہ اس کے ساتھ روا رکھے گئے غیرمنصفانہ سلوک اور ظلم و جبر کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے اور ظلم کی یہ داستان پاکستان کے وجود میں آنے سے قبل شروع ہوتی ہے۔
بدقسمتی سے کشمیر وہ خطہ ہے جہاں طویل عرصہ سے اقلیت اکثریت پر حکومت کر رہی ہے۔ اول جموں کے ڈوگرہ حکمرانوں نے کشمیر کی اکثریتی مسلم آبادی پر راج کیا۔ 1930ء میں مسلمانانِ کشمیر نے اپنے ساتھ روا رکھے گئے غیر منصفانہ سلوک پر ڈوگرہ حکمرانوں کے خلاف عوامی احتجاجی تحریک شروع کی تھی۔اس تحریک کو 1947 میں ایک نئے موڑ سے اس وقت واسطہ پڑا جب انگریزوں نے ہندوستان سے اپنی اجارہ داری ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان و بھارت وجود میں آئے۔ اس موقع پر کشمیری مسلمانوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی خواہش ظاہر کی۔ کشمیری مسلمانوں کی نمائندہ جماعت مسلم کانفرنس نے اس سلسلے میں قراردادالحاق پاکستان بھی منظور کی تھی۔ تاہم اس کے مدمقابل نیشنل کانفرنس نے بھارت کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالا۔
اگست 2019ء میں جب بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کی صورت میں حاصل خصوصی حیثیت ختم کی تو اس موقع پر کہا جا رہا تھا کہ یہ فیصلہ متعصب بی جے پی حکومت کا ہے۔ اس غیرمنصفانہ اقدام کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے سے کشمیریوں کو ان کی خصوصی حیثیت میں رعایت مل جائے گی۔ لیکن بھارتی سپریم کورٹ نے تمام قیاس آرائیاں اپنے اس فیصلے سے ختم کردیں جس میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 آئین کی عارضی شق تھی اور جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی بھارت کی دیگر ریاستوں سے علیحدہ کوئی اندرونی خودمختاری نہیں ہے۔ گویا کہ بھارتی حکمرانوں کے بعد بھارت کے منصفوں نے بھی کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کی توثیق کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ 1947ء میں کئے گئے فریب کو واضح کردیا ہے۔
کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ پہلے کی طرح اب بھی ریاستی باشندوں کی منشا کے برعکس ہورہا ہے۔ اول انگریزوں نے 1846ء میں کشمیریوں کو ڈوگرہ حکمران گلاب سنگھ کے ہاتھوں فروخت کیا۔ بعدازاں 1947ء میں ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ نے کشمیریوں کی خواہش کے برخلاف جموں و کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈال دیا۔ اب ایک مرتبہ پھر بھارت نے کشمیریوں سے ان کی رائے پوچھے بغیر جموں وکشمیر کو مرکز کے ماتحت کردیا۔
واضح رہے کہ اکتوبر 1947ء میں مہاراجہ ہری سنگھ نے بھارت کے ساتھ مشروط الحاق کیا تھا، جو سراسر متنازع تھا، تاہم یہ الحاق بھی اندرونی خودمختاری کی قیمت پر کیا گیا تھا کہ دفاع، مواصلات اور خارجہ امور کے علاوہ کشمیر حکومت داخلی امور میں خودمختار ہوگی۔ بعدازاں جب بھارت کا آئین بنایا جا رہا تھا تو شیخ عبداللہ نے اندرونی خودمختاری یا جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے لئے بھارتی حکمرانوں سے مذاکرات کئے تھے۔ بھارت کے آئین میں آرٹیکل 370 اسی کا تسلسل تھا۔ بھارت نواز کشمیری سیاست دان آرٹیکل 370 کی بنیاد پر ہی سیاست کیا کرتے تھے اور اپنی خصوصی حیثیت کا حوالہ دے کر بھارت کو ترجیح دیتے تھے، تاہم بھارت نے کشمیری سیاست دانوں کو ہمیشہ مایوس کیا اور ان کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی کبھی پاسداری نہیں کی۔ اول شیخ عبداللہ کو 1953ء میں اقتدار سے بے دخل کرکے جیل میں ڈالا گیا اور آئندہ بیس برس تک حکومت سے باہر رکھا گیا۔ 1975ء میں شیخ عبداللہ نے ایک مرتبہ پھر بھارت کے ساتھ معاہدہ کیا اور مقبوضہ کشمیر کی حکومت حاصل کی۔ بعدازاں ان کے صاحب زادے فاروق عبداللہ، جنہوں نے کشمیر کی نیم خودمختار حیثیت کی بنیاد پر بھارت نوازی کی سیاست اپنے والد سے وراثت میں پائی تھی، وہ سپریم کورٹ کے حالیہ مقدمے میں درخواست گزار بھی تھے، ان کو بھی بھارت کے حکمرانوں اور منصفوں نے ایک مرتبہ پھر مایوس کردیا۔
2019ء میں خصوصی حیثیت کے خاتمے اور حالیہ طور پر بھارت کی سپریم کورٹ کی جانب سے اس کی توثیق کے فیصلے سے کشمیریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ بھارتی سپریم کورٹ نے سلامتی کونسل کی قرارداد کی بھی دھجیاں اڑا دی ہیں کیونکہ اس وقت سلامتی کونسل میں یہ تسلیم کیا گیا تھا کہ جموں وکشمیر کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ریاستی باشندے آزادانہ رائے شماری کے ذریعے کریں گے۔ لیکن بی جے پی کی حکومت اور بعدازاں بھارتی سپریم کورٹ نے بھی کشمیری باشندوں کی رائے کو کوئی اہمیت نہیں دی، بلکہ یک طرفہ طور پر بھارت کی مرکزی حکومت کی جانب سے کشمیریوں کے مستقبل کے بارے میں کئے گئے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد قانون ساز اسمبلی ماضی میں ہوا کرتی تھی، حالیہ فیصلے نے ثابت کیا کہ اس اسمبلی کی بھی کوئی اہمیت نہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کی صورت میں جو خصوصی حیثیت دی تھی، کشمیری حریت پسندوں نے اس کو سرے سے تسلیم ہی نہیں کیا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ بھارت ایک قابض ملک ہے، جموں و کشمیر پر قانونی طور پر کبھی اس کا تصرف قائم ہی نہیں ہوا، لہٰذا بھارت جموں و کشمیر کو کسی بھی قسم کا اسٹیٹس دینے کا اختیار نہیں رکھتا، تاہم یہ پہلو اہمیت کا حامل ضرور ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیرکو جو خصوصی حیثیت حاصل تھی، اس کی وجہ سے مقامی طور پر جموں و کشمیر کا آبادیاتی تناسب بڑی حد تک محفوظ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی ہمیشہ سے جموں و کشمیر کے لئے خصوصی حیثیت کی مخالفت کرتی رہی ہے۔ نریندر مودی 2019ء میں جب دوسری مرتبہ اقتدار میں آئے تو انہوں نے اپنی اس پالیسی کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سب سے پہلا وار جموں وکشمیر پر کیا۔ آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی کے نتیجے میں بھارت کے لئے جموں و کشمیر کا آبادیاتی تناسب بگاڑنا آسان ہوگیا ہے۔ اب وہاں غیرریاستی باشندے بھی بعض شرائط کی بنیاد پر ڈومیسائل حاصل کرسکتے ہیں اور جائیداد بھی خرید سکتے ہیں۔ ماضی میں اسرائیل نے اس پالیسی کو فلسطین میں اپنایا تھا۔ اب وہاں حال یہ ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کی آبادیاں سکڑ گئیں اور اسرائیل رفتہ رفتہ فلسطین کے ایک بڑے حصے میں اپنی آبادکاری کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
تعجب کی بات یہ ہے کہ بھارت گزشتہ پچاس سال سے مسئلہ کشمیر کے تناظر میں ہمیشہ شملہ معاہدے کا حوالہ دیتا رہا ہے جس میں پاکستان اور بھارت نے طے کیا تھا کہ کشمیر سمیت تمام مسائل باہم بات چیت سے حل کریں گے۔بھارت دنیا کے سامنے اس کی یہ توضیح پیش کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل سمیت کوئی بھی تیسرا فریق بات نہیں کرسکتا، یہ مسئلہ بھارت اور پاکستان مل کر حل کریں گے، تاہم 2019ء میں بھارت نے نہ صرف سلامتی کونسل کی قراردادوں کو بلکہ شملہ معاہدے کو بھی بالائے طاق رکھ کر یک طرفہ فیصلہ کیا۔ گویا کہ بھارت جس طرح 1947ء سے کشمیریوں کو دھوکہ دیتا آ رہا ہے، اسی طرح عالمی برادری کو بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کرنے سے باز رکھنے کے لئے گمراہ کرتا رہا ہے، تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر اس کا ناجائز قبضہ برقرار رہے۔ اب حال یہ ہے کہ بھارت جموں وکشمیر کو اپنا اندرونی معاملہ قرار دے رہا ہے۔ بھارت کی سپریم کورٹ نے بھی جموں و کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے کر کشمیری باشندوں کے حق خود ارادیت کی توہین کی ہے۔
اس قدر ناروا سلوک کے باوجود سلامتی کونسل اس معاملے میں حیران کن طور پر خاموش ہے۔ عالمی برادری بھی اس جانب متوجہ نہیں ہو رہی۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں مقامی کشمیریوں کو اپنے حق کے لئے بولنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ حریت پسند قیادت ریاست سے باہر بھارت کی جیلوں میں قید ہے۔ حریت پسند نوجوانوں اور کارکنوں کو مختلف حراستی مراکز میں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اخبارات اور مقامی ذرائع ابلاغ سخت ترین پابندیوں کی زد میں ہیں۔بڑی جمہوریت کے دعوے دار بھارت کا مکروہ چہرہ دیکھئے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت نواز سیاست دانوں کے لئے بھی سیاسی کردارادا کرنا شجرِممنوعہ بن چکا ہے۔ اس صورتِ حال کو بھارت کشمیر میں امن سے تعبیر کررہا ہے۔ مودی حکومت نے سپریم کورٹ میں بھی یہ بیان حلفی جمع کروایا تھا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے سے کشمیر میں امن اور ترقی کا دور شروع ہوگیا ہے۔ ان حالات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ روکنے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لئے ضروری ہوگیا ہے کہ دنیا کے سامنے بھارت کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا جائے۔ اگر بھارت کے عزائم کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالی گئی تو مقبوضہ جموں وکشمیر کی مسلم آبادی بھی مقبوضہ فلسطین کی طرح سکڑ کر رہ جائے گی۔

مطلقہ خبریں