Thursday, May 9, 2024
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

اسٹرٹیجک نیوز

پاک فوج اور سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری ٹریننگ
مظفر گڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری ٹریننگ ہوئی، دونوں افواج نے بھرپور طریقے سے تربیت میں حصہ لیا اور نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ ٹریننگ سے مستفید ہوئے۔ ملتان کور کے زیراہتمام یہ مشترکہ عسکری ٹریننگ پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کو اپنی طاقتوں کو ہم آہنگ کرنے، مہارت کا تبادلہ کرنے اور تجربات کے ذریعے اپنی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے ایک منفرد ذریعہ فراہم کرے گی۔ اس تربیتی پروگرام میں مشترکہ بیٹل پی ٹی، چھوٹے پیمانے پر آپریشنز، روم کلیئرنس، نزدیک سے نشانہ بازی، فائرنگ اور پیلنگ کے ساتھ ساتھ دیگر جدید مشقیں بھی کی گئیں۔ ان مشقوں میں کوبرا ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا۔ دونوں فورسز نے دہشت گردی کے تناظر میں ہیلی کاپٹر سے ماؤنٹنگ اور ڈس ماؤنٹنگ کی مشقوں پر عبور حاصل کرنے کے لئے سخت ٹریننگ کی، مشقوں کے ذریعے خطے میں دہشت گردی کے واقعات کو کم کرنے میں خاصی مدد ملے گی اور امن لانے کی طرف ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی۔
سمندری گشت کے لئے جہاز پی این ایس یمامہ کی لانچنگ تقریب
پاکستان کے لئے سمندری گشت کے جہاز پی این ایس یمامہ کی لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کا انعقاد رومانیہ کے ڈیمن شپ یارڈ میں ہوا جس میں وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل اویس بلگرامی نے بتایا کہ پی این ایس یمامہ جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا، اس جہاز کی شمولیت سے میری ٹائم سیکیورٹی کے لئے صلاحیت بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ سمندر میں تجارتی راستے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ وائس ایڈمرل اویس بلگرامی نے اس موقع پر بحری امن و استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو بھی اُجاگر کیا۔ وائس ایڈمرل نے پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر ڈیمن شپ یارڈ انتظامیہ کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پہلے یرموک کلاس جہاز کے بعد پی این ایس تبوک پاک بحریہ میں شامل ہوا تھا۔ یرموک کلاس کے آخری 2 جہاز پی این ایس حنین اور پی این ایس یمامہ ہیں۔
مشق سی اسپارک 2024ء اختتام پذیر
پاک بحریہ نے مشق سی اسپارک 2024ء کے اختتام پر سطح آب سے فضا میں مار کرنے والے FM 90 میزائلز سے فضائی ٹارگٹس کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کا مشق سی اسپارک 2024ء کے اختتام پر شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے فائر پاور ڈسپلے کا مشاہدہ کیا۔ پاک بحریہ کے بحری جہاز نے سطح آب سے فضا میں مار کرنے والے FM 90 میزائلز سے فضائی ٹارگٹس کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ لائیو میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور حربی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
پاکستان، ترکیہ اعلیٰ سطح ملٹری ڈائیلاگ گروپ کا 18 واں اجلاس
ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل عرفان اوزسرٹ نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ فوجی مصروفیات اور تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے گہرے اسٹرٹیجک تعلقات قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ قبل ازیں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر پہنچنے پر تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ قبل ازیں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 18 ویں ”پاک ترکیہ اعلیٰ سطحی ملٹری ڈائیلاگ گروپ (HLMDG) کا چار روزہ اجلاس 13 سے 16 فروری 2024ء تک وزارت دفاع راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ گروپ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری دفاع، لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الزماں خان جبکہ ترکییہ کے وفد کی سربراہی ترکیہ کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف عرفان اوزسرٹ (Ozsert) کررہے تھے۔ گروپ اجلاس کے باضابطہ سیشن کے انعقاد سے قبل ترکیہ ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف نے سیکریٹری دفاع، لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الزمان خان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے نئی بلندیوں تک لے جانے کا عہد کیا۔ سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی اور جغرافیائی و سیاسی امور بھی زیربحث آئے۔ مزید برآں، وفود نے گزشتہ سال ترکیہ میں HLMDG اجلاس کے انعقاد کے بعد سے اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ تربیتی مشقوں، دوروں کے تبادلے اور دفاعی سازوسامان کی مشترکہ پیداوار سے متعلق دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ وفد کے رہنماؤں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان، ترکیہ HLMDG میٹنگ کا 19 واں دور 2025ء میں باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر ترکیہ میں منعقد ہوگا۔
بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشقوں کا افتتاح
پاکستان انٹرنیشنل آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) کی ساتویں مشق کا انعقاد قومی انسداد دہشت گردی سینٹر پبی میں ہوا جس میں سعودی عرب سمیت 20 ممالک کے ملٹری مبصرین نے شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ملٹری ٹریننگ نے 60 گھنٹوں کی طویل پٹرولنگ مشق کا افتتاح کیا۔ اس مشق کا مقصد پیچیدہ عالمی سیکیورٹی ماحول میں فوجی تعاون بڑھانے کے لئے فوجی استعداد بڑھانا ہے۔ اس مشق میں پاکستان کے علاوہ بحرین، اردن، قزاقستان، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، قطر، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکیہ، امریکا اور ازبکستان کلیدی شراکت دار جبکہ آذربائیجان، بیلاروس، چین، میانمار، جرمنی، انڈونیشیا، جاپان اور اومان نے بطور ملٹری مبصر مشق کو دیکھا۔ پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ ایک مشن کے لئے مخصوص اور ٹاسک پر مبنی پیشہ ورانہ فوجی مشق ہے، جو پاکستان میں ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔ مشق میں جسمانی فٹنس، ذہنی چستی، مضبوطی اور پیشہ ورانہ فوجی مہارت کے اعلیٰ معیار پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ قریبی اور حقیقی ماحول میں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے فوری فیصلہ کیا جاسکے۔
روسی صدر کا طیارہ ساز فیکٹری کا دورہ جدید ترین اسٹرٹیجک بمبار طیارہ اڑایا
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے جدید ترین لڑاکا بمبار اسٹرٹیجک طیارے Tu-160M پر تجرباتی پرواز کی اور کہا کہ وہ اس جدید طیارے کو باضابطہ طور پر سروس میں شامل کریں گے۔ روسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کازان ریجن میں صدر پیوٹن نے طیارہ ساز فیکٹری کا دورہ کیا، طیارے کا معائنہ کیا اور اس کے بعد 30 منٹ کے لئے اس سپر سانک طیارے پر پرواز بھی کی۔ پرواز کے بعد روسی صدر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بہت ہی جدید مشین ہے اور ہر لحاظ سے بہتر ہے، کوئی عام آدمی بھی دیکھے تو کہے گا کہ طیارہ اڑانے میں بہت ہی آسان ہے، یہ بہت ہی قابل بھروسہ ہے اور اسے آسانی سے اسلحے سے لیس کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس طیارے کو جدید نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی قرار دیا اور کہا کہ وہ وزارت دفاع کو ہدایت دیں گے کہ اسے روسی فضائیہ میں باضابطہ طور پر شامل کیا جائے۔ برطانوی میڈیا نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ روسی صدر نے اسٹرٹیجک بمبار طیارہ اڑا کر مغربی ممالک کا مذاق اڑایا ہے۔ یہ طیارہ یوکرین میں کارروائیوں کے دوران روایتی ہتھیاروں کے استعمال سے تباہی مچا چکا ہے۔
یورپی یونین نے روس کیخلاف نئی پابندیوں کی منظوری دیدی
یورپی یونین نے روس کے خلاف نئی پابندیوں کی منظوری دے دی۔ یوکرین کے خلاف جنگ شروع کرنے کے بعد سے تیرہویں بار روس کے خلاف پابندیاں لگائی گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق یورپی یونین کے ارکان نے روس کے خلاف پابندیوں کا پیکیج منظور کرلیا ہے جس کے تحت 2 سال سے جاری روس یوکرین جنگ میں ملوث مزید 200 اداروں اور افراد پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ ان افراد اور اداروں کا تعلق دفاعی و عسکری شعبوں سے ہے۔ پابندیوں میں چین، ازبکستان، ایران اور متحدہ عرب امارات میں قائم کمپنیوں کو بھی ہدف بنایا گیا ہے جو مبینہ طور پر یورپی پابندیوں کی خلاف ورزی میں شامل ہیں۔ پابندیوں کی منظوری کے بعد یورپی کمپنیاں ان 200 اداروں اور افراد اور ان کے ساتھ روابط رکھنے والی کمپنیوں کو سازوسامان اور ٹیکنالوجی فروخت نہیں کرسکیں گی۔ نئی پابندیوں کی باقاعدہ منظوری یورپی یونین کے 24 فروری کو ہونے والے اجلاس میں دی جائے گی۔ 24 فروری وہ تاریخ ہے جب روس نے یوکرین پر حملہ کردیا تھا۔ ادھر یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے روس کے خلاف نئی پابندیوں کی منظوری کا خیرمقدم کیا۔ فارن پالیسی چیف جوزف بورل کے مطابق نئی پابندیوں کی منظوری کے بعد اس فہرست میں شامل اداروں اور افراد کی تعداد 2 ہزار ہوگئی ہے۔

یوکرینی جنگ میں روسی ہتھیاروں کے 75 فیصد پرزے امریکی ساختہ نکلے
یوکرینی جنگ میں استعمال ہونے والے روسی ہتھیاروں میں 75 فیصد پرزے امریکی ساختہ ہونے کا انکشاف ہوگیا۔ امریکی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس کی طرف سے گزشتہ ماہ یوکرین کے خلاف استعمال کردہ شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل میں امریکی اور یورپی کمپنیوں کے پرزے موجود تھے۔ اس سلسلے میں تصادم و اسلحہ سازی کی تحقیقاتی تنظیم نے روس کی جانب سے یوکرین کے شہر خارکیف میں داغے گئے شمالی کوریا ساختہ بیلسٹک میزائل کے 290 ٹکڑوں کا جائزہ لیا۔ تنظیم کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بیلسٹک میزائل کے پرزوں میں 75 فیصد کی ڈیزائننگ امریکی فرموں نے کی تھی۔ اس کے علاوہ 16 فیصد کا تعلق یورپی فرموں اور 9 فیصد کا تعلق ایشیائی کمپنیوں سے ہے۔ واضح رہے کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے 2022ء میں ایران جیسے ممالک کو مغربی ساختہ ٹیکنالوجی تک رسائی سے روکنے کے لئے برآمدی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ سال ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ روس کی طرف سے یوکرین کے خلاف استعمال کردہ ایرانی ساختہ ڈرون کے 82 فیصد پرزے امریکی کمپنیوں کی پیداوار تھے۔ دوسری جانب یوکرینی فوج نے روسی ساختہ سو 34 لڑاکا طیارہ مارگرانے کا دعویٰ کردیا۔ یوکرینی فضائیہ کے کمانڈر نکولے اولیش چک نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ رات گئے روس نے ایک ایس 300 گائیڈڈ میزائل، ایک ایکس 59 ایئر میزائل اور 19 شاہد ڈرون طیاروں کے ذریعے حملہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے فضائی دفاعی نظام نے ایکس 59 اور ایرانی ساختہ 13 ڈرون تباہ کردیئے، جب کہ دیگر حملہ آور ڈرون بھی ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔
صومالیہ نے ترکیہ کے ساتھ دفاعی سمجھوتے کی منظوری دے دی
صومالیہ کابینہ نے ترکیہ کے ساتھ دفاعی تعاون کے شعبے میں طے شدہ سمجھوتے کی منظوری دے دی۔ صومالی وزیر اطلاعات داؤد اویس نے بیان میں بتایا کہ 10 سالہ سمجھوتا ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
بھارت میں بندرگاہ مزدوروں کا فوجی سامان اسرائیل لے جانے والے جہازوں کا بائیکاٹ
بھارت میں پورٹ ورکرز یونین نے اسرائیل فوجی سازوسامان لے کر جانے والے جہازوں کو سنبھالنے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق واٹر ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن آف انڈیا نے کہا کہ وہ اسرائیل یا کسی بھی دوسرے ملک سے فلسطین جانے والے ہتھیاروں سے لیس کنٹینر سے سامان اتاریں گے نہ اس پر لوڈ کریں گے۔ واٹر ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن آف انڈیا ملک کی 11 بڑی بندرگاہوں پر 3 ہزار 500 سے زیادہ ورکرز کی نمائندگی کرنے والی تنظیم ہے۔ فیڈریشن نے اپنے ممبران سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ اب کسی ایسے بحری جہاز کو نہ سنبھالیں جو فوجی سازوسامان لے کر فلسطین یا اسرائیل جا رہا ہو۔ فیڈریشن نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔ یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے باعث 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک 30 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ ہزاروں زخمی ہیں۔
بھارت: جوہری توانائی میں 26 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی دعوت
بھارت نے اپنے جوہری توانائی کے شعبے میں نجی کمپنیوں کو 26 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دے دی۔ اس طرح ان ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج نہیں کرتے۔ یہ پہلا موقع ہے جب نئی دہلی جوہری توانائی میں نجی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ اس فنڈنگ سے بھارت کو 2030ء تک اپنی نصب شدہ برقی پیداواری صلاحیت کے 50 فیصد میں غیرحیاتیاتی ایندھن استعمال کرنے کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی، جو اس وقت 42 فیصد ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حکومت ریلائنس انڈسٹریز، ٹاٹا پاور، اڈانی پاور اور ویدانتا لمیٹڈ سمیت کم از کم 5 نجی فرموں کے ساتھ بات چیت کررہی ہے تاکہ ہر ایک تقریباً 440 ارب بھارتی روپے کی سرمایہ کاری کرے۔ سرمایہ کاری سے حکومت کو امید ہے کہ 2040ء تک 11 ہزار میگاواٹ (ایم ڈبلیو) نئی جوہری بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت پیدا ہوجائے گی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فنڈنگ پلان کے تحت نجی کمپنیاں جوہری پلانٹس میں سرمایہ کاری کریں گی، زمین اور پانی حاصل کریں گی اور پلانٹس کے ری ایکٹر کمپلیکس سے باہر کے علاقوں میں تعمیرات شروع کریں گی۔ واضح رہے کہ اس منصوبے کو جوہری توانائی کے محکمے سے حتمی منظوری کی ضرورت ہوگی۔
کینیڈا کا یوکرین کو 800 ڈرون عطیہ کرنے کا اعلان
کینیڈا نے یوکرین کی مدد کے لئے 800 ڈرون عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔ خبررساں ادارے نے کینیڈا کے محکمہ قومی دفاع کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ وزیر دفاع بل بلیئر نے اعلان کیا کہ کینیڈا یوکرین کو 800 سے زیادہ اسکائی رینجر آر 70 ملٹی مشن ڈرون سسٹم عطیہ کرے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ عطیہ یوکرین کے لئے کینیڈا کی جامع فوجی امداد کا حصہ ہے۔ اس سے قبل کینیڈا نے فروری 2022ء سے یوکرین کو 2.4 بلین ڈالر سے زیادہ کی فوجی امداد کا وعدہ کیا تھا۔ دوسری جانب یوکرین کے آواڈائیکا کے علاقے سے دستبردار ہونے کے بعد روسی فوج نے شہر پر مکمل کنٹرول کرلیا ہے۔ ماسکو کا کہنا ہے کہ اب بھی یوکرینی فوج کے دستے مختلف علاقوں میں موجود ہیں۔ مئی 2022ء کے بعد باخموت کی فتح کے بعد یہ روس کی دوسری سب سے بڑی کامیابی ہے۔
روس اور یوکرین کو اسلحہ نہیں بیچیں گے، چین
چین نے کہا ہے کہ وہ 2 سال سے حالت جنگ میں موجود روس اور یوکرین کو اسلحہ فروخت نہیں کرے گا۔ چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے ساٹھویں میونخ سلامتی کانفرنس کے حاشیے میں جرمنی میں یوکرینی ہم منصب دیمیترو کولیبا سے ملاقات کی۔ وانگ یی نے اس موقع پر کہا کہ عالمی صورتِ حال جس طرف بھی کروٹ بدلے یوکرین سے تعلقات معمول کے مطابق قائم رہیں گے، چین متحارب علاقوں یا فریقین کو مہلک اسلحہ فروخت نہیں کرے گا۔ چینی وزیر نے کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم یوکرین میں پیدا ہونے والے بحران اور لڑائی میں کسی ملک کے حلیف نہیں بنے اس کے برعکس اتنا ضرور ہے کہ ہم نے اس جنگی بحران میں دیگر ممالک کی طرح جلتی پر تیل کا کام بھی نہیں کیا۔ واضح رہے کہ چین نے پہلے ہی یوکرین روس جنگ کے دوران غیرجانبداری کا اعلان کررکھا ہے۔ تاہم ماسکو کی مذمت نہ کرنے اور تعلقات قائم رکھنے پر مغرب بالخصوص امریکا کی جانب سے کڑی تنقید کی جاتی ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ چین روس کو اسلحہ اور دیگر عسکری سامان بھیج رہا ہے۔ یورپی یونین نے بھی چین سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ روس کو عسکری و سول تعاون میں استعمال ہونے والی مصنوعات کی برآمدات محدود کرے۔ یورپی کمیشن نے گزشتہ دنوں اس حوالے سے 3 چینی کمپنیوں پر پابندیاں لگانے کی تجویز پیش کی تھی جسے ہنگری نے مسترد کردیا تھا۔
ایران نے نئے میزائل اور فضائی دفاعی نظام متعارف کرادیا
ایران نے نئے میزائل اور فضائی دفاعی نظام متعارف کرا دیئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق فوج نے ارمان اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کے ساتھ کم اونچائی پر اہداف کی نشاندہی کرنے والے فضائی دفاعی نظام ازرخ کی نقاب کشائی کی۔ ارمان میزائل سسٹم بیک وقت 120 سے 180 کلومیٹر کے فاصلے پر 6 اہداف کا سامنا کرسکتا ہے، جبکہ ازرخ میزائل سسٹم کم اونچائی والے اہداف کی شناخت اور انہیں تباہ کرسکتا ہے۔ اس نظام کے تحت 50 کلومیٹر کی رینج تک والے 4 میزائل فوری طور پر فائر کئے جاسکتے ہیں۔
روس کا یوکرینی فوج کے اڈوں اور گوداموں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
روس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران یوکرین میں فوجی اداروں اور گوداموں کو انتہائی حساس ہتھیاروں اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔ وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یوکرین میں فوج کے خلاف حملے جاری ہیں۔ 11 سے 16 فروری کے درمیان ڈرون سے کئے گئے 30 حملوں کے نتیجے میں یوکرین کی فوجی صنعت میں طیاروں کے انجن، ریڈیو الیکٹرونک سامان اور گولہ بارود کی تیاری و مرمت کرنے والی فیکٹریوں کو تباہ کردیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یوکرینی فوج کے لئے ایندھن تیار کرنے والی فیکٹریوں اور اسلحہ کے گوداموں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل روس کے فضائی دفاعی نظام نے یوکرینی فوج کے مگ 29 طیارے اور ایم آئی 24 ہیلی کاپٹر کو مار گرایا تھا۔

خرطوم کو باغیوں سے آزاد کرالیا، سوڈانی فوج کا دعویٰ
سوڈانی فوج نے خرطوم کو ریپڈ سپورٹ فورسز سے آزاد کرانے کا دعویٰ کردیا۔ ڈپٹی کمانڈر انچیف جنرل شمس الدین قباشی نے دعویٰ کیا کہ ہم جب چاہیں گے دارالحکومت کو باغیوں کے چنگل سے چھڑالیں گے۔ کوستی شہر میں فوجیوں سے خطاب میں جنرل قباشی نے کہا کہ سوڈانی فوج فتح قریب ہے۔ انہوں نے فوج کی حمایت پر شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج بغاوت کو ختم کرنے کے لئے تیز رفتاری سے پیش قدمی کررہی ہے۔ جدہ امن مذاکرات میں واپسی کی بنیادی شرط یہ ہے کہ ریپڈ سپورٹ فورس شہریوں اور عوامی مقامات سے پیچھے ہٹ جائے۔ فوج عوام کے وقار کو پیروں تلے روندھنے، مال و اسباب کو لوٹنے، شہریوں کے تحفظ و استحکام کو خطرے سے دوچار کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گی۔ جنرل قباشی نے اپیل کی کہ سیاسی شخصیات کو مسائل کا حل باہر نہیں بلکہ ملک کے اندر تلاش کرنا چاہئے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر باغی اہلکاروں کے سر اٹھائے سوڈانی فوجیوں کی ویڈیو وائرل ہونے پر ملک بھر میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق سوڈانی فوج نے ویڈیو کی تحقیقات کی حکم دیا ہے جس میں مبینہ طور پر اس کے کچھ فوجیوں کو ملک کی خانہ جنگی کے دوران حریف نیم فوجی دستے کے اہلکاروں کے کٹے ہوئے سر اٹھائے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر عام ہوجانے والی ویڈیو پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ جرم ثابت ہونے پر ذمے داروں کو جواب دہ ٹھہرائیں گے۔ واضح رہے کہ سوڈان گزشتہ برس اپریل سے خانہ جنگی کا شکار ہے۔ دارالحکومت خرطوم میں جنرل عبد الفتاح بریان کی قیادت میں سوڈانی فوج اور جنرل محمد ہمدان دغلو کی سربراہی میں آر ایس ایف کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئی تھیں۔
سعودی وزیرِخارجہ کی برطانوی اور کینیڈین ہم منصبوں سے ملاقات
سعودی وزیرِخارجہ فیصل بن فرحان نے کینیڈا اور برطانیہ کے ہم منصبوں سے ملاقات کی۔ میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر انہوں نے کینیڈا کی وزیرخارجہ میلانی جولی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہزادہ فیصل نے برطانیہ کے وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس ملاقات میں غزہ اور اس کے گردونواح کی صورتِ حال میں تازہ ترین پیش رفت کے ساتھ بحران کو کم کرنے کی بین الاقوامی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شمالی کوریائی رہنما نے بحریہ کو مزید مضبوط کرنے کا حکم دے دیا
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے بحریہ کو مزید مضبوط کرنے کا حکم دے دیا۔ شمالی کوریائی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے سطح سے سمندر میں مار کرنے والے نئے میزائلوں کے تجربے کی نگرانی کی۔ انہوں نے عسکری قیادت کو حکم دیا ہے کہ وہ جنوبی کوریا کے سرحدی جزیرے پیانگ یانگ کے شمال میں متنازع پانیوں میں اپنی تیاری کو مضبوط کرے۔ اس سے قبل جنوبی کوریا کی فوج نے کہا تھا کہ شمالی کوریا نے اپنی مشرقی بندرگاہ ونسن کے پانیوں میں کئی کروز میزائل فائر کئے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ تجربہ پیانگ یانگ کا رواں سال کے دوران چھٹا میزائل ٹیسٹ تھا۔
صومالیہ نے امریکی فوج کو 5 اڈے قائم کرنے کی اجازت دیدی
امریکا صومالیہ میں دہشت گرد تنظیم الشباب کے خلاف کارروائیوں کے لئے 5 فوجی اڈے قائم کرے گا۔ صومالیہ کے محکمہ دفاع اور امریکی سفارت خانے کے درمیان اس سلسلے میں ایک مفاہمت پردستخط کئے گئے۔ اس تقریب میں صومالی صدر حسن شیخ محمود اور نائب امریکی وزیرخارجہ برائے افریقی امور مولی فی سمیت اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ معاہدے کے تحت صومالیہ میں الشباب کے خلاف جنگ کے لئے امریکا 5 فوجی اڈے قائم کرے گا جہاں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کے علاوہ صومالی فوجیوں کی تربیت کا بھی انتظام موجود ہوگا۔
ایرانی ڈرون پروگرام میں امریکی و برطانوی تعاون کا انکشاف
ایران کے ڈرون پروگرام میں امریکی و برطانوی تعاون کا انکشاف ہوگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے ماہرین تعلیم کے درمیان ایک ایرانی یونیورسٹی کے ساتھ ڈرون پر تحقیق پر ہوئی تھی، جس میں براہ راست فوجی ایپلی کیشن شامل تھی۔ دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق اس تحقیق کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ ایرانی ساختہ ڈرون یوکرین اور مشرق وسطیٰ کے تنازعات میں کئی حملوں میں ملوث ہیں، ان کی ترقی کو تہران میں حکومت کی اولین ترجیح کے طور پر جانا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال شائع ہونے والی تحقیق انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرز کی جانب سے کی گئی جس میں وائرلیس نیٹ ورکس اور مواصلاتی مراکز میں ڈرون کے استعمال پر تحقیق کی گئی تھی۔ یہ مطالعہ یونیورسٹی آف ساؤتھمپٹن، سڈنی میں یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز، یونیورسٹی آف ہیوسٹن اور تہران میں شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے محققین نے مشترکہ طور پر لکھا ہے۔ شائع شدہ مطالعے میں شامل فنڈنگ ایجنسیوں میں برطانیہ، یورپی یونین اور آسٹریلیا میں حکومتی حمایت یافتہ ریسرچ کونسل شامل ہیں۔ واضح رہے کہ تہران کی شریف یونیورسٹی یورپی یونین اور برطانیہ کی طرف سے عائد کردہ مالی پابندیوں کی زد میں ہے اور امریکا نے ادارے میں کام کرنے والے ایک اعلیٰ عہدیدار پر پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ واشنگٹن انسٹیٹیوٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق دیگر معلومات سے پتا چلتا ہے کہ ایران نے جس رفتاری سے اپنا ڈرون پروگرام تیار کیا ہے اس کی ایک وجہ شریف یونیورسٹی کی طرف سے فراہم کردہ تحقیقی معاونت ہے۔ اسی ٹیکنالوجی کی جدت کے بعد ایران نی ساختہ ڈرون روس کو فراہم کئے، جنہوں نے یوکرین جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیوں کے درمیان اس تحقیق پر کام کرنا انتہائی خطرناک ہے۔
عالمی دفاعی اخراجات میں اضافہ، 22 کھرب ڈالر سے متجاوز
دنیا بھر میں دفاعی اخراجات میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے، جو 22 کھرب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ خونریز جنگوں، مہلک حملوں اور پُرتشدد واقعات کے تناظر میں عالمی دفاعی اخراجات بڑھ گئے ہیں۔ برطانوی فوجی تھنک ٹینک نے کہا کہ عالمی دفاعی اخراجات گزشتہ سال 9 فیصد اضافے کے ساتھ ریکارڈ 22 کھرب ڈالر رہے۔ رواں سال کے دوران غزہ میں اسرائیلی قتل عام، روس یوکرین جنگ اور ہند بحرالکاہلی خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ہتھیاروں کی خریداری میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ لندن میں قائم انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹرٹیجک اسٹڈیز کی نئی رپورٹ میں شمالی کوریا کی جوہری ہتھیار سازی میں سبقت، چین کی عالمی بالادستی کی کوششوں اور افریقی ممالک میں خانہ جنگی پر تشویش اور فوجی حکومتوں کے عروج کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹرٹیجک اسٹڈیز 65 سالوں سے دفاعی اخراجات سے متعلق سالانہ رپورٹ مرتب کررہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ فوجی سیکیورٹی کی صورتِ حال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ زیادہ خطرناک دہائی ہوسکتی ہے۔ کچھ فوجی طاقتیں اپنے دعوؤں کو ثابت کرنے کے لئے اپنی عسکری طاقت کو ڈھٹائی سے استعمال کرسکتی ہیں۔
بھارتی فضائیہ کا ایک اور طیاروں تباہ ہوگیا
بھارتی فضائیہ کے بیڑے کا ایک اور جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کے کالائی کنڈا ایئربیس پر فضائی مشق کے دوران طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ زمین پر گر کر تباہ ہونے سے قبل پائلٹ طیارے سے نکل کر جان بچانے میں کامیاب ہوگیا۔ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے، جب کہ حادثے کی وجوہ جاننے کے لئے کورٹ آف انکوائری تشکیل دی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے سے زمین پر بھی کوئی جانی یا شہری املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔
امریکا نے وینزویلا کو فروخت کردہ ایرانی طیارہ قبضے میں لے لیا
امریکا نے وینزویلا کو فروخت کردہ ایرانی طیارہ قبضے میں لے لیا۔ امریکا کا دعویٰ ہے کہ ایران نے وینزویلا کو جمبو جیٹ بیچ کر ان بنیادی پابندیوں کی خلاف ورزی کی، جو واشنگٹن نے اس پر عائد کی ہیں۔ تاہم ایران نے امریکا کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایران نے وینزویلا کی سرکاری ایئرلائن کو بوئنگ 747 کارگو طیارہ فروخت کیا تھا۔ امریکی محکمہ انصاف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ارجنٹائن نے 18 ماہ قبل جس طیارے کو اپنے پاس روک لیا تھا، اسے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

مطلقہ خبریں