Thursday, May 9, 2024
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

بلیک ہیڈز سے چھٹکارا کیوں کر ہو؟

سامعہ رحمن
بلیک ہیڈز سے مراد ہمارے چہرے، بالخصوص ناک اور گال وغیرہ پر نکلنے والے وہ سیاہ نشان ہیں، جو خاصے بدنما لگتے ہیں۔ یہ مسئلہ زیادہ تر اسکول اور کالج جانے والی لڑکیوں کی عمر میں پیش آتا ہے۔ آپ کی جلد صحت مند ہو یا کسی بھی قسم کے مسائل کا شکار، اس کا ہر طرح کی جلد پر نکلنا عام سی بات ہے۔ یہ دیکھنے میں جتنے بدصورت لگتے ہیں، انہیں نکالنا بھی اتنا ہی مشکل ہے، حتیٰ کہ آپ کافی مہنگی اور اچھی کریموں کا استعمال بھی کرلیں، مگر ان سے چھٹکارا نہیں ملتا۔ ہم آپ کو آج کچھ ایسی گھریلو چیزوں کے بارے میں بتاتے ہیں، جن کے ذریعے آپ بنا کوئی پیسے خرچ کئے اور بغیر کسی تکلیف کے اپنے گھر میں ہی بلیک ہیڈز کو مکمل طور پر صاف کرسکتی ہیں۔
بیکنگ سوڈے کا استعمال مختلف کاسمیٹک مصنوعات میں بھی ہوتا ہے۔ اپنی جلد پر بیکنگ سوڈے کے روزانہ استعمال سے جلد صاف اور شفاف رہتی ہے۔ اس کا آمیزہ بنانے کے لیے ایک چائے کا چمچا بیکنگ سوڈے میں ایک چائے کا چمچا پانی ملائیے اور چہرے پر جس، جس جگہ بلیک ہیڈز ہوں، وہاں لگائیے اور ہلکے ہلکے مساج کیجئے، اس کے بعد چہرہ پانی سے دھو لیں۔ یہ نہ صرف بلیک ہیڈزکو صاف کر دے گا، بلکہ آپ کے چہرے سے اضافی چکنائی اور میل کچیل کوبھی صاف کردے گا، جو جلد پر بلیک ہیڈز بننے کا سبب ہوتے ہیں۔
لیموں کا رس جلد کے ہر مسئلے کے حل کے لئے کافی مفید جانا جاتا ہے۔ چہرے پر دانے ہوں یا ایکنی، لیموں کا رس بہت فائدہ پہنچاتا ہے۔ بلیک ہیڈزکو صاف کرنے کے لئے لیموں کے رس کو دو طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک طریقہ یہ ہے کہ ایک چمچا چینی میں چار قطرے لیموں کا عرق شامل کریں اور اسے بلیک ہیڈز والی جگہ پر لگائیں اور اس کے بعد اچھی طرح سے رگڑیے۔ اس سے بلیک ہیڈز بھی صاف ہوجائیں گے اور جلد چمک اٹھے گی۔ اس کو استعمال کرنے کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ لیموں کے رس میں دہی، شہد اور نمک ملائیں اور بلیک ہیڈز پر لگائیں۔ یہ بلیک ہیڈز کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ایک بہت اچھا موائسچرائزر بھی ہے۔
نمک کا پانی گلا صاف کرنے کے لئے بھی ایک بہترین گھریلو ٹوٹکا مانا جاتا ہے۔ یہ جلد کے داغ دھبوں کو صاف کرنے کے لئے بھی خاصا مفید ہے۔ نمکین پانی آپ کے چہرے کی جلد سے اضافی چکنائی کو بھی ختم کرتا ہے۔ نمک کے پانی کو روئی کی مدد سے بلیک ہیڈز پر لگائیں۔ اس کے روزانہ اور باقاعدگی کے استعمال سے بلیک ہیڈز سرے سے ہی ختم ہوجائیں گے۔
ٹوتھ پیسٹ کو ٹوتھ برش کی مدد سے بلیک ہیڈز پر لگائیں۔ اس کو دو طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایک ٹوتھ پیسٹ کو کچھ دیر کے لئے بلیک ہیڈز پہ لگا رہنے دیں، اس سے چہرے کی اضافی چکنائی ختم ہوجائے گی اور یہ چہرے کو داغ دھبوں سے بھی محفوظ رکھے گا۔ دوسرا، ٹوتھ پیسٹ کو ٹوتھ پرش پر لگا کر بلیک ہیڈز پہ اس کا مساج کریں۔ اس سے بلیک ہیڈز ایسے صاف ہوں گے، جیسے کسی چیز کا چھلکا اترتا ہے۔ ٹوتھ پیسٹ سے آپ کی جلد نرم اور ملائم بھی ہوجائے گی۔
شہد نہ صرف آپ کے چہرے کی جلد کو جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے، بلکہ اس کو اگر ماسک کی طرح چہرے پہ لگائیں، تو بلیک ہیڈز بھی صاف ہوجاتے ہیں۔ ماسک بنانے کے لئے شہد میں دار چینی کا پاؤڈر ملائیں اور اسے کچھ گھنٹے کے لئے چہرے پر لگا رہنے دیں، پھر بعد میں نیم گرم پانی سے منہ دھو لیں۔ چہرے کی جلد تازہ ملائم ہوجائے گی۔
یہ سوچتے ہوئے ہی کچھ عجیب سا محسوس ہوتا ہے کہ انڈا چہرے پر لگائیں، لیکن یہ آپ کی جلد کے لئے بے حد فائدہ مند ہے۔ ایک سے دو انڈوں کی سفیدی میں ایک چمچا شہد شامل کریں اور اسے آدھے گھنٹے تک بلیک ہیڈز پر لگائیں۔ یہ بلیک ہیڈز صاف کرنے کے ساتھ ساتھ چہرے کی جلد کو نرم بنانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

مطلقہ خبریں